شارجہ:ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی کرنے والوں کی اب خیر نہیں

بڑی تعداد میں جرمانوں کے علاوہ گاڑیوں کی ضبطی بھی کی جا رہی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 19 جولائی 2018 17:33

شارجہ:ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی کرنے والوں کی اب خیر نہیں
شارجہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جُولائی 2018) شارجہ پولیس کی جانب سے ٹریفک سگنلز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔ جس کے بعد رواں سال کے دوران سُرخ بتی کی خلاف ورزی کرنے والوں کی تعداد میں پچھلے سال کی نسبت ایک تہائی کمی نوٹ کی گئی ہے۔ سال 2018ء کی پہلی ششماہی کے دوران ٹریفک سگنل کی کُل 3,676 خلاف ورزیاں نوٹ کی گئیں جبکہ سال2107ء کے آخری چھ مہینوں کے دوران اس نوعیت کی خلاف ورزیوں کی تعداد 5,437 ریکارڈ کی گئی تھی۔

اس لحاظ سے رواں سال ٹریفک سگنل کی خلاف ورزیوں میں 32.4 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی۔ٹریفک اینڈ پٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر‘ لیفٹیننٹ کرنل محمد علائی النقبی کے مطابق سُرخ بتی کی خلاف ورزی انتہائی سنگین نوعیت کی ٹریفک خلاف ورزی ہے جس کا نتیجہ اموات اور حادثات کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

زیادہ تر ڈرائیور حضرات تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہے ہوتے ہیں جب وہ اشارے پر پہنچتے ہیں تو یہ دیکھ کر کہ سُرخ بتی جلنے کے قریب ہے‘ تیزی سے گاڑی چلانے کی کوشش کرتے ہیں۔

مگر اس دوران اشارہ سُرخ ہو جانے پر دُوسری سمت سے ٹریفک چل پڑتی ہے اور اس کا نتیجہ اکثر حادثے کی صورت میں نکلتا ہے۔ پولیس کی جانب سے متعدد بار وارننگ جاری کی جا چکی ہے مگر ابھی بھی بیشتر افراد سُرخ بتی کی پرواہ نہیں کرتے۔ جبکہ قانون کے مطابق سُرخ بتی کی خلاف ورزی کرنے والے کو ایک ہزار اماراتی درہم کا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے‘ ڈرائیونگ لائسنس پر بارہ بلیک پوائنٹس کا اندراج بھی ہوتا ہے‘ اس کے علاوہ تیس دِن کے لیے گاڑی بھی ضبط بھی کر لی جاتی ہے۔ کرنل النقبی نے ڈرائیورز حضرات کو تاکید کی وہ اپنے رویئے میں سُدھار لائیں اور ٹریفک سگنل کی پابندی کر کے اپنی اور دوسروں کی جانوں کو محفوظ رکھیں۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں