دُبئی: مساج کرانے کا شوقین سیاح رقم سے محروم ہو گیا

فلیٹ میں موجود پانچ خواتین نے متاثرہ شخص سے رقم لُوٹ لی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 12 نومبر 2018 11:25

دُبئی: مساج کرانے کا شوقین سیاح رقم سے محروم ہو گیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 نومبر2018ء) پولیس نے چار خواتین کو دُبئی کی سیر کو آئے غیر مُلکی کو اپنے فلیٹ میں بند کر کے اُس سے ساڑھے چار ہزار درہم لُوٹنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ استغاثہ کے مطابق چار نائجیرین خواتین جن کی عمریں 28 سے 33برس کے درمیان ہیں، اُنہوں نے ایک اُزبک باشندے کو اپنے وزٹنگ کارڈ کے ذریعے فلیٹ میں مساج کے لیے آنے کی ترغیب دی۔

یہ واقعہ 6 جُون 2018ء کو پیش آیا۔ استغاثہ کی جانب سے چاروں ملزماؤں پر متاثرہ شخص کو ڈرانے دھمکانے اور اُس کی برہنہ حالت میں تصویریں بنانے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔ متاثرہ شخص نے اس واقعے کی اطلاع الرفع پولیس اسٹیشن میں درج کروائی تھی۔ 24 سالہ اُزبک باشندے نے بتایا کہ وہ دُبئی سیاحتی ویزے پر آیا تھا۔

(جاری ہے)

اُسے کسی نامعلوم شخص نے مساج کارڈ دِیا جس پررا بطے کے لیے واٹس ایپ نمبر بھی درج تھا۔

میں نے رابطہ کر کے مساج کا معاوضہ طے کیا۔ اور پھر اُس مقام پر چلا گیا جہاں فلیٹ واقع تھا۔ میں جونہی فلیٹ میں داخل ہوا، تو پانچ افریقی خواتین نے مجھ پر دھاوا بول دیا۔ انہوں نے دروازہ بند کر دیا اور پھرزبردستی میرے ہاتھ پاؤں باندھ دیئے۔ اس کے بعد انہوں نے مجھے میرے کپڑوں سے محروم کیا اور اس نازیبا حالت میں میری ویڈیو بنانے لگیں۔ میرے بندھے ہونے کا فائدہ اُٹھا کر انہوں نے میرے کپڑوں میں موجود ساڑھے چار ہزار درہم کی رقم بھی نکال لی۔

اس کے بعد انہوں نے میرے ہاتھ پاؤں کھولتے ہوئے کہا کہ میں یہاں سے چلا جاؤں اور اگر پولیس کو اس بارے میں کوئی اطلاع دی تو اس کا انجام اچھا نہیں ہو گا۔ اس کے بعد یہ خواتین اس فلیٹ سے فرار ہو گئیں۔بلڈنگ کے پاکستانی سیکیورٹی گارڈ نے عدالت کو بتایا کہ اُس نے رات 11بجے کے قریب تین افریقی خواتین کو بلڈنگ سے بھاگتے ہوئے دیکھا تھا۔ جبکہ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ ایک افریقی خاتون اس سے پہلے بھی اس طرح کی ایک نوسربازی میں ملوث پائی گئی تھی۔

پولیس نے شواہد کی مدد سے ان مفرور خواتین کو21 جُون 2018ء کو ایک دُوسرے فلیٹ سے گرفتار کر لیا۔ سب سے بڑی پریشانی یہ تھی کہ اس بلڈنگ میں سرویلنس کیمرے نصب نہیں تھے۔ تاہم مُدعی نے ان خواتین کو تھانے میں شناخت کر لیا۔ مقدمے کا فیصلہ اگلی سماعت پر 20نومبر 2018ء کو سُنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں