شارجہ:مرحوم شیخ زاید بن النہیان کا ہم شکل سامنے آ گیا

مملکت کے بانی سے مماثلت رکھنے والا حضہ سعید عبداللہ شارجہ کا رہائشی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 17 دسمبر 2018 13:22

شارجہ:مرحوم شیخ زاید بن النہیان کا ہم شکل سامنے آ گیا
شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17دسمبر2018ء ) اگر آپ کی حضّہ سعید سے سر راہِ یا کسی ثقافتی تقریب میں اچانک ملاقات ہو جائے تو آپ ایک لمحے کے لیے شک میں مبتلا ہو جائیں گے کہ یہ شخص یقیناًمتحدہ عرب امارات کے بانی اور اولین فرمانروا مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان ہی ہے۔ ہو سکتا ہے کہ آپ یہ بھی سوچنے لگ جائیں کہ اگر یہ شیخ زاید نہیں تو یقیناًاُن کا کوئی انتہائی قریبی رشتہ دار ہو گا ، جس کی اُن سے اتنی زیادہ شکل ملتی ہے۔

مگر یہ بات بھی حقیقت نہیں ہے۔ 34 سالہ حضّہ سعید عباللہ الکتیبی اماراتی ریاست شارجہ کا باسی ہے، جو مرحوم فرمانروا شیخ زاید سے اپنی حیرت انگیز مماثلت کی بناء پر سوشل میڈیا کا سٹار بن گیا ہے۔ یہاں تک کہ شیخ زاید کے بیٹے اور موجودہ اماراتی فرمانروا شیخ محمد بن زاید نے بھی تجسس کی خاطر اپنے مرحوم باپ سے مشابہ اس اماراتی نوجوان سے ملنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

(جاری ہے)

دونوں کے درمیان ملاقات اگلے چند روز میں ہو گی۔ الکتیبی کا کہنا ہے کہ میرے لیے یہ بہت اعزاز کی بات ہے کہ میری شکل اماراتی مملکت کے بانی اور بابائے قوم شیخ زاید سے بہت زیادہ ملتی ہے، وہ اگرچہ اس دُنیا میں نہیں رہے تاہم ہمارے دِلوں اور رُوحوں میں وہ ہمیشہ جیتے جاگتے رہیں گے۔ الکتیبی دو پیاری سی بیٹیوں 6 سالہ رودا اور 4 سالہ لطیفہ کا والد ہے۔

اُس کا کہنا ہے کہ پہلی بار مجھے دس سال قبل اس مشابہت کا احساس دلایا گیا۔ جب میں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی تصویر پوسٹ کی تو مجھے لوگوں کی جانب سے ہزاروں کمنٹس اور لائکس موصول ہوئے۔ اس کے علاوہ ایک ثقافتی تقریب کے دوران بھی ہر کسی نے میری شیخ زاید سے مشابہت کا ذکر کیا۔ کچھ لوگ تو مجھے شیخ زاید کا پوتا خیال کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ گوگل پر ’شیخ زاید کا بیٹا ‘ لکھ کر سرچ کرنے پر میری تصویریں سامنے آ جائیں گی۔

الکتیبی شارجہ کے فرمانروا عزت مآب شیخ سلطان بن محمد القاسمی کے شاہی محافظ کی ذمہ داری نبھاتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ الکتیبی نے اپنی اس وائرل ہونے والی مقبولیت کے باوجود اس سے پیسہ بنانے کا کبھی نہیں سوچا۔ الکتیبی فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصّہ لیتا ہے۔ الکتیبی کی شہرت امارات کی سرحدیں پھُلانگ کر دُنیا بھر میں بھی پھیل چُکی ہے۔ ہالی وڈ کی ایک فلم ساز کمپنی نے اُس سے مرحوم شیخ زاید پر بنائی جانے والی مختصر دورانیے کی دستاویزی فلم میں کام کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں