دُبئی: عمر رسیدہ شخص کی بلاوجہ مار پیٹ پر دو برطانوی افراد کو قید کی سزا

خاتون اور مرد ملزمان نے ریسٹورنٹ میں اُونگھ رہے سویڈش باشندے کی ناک توڑ ڈالی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 19 ستمبر 2018 11:19

دُبئی: عمر رسیدہ شخص کی بلاوجہ مار پیٹ پر دو برطانوی افراد کو قید کی سزا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 ستمبر 2018ء) ایک برطانوی مرد اور خاتون کو دُبئی کی عدالت نے تین ماہ کے لیے جیل بھیج دیا۔ ملزمان پر الزام تھا کہ اُنہوں نے ایک ہوٹل میں 54 سالہ سویڈش ٹیکنیشن پر حملہ کر اُس کی ناک کی ہڈی توڑ ڈالی تھی اور اُسے تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا۔ ملزمان کو سزا کی مُدت پُوری ہونے کے بعد ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ یہ وقوعہ 27 مئی 2016ء کو رونما ہوا۔

متاثرہ شخص نے بتایا ’’میں DIFC کے علاقے کے ایک ریسٹورنٹ میں اپنی بیوی کے ساتھ کھانا کھانے گیا۔ ہم ہوٹل میں گئے تو وہ واش رُوم چلی گئی اور میں لابی میں بیٹھ کر اُس کاانتظار کرنے لگا۔ اچانک مجھ پر غنودگی طاری ہو گئی، تھوڑی دیر بعد مجھے لگا کہ جیسے کوئی مجھے تھپڑ مار رہا ہے، میں نے اپنی آنکھیں کھولیں تو مجھے برطانوی افراد کا ایک گروپ نظر آیا جو مجھے دیکھ کر قہقہے لگا رہا تھا۔

(جاری ہے)

پھر یہ گروپ باہر جانے لگا تو میں ان کے پیچھے پیچھے گیا۔ وہ آدمی جس نے مجھے تھپڑ مارے تھے، کچھ خواتین کے ساتھ کھڑا تھا۔ میں نے اُسے کہا کہ اُس کی اس حرکت پر پولیس کو اطلاع کرنے والا ہوں تو وہ شرمندہ ہونے کی بجائے مجھ سے بدتمیزی سے پیش آنے لگا اور پھر اچانک مجھ پر حملہ آور ہونے کے لیے آگے بڑھا تو میں نے اُسے پیچھے کو دھکیل دیا۔ اس دوران اُس کے ساتھ موجود دیگر خواتین مجھے تھپڑ جڑنے لگیں اور کچھ نے ناخنوں سے میرا چہرہ نوچ دِیا۔

جبکہ مرد ساتھی نے میرے ناک پر مُکّہ رسید کیا اور اسی دوران ایک خاتون نے میری عینک چھین لی۔ میں ان تابڑ توڑ حملوں کے باعث زمین پر گر پڑا۔ میں نے زمین پر لیٹے لیٹے ملزم مرد کی ٹانگ پکڑنے کی کوشش کی مگر اسی دوران اُن کا ایک ساتھی میرا گلہ دبانے لگا اور پھر کسی نے مجھے لات بھی رسید کی۔ اس کے بعد یہ سب لوگ ٹیکسی میں بیٹھ کر فرار ہو گئے۔ پولیس اہلکار نے عدالت کو بتایا کہ کلوز سرکٹ ٹی کیمروں کی مدد سے اس لڑائی کی ریکارڈنگ حاصل کی گئی ہے۔ ملزمان نے مُدعی کے ناک کی ہڈی توڑ ڈالی ہے۔ ملزمان کو فیصلے کے خلاف اپیل کا حق دیا گیا ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں