شارجہ: خاتون سے موبائل نمبر مانگنا مہنگا پڑ گیا

خاتون ، عرب نوجوان کے خلاف عدالت پہنچ گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 18 دسمبر 2018 16:48

شارجہ: خاتون سے موبائل نمبر مانگنا مہنگا پڑ گیا
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر2018ء ) ایک عرب خاتون نے دوستی کے خواہش مند نوجوان کے خلاف جنسی ہراسگی کا پرچہ کٹوا دیا۔ خاتون نے ایف آئی ار میں الزام لگایا کہ ملزم نے لفٹ میں اُس سے موبائل نمبر مانگا اور اس دوران اُس کے کندھے کو بھی چھُوا۔ شارجہ کی اخلاقی معاملات کی عدالت میں زیر سماعت اس مقدمے کے دوران عرب خاتون نے الزام لگایا کہ نوجوان نے اُس کی رہائشی بلڈنگ کی لفٹ میں اُس سے بے تکلف ہونے کی کوشش کی اور اس دوران اُس کا فون نمبر بھی مانگ لیا۔

خاتون کے مطابق 20 اکتوبر 2018ء کو رات نو بجے وہ اپنے اپارٹمنٹ میں جانے کے لیے لفٹ میں سوار ہوئی تو لفٹ میں پہلے سے موجود نوجوان کے علاوہ اور کوئی تیسرا شخص موجود نہ تھا۔ نوجوان نے اچانک اُس سے اُس کے موبائل نمبر کی فرمائش کر ڈالی۔

(جاری ہے)

تاہم خاتون کے چُپ رہنے پر نوجوان نے پھر سے اپنا سوال دُہرایا جس پر خاتون نے اُسے بتایا کہ وہ شادی شُدہ ہے۔

خاتون کے مطابق وہ اس نوجوان کی حد درجہ بے تکلفی سے خوف زدہ ہو گئی۔ جب وہ لفٹ سے باہر آ رہی تھی تو نوجوان نے اچانک جان بُوجھ کر اُس کے کندھے پر ہاتھ رکھ دیا۔ نوجوان ملزم نے اپنی صفائی میں کہا کہ وہ خاتون کے ساتھ لفٹ میں سوار ہوا تھا، تاہم اُس نے خاتون سے صرف ایک بار نمبر مانگا تھا ۔ جب خاتون نے اُسے بتایا کہ وہ شادی شُدہ ہے تو اُس نے دوبارہ موبائل نمبر کی فرمائش نہیں کی۔

نوجوان نے اس بات سے بھی انکار کیا کہ اُس نے لفٹ سے باہر جاتی خاتون کے کندھے کو چھُوا تھا۔ سماعت مکمل ہونے کے بعد خاتون نے کہا کہ وہ ملزم کے خلاف مقدمے کو مزید جاری نہیں رکھنا چاہتی۔ اس پر ملزم کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ اُس کا مؤکل بے گناہ ہے لہٰذا اُسے اس مقدمے سے بری کر دیا جائے۔ عدالت کی طرف سے مقدمے کی اگلی سماعت 9 جنوری 2018ء تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں