راس الخیمہ:تین سالہ بچہ گھر کے سوئمنگ پول میں ڈُوب کر جاں بحق

امارات میں ہر سال اس نوعیت کے درجنوں واقعات پیش آتے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 18 دسمبر 2018 17:40

راس الخیمہ:تین سالہ بچہ گھر کے سوئمنگ پول میں ڈُوب کر جاں بحق
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر2018ء ) راس الخیمہ کے رہائشی علاقے مِنیٰ العرب کمپلیکس میں ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں تین سالہ اماراتی بچہ گھر میں بنے سوئمنگ پول میں ڈُوب کر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطا بق ایک بچے کے سوئمنگ پول میں بے حِس و حرکت پائے جانے کی اطلاع ملتے ہی ایک ایمبولینس فوری طور پر روانہ کر دی گئی، جس نے بچے کو قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا۔

تاہم بچہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی زندگی کا ساتھ چھوڑ گیا۔ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا، بچے اپنے گھر والوں کے ساتھ تھا۔ پولیس کے مطابق گھر کے سوئمنگ پول میں چار بچے کھیل رہے تھے جن کی عمریں بالترتیب تین سال، چھ سال، آٹھ سال اور دس سال بتائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

اچانک بچہ پانی میں ڈُوب گیا، اس کے ڈُوبنے کا باقی بچوں کو تھوڑی دیر بعد پتا چلا، جنہوں نے چیخ و پُکار کر کے والد کو بُلایا ۔

والد نے دیکھا کہ بچہ پانی میں ڈُوب کر بے حِس و حرکت پڑا ہے۔ متاثرہ خاندان ابو ظہبی میں مقیم ہے جو راس الخیمہ اپنے عزیزوں سے مِلنے گیا تھا۔ اس کمپلیکس کے ہر وِلا میں ایک سوئمنگ پول بھی موجود ہے۔ بدنصیب بچے کی لاش سوگوار خاندان کے سپرد کر دی گئی جسے بنی یاس کے قبرستان میں سپُردِ خاک کر دیا گیا۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سوئمنگ پول میں بچوں کو نہلاتے وقت اُن پر ہر وقت نگاہ رکھیں۔ بچوں کو صرف مخصوص سوئمنگ پول میں ہی نہلانا چاہیے۔ جبکہ تمام ہوٹلز اور ریزارٹس کو بھی چاہیے کہ وہ بچوں کے لیے محفوظ سوئمنگ ایریا مخصوص کریں۔

متعلقہ عنوان :

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں