دُبئی میں مقیم ڈرائیورز کے لیے شاندار خبر سُنا دی گئی

ٹریفک جرمانے اب 12ماہ کی قسطوں میں بھی ادا کیا جا سکتے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 9 نومبر 2018 15:27

دُبئی میں مقیم ڈرائیورز کے لیے شاندار خبر سُنا دی گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 نومبر2018ء) کمرشل بینک آف دُبئی (CBD) کے کارڈ ہولڈرز اب اپنے ٹریفک جرمانے قسطوں کی صورت میں بھی ادا کر سکتے ہیں، لطف کی بات یہ ہے کہ ان قِسطوں پر کوئی بھی سُود عائد نہیں کیا جائے گا۔ دُبئی پولیس نے مذکورہ بینک کے ساتھ اس سلسلے میں ایک معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ اس سمجھوتے کی رُو سے CBD کے کارڈ ہولڈر اپنے ٹریفک جرمانے چھ ماہ، نو ماہ یا بارہ ماہ کی قسطوں کی صورت میں ادا کر سکتے ہیں، تاہم کوئی بھی قسط 500 درہم سے کم نہیں ہو گی۔

اس سمجھوتے پر دُبئی پولیس کے ڈائریکٹر جنرل آف فنانس بریگیڈیئر جنرل سیف بن عابد نے جبکہ CBD کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برنڈ وان لِنڈر نے دستخط کیے۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے اہلکار بھی موجود تھے۔ دُبئی پولیس کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کو سہولت دینا ہے کہ وہ خود پر عائد بھاری ٹریفک جرمانے اگر یکمشت ادا نہ کر سکتے ہوں تو قسطوں کی صورت میں آسانی سے ادا کر دیں۔

(جاری ہے)

بریگیڈیر جنرل بِن عابد نے بتایا کہ یہ اقدام دُبئی کے فرماں روا عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کے وِژن کے تحت اُٹھایا گیا ہے۔ جو دُبئی کو ایک سمارٹ سِٹی بنانے کے مِشن پر کاربند ہیں، تاکہ یہاں کے رہائشی ایک مطمئن اور خوشی سے بھرپور زندگی گزار سکیں۔ جبکہ وان لِنڈر نے اس موقع پر کہا کہ دُبئی کی حکومت نے یہاں کے عوام کو ہنسی خوشی زندگی بسر کرنے کے لیے بہت سی سہولیات فراہم کرنے کا بیڑا اُٹھا رکھا ہے، ہمیں خوشی ہے کہ ہم دُبئی پولیس کے شریک بن کر اس فلاحی مقصد میں اپنا بھرپور حصّہ کردار ادا کر رہے ہیں۔

ہمارے بینک کی جانب سے کارڈ ہولڈرز کو اُدھار رقم کی سہولت دی جا رہی ہے تاکہ وہ خود پر عائد ٹریفک کے بھاری جرمانوں کے باعث پریشانی میں مبتلا نہ ہوں اور تھوڑی تھوڑی رقم قِسطوں کی صورت میں جمع کروا کر جرمانوں سے نجات حاصل کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں