دُبئی:ٹریفک ضوابط کی خلاف ورزی پر راہگیروں کو 400 درہم کا جرمانہ ہو گا

ابو ظہبی میں پچاس ہزار سے زائد افراد کو غلط مقام سے سڑک پار کرنے پر جرمانہ کیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 14 نومبر 2018 11:22

دُبئی:ٹریفک ضوابط کی خلاف ورزی پر راہگیروں کو 400 درہم کا جرمانہ ہو گا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 نومبر2018) دُبئی پولیس نے امارات بھر میں مقیم افراد کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ سڑک عبور کرنے کے لیے مخصوص مقام کی بجائے کسی اور جگہ سے سڑک پار کرتے ہوئے پائے گئے تو اُنہیں چار سو اماراتی درہم کا جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔ پولیس کی جانب سے جاری کی گئی وارننگ عوام سے کہا گیا ہے کہ عوام کو مخصوص مقامات کے علاوہ کسی اور مقام سے سڑک ہرگز عبور نہیں کرنی چاہیے کیونکہ ایسا کرنا اُن کی زندگی کے لیے بہت خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، جبکہ اس خلاف ورزی پر قانون بھی حرکت میں آتا ہے اور چار سو درہم بطور جرمانہ بھرنا پڑتا ہے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ سال کے دوران صرف ابو ظہبی میں ہی 50,695 افراد کو اس ضابطے کی خلاف ورزی پر جرمانے کے ٹکٹ تھمائے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹریفک ضابطے کے مطابق راہگیر صرف مخصوص مقامات سے ہی سڑک پار کرنے کے پابند ہیں جو افراد ایسا نہیں کرتے، وہ جرمانے سے نہیں بچ سکتے۔ جبکہ اتنا ہی جرمانہ اُن لوگوں پر بھی عائد ہوتا ہے جو کسی مخصوص مقام سے سڑک پار تو کرتے ہیں مگر ٹریفک لائٹس کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔

لاکھوں راہگیر سڑک پار کرتے وقت ٹریفک ضابطے کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ جس کے باعث اُن کی ہلاکت بھی ہو جاتی ہے۔ 2016ء میں 63 افراد سڑک عبور کرتے ہوئے گاڑیوں کی ٹکر کے باعث زندگی سے محروم ہو گئے تھے۔ تاہم 2017ء میں اس نوعیت کے واقعات میں 21 فیصد کمی دیکھنے کو آئی ہے۔ دُبئی پولیس کے مطابق اس حوالے سے ایک مہم بھی شروع کی گئی ہے ، جس میں راہگیروں اور ڈرائیوروں دونوں کو آگاہی دلائی گئی ہے۔ ڈرائیور حضرات سے کہا گیا ہے کہ اگر وہ کسی شخص کو سڑک پار کرتا دیکھیں تو گاڑی کی رفتار ہلکی کر دیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ جبکہ راہگیروں کو سمجھایا گیا ہے کہ وہ صرف مخصوص مقامات سے ہی سڑک عبور کریں تاکہ اُن کی زندگی کو خطرات لاحق نہ ہوں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں