اُم القوین میں ٹرانسپورٹ ٹرکوں کے باعث ٹریفک حادثات میں اضافہ

2018ء کے دس ماہ کے دوران 7 افراد ہلاک اور 69 زخمی ہو چکے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 15 دسمبر 2018 13:18

اُم القوین میں ٹرانسپورٹ ٹرکوں کے باعث ٹریفک حادثات میں اضافہ
اُم القوین (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15دسمبر2018ء ) اُم القوین پولیس کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ 2018ء کے ابتدائی دس ماہ کے دوران ٹرکوں کے باعث رُونما ہونے والے حادثات میں 7 افراد زندگی سے محروم ہو گئے جبکہ 68 افراد زخمی ہوئے۔ ٹریفک اینڈ پٹرولز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کرنل سعید عبید بن اران نے کہا کہ اُم القوین کی شاہراہوں پر ٹرکوں کی بھرمار کی باعث عوام کی زندگیوں کو بھی خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

اکثر ٹرک ڈرائیور حضرات اپنے سے آگے جاتی گاڑیوں سے محفوظ فاصلہ رکھنے کے عادی نہیں، اس کے علاوہ بے دھیانی سے ٹرک چلانے کے باعث بھی درجنوں حادثات رُونما ہو چکے ہیں۔ اس نوعیت کے حادثات کی روک تھام کے لیے اُم القوین پولیس کی جانب سے احتیاطی اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شاہراہوں پر ٹریفک کنٹرول کرنے کی غرض سے پٹرولز کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

خراب ڈرائیونگ کے مُرتکب ٹرک ڈرائیوروں کی پکڑ کے لیے فِکسڈ اور موبائل کیمروں کی مدد لی جا رہی ہے۔ وفاقی شاہراہوں پر داخلے اور اخراج کے مقامات پر بھی نئے سرے سے پلاننگ کی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے کئی مقامات پر زرد رنگوں سے پینٹ کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ٹرک ڈرائیورز کو زرد لائنز والی لَین میں آنے سے روکنا ہے، جو کہ ہلکی ٹریفک کے لیے مخصوص ہے ، تاکہ چھوٹی گاڑی والوں کو ٹرکوں کے باعث ٹریفک کی روانی میں رُکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے اور نہ ہی ان ٹرکوں سے تصادم کی کوئی صورت حال پیدا ہو۔

کرنل بن اران نے ٹرک ڈرائیورز کو تاکید کی ہے کہ وہ دورانِ ڈرائیونگ محتاط رہیں اور اپنی تمام تر توجہ ڈرائیونگ پر ہی رکھیں۔ حدِ رفتار سے تجاوز نہ کریں اور آگے جاتی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں تاکہ حادثات میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔کسی ٹریفک خلاف ورزی کی صورت میں ٹرک ڈرائیورز کو ایک ہزار درہم جرمانے اور چار بلیک پوائنٹس کی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ام القیوین میں شائع ہونے والی مزید خبریں