شارجہ:بزنس پارٹنر کو دھمکیاں دینے والے بھارتی شہری عدالت میں بھیگی بِلی بن گئے

بھارتی شہری نے اپنے پارٹنر کو دو کروڑ اماراتی درہم کا چُونا لگانے کی کوشش کی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 16 جولائی 2018 16:33

شارجہ:بزنس پارٹنر کو دھمکیاں دینے والے بھارتی شہری عدالت میں بھیگی بِلی بن گئے
شارجہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جُولائی 2018) شارجہ پولیس نے ایک بزنس مین کو قتل کی دھمکیاں دینے والے بھارتی شہری اور اُس کے معاون کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بزنس مین نے بھارتی شہری کے ساتھ کاروبار میں شراکت کی تھی۔ کچھ عرصے بعد اُسے پتا چلا کہ اُس کا پارٹنر دو کروڑ اماراتی درہم کی مالی بے ضابطگی کا مرتکب ہوا ہے۔ جس پر اُس نے ملزم کو اس مسئلے پر بات چیت کے لیے بُلایا تو ملزم اپنے ایک اور بھارتی ساتھی کو بھی لے آیا۔

بزنس مین نے ملاقات کے دوران اپنے بھارتی شراکت دار کو بتایا کہ کاروبار میں دھوکا دہی پر وہ اُس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے جا رہا ہے۔ اس پر ملزم اور اس کا ساتھی بھڑک اُٹھے اور بزنس مین کو گالیوں سے نوازنے لگے۔ اسی دوران ملزم کے ساتھی نے خود کو ایک مشہور اسلحہ ڈیلر ظاہر کرتے ہوئے دھمکی دی کہ وہ بزنس مین اور اُس کے بیٹے کو دُنیا کے کسی بھی مُلک میں جان سے مارنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

اس کا اثر و رسوخ ہر جگہ ہے۔ اس بدسلوکی اور دھمکی آمیز لہجے پر خود کو غیر محفوظ کرتے ہوئے بزنس مین نے پولیس میں رپورٹ درج کروا دی جس پر پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ بزنس مین کو دھمکیاں دینے والوں نے خود کو عدالت میں معصوم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قطعاً ایسا نہیں کیا۔ جبکہ مُدعی بزنس مین نے عدالت کو بتایا کہ رواں ماہ دونوں ملزمان میرے دفتر دوپہر کے وقت آئے۔

میٹنگ کے دوران میرے کاروباری پارٹنر کے ساتھ تشریف لائے ساتھی نے مجھے دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بھارت میں ایک اسلحہ ساز فیکٹری کا مالک ہے اور اپنے بے پناہ اثر و رسوخ کے باعث مجھے اور میرے بیٹے کو دُنیا بھر میں کہیں بھی قتل کروا سکتا ہے۔دونوں ملزمان نے مجھے اور میرے گھر والوں کو گالیاں بھی دیں۔ جس پر میں نے خود کو غیر محفوظ خیال کرتے ہوئے پولیس میں رپورٹ درج کروا دی۔ مقدمے کا فیصلہ 29 جولائی کو سُنائے جانے کا امکان ہے۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں