شارجہ: کروڑوں روپے کی دوائیاں چُرانے والوں کو قید ہو گئی

چار ملزمان نے شارجہ انڈسٹریل ایریا کے ایک گودام سے قیمتی دوائیاں چُرائی تھیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 15 دسمبر 2018 11:16

شارجہ: کروڑوں روپے کی دوائیاں چُرانے والوں کو قید ہو گئی
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15دسمبر2018ء ) شارجہ کی کریمنل کورٹ نے چار افراد کو 42 لاکھ درہم کی قیمتی دوائیاں چُرانے کے جُرم میں قید کی سزا سُنا دی ہے۔ ملزمان نے شارجہ انڈسٹریل ایریا کے علاقے میں واقع ایک گودام سے لاکھوں درہم مالیت کی دوائیاں چُرائی تھیں۔ چُرائی گئی زیادہ تر ادویات کینسر کے کے علاج سے متعلق تھیں۔ عدالت کی جانب سے گرفتار کیے گئے ایک ملزم کو تین سال قید کی سزا سُنائی گئی ہے جبکہ تین دیگر مفرور ملزمان کو اُن کی غیر حاضری میں پانچ پانچ سال قید کی سزا سُنائی ہے۔

جبکہ سات دیگر ملزمان کو یہ چوری شُدہ دوائیاں خریدنے اور پھر فروخت کرنے کے الزام سے بری کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق شارجہ انڈسٹریل ایریا میں واقع ایک ڈرگ سٹور کے ملازم کی جانب سے کال آئی کہ اُن کے گودام سے بڑے پیمانے پر دوائیاں چوری کر لی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس نے تفتیش جاری رکھی تو پتا چلا کہ یہ چُرائی گئی ادویات مختلف کمپنیوں نے بِلوں کے ریکارڈ کے بغیر خرید لی تھیں۔

جس پر پولیس نے ایک عرب باشندے کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر کئی افراد کو بھی اس مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔ جبکہ تین اہم ملزمان کے مفرور ہو جانے کے باعث ان کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔ ویئر ہاؤس کے مینجر کوسالانہ آڈٹ کے موقع پر لاکھوں درہم کی ادویات کی غیر موجودگی کا پتا چلا۔ جس کے بعد سی سی ٹی وی کیمروں کا جائزہ لیا گیا تو یہ بات سامنے آئی کہ کمپنی میں ڈرائیور کے عہدے پر تعینات ایک عرب باشندہ گودام میں رکھے ریفریجریٹر سے کئی بار قیمتی ادویات چوری کر چُکا تھا۔ ملزم نے گرفتار کیے جانے پر دیگر ملزمان کی بھی نشاندہی کی۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں