نواز شریف نے پیرول کے کاغذات پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا، شہباز شریف

شہباز شریف کی ایون فیلڈ میں حسین نواز اور حسن نواز سے ملاقات، کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعرات 13 ستمبر 2018 09:21

نواز شریف نے پیرول کے کاغذات پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا، شہباز شریف
لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13ستمبر۔2018ء) شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے پیرول کے کاغذات پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا، پھر میں نے دستخط کئے، مرحومہ کلثوم نواز کی نمازجنازہ کے بعد میت لے کر پاکستان روانہ ہوں گے۔لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا اللہ نواز شریف اور ان کے بچوں کو صبر جمیل دے، اہلیہ کی وفات پر نواز شریف بہت دکھی ہیں، وہ اس صدمے سے انتہائی دکھ میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم سے درخواست ہے کلثوم نواز کی مغفرت کیلئے دعا کرے۔صدر مسلم لیگ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے 109 سے زائد پیشیاں بھگتیں، ثبوت کوئی نہیں ملا، نواز شریف اور مریم نواز کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا ازالہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کلثوم نواز نے حالات کا بڑی دلیری سے مقابلہ کیا، جب ہم جیل میں تھے انہوں نے پختہ ارادے سے پارٹی کیلئے کام کیا۔

(جاری ہے)

شہباز شریف گزشتہ رات لندن پہنچے تھے، ایون فیلڈ پہنچنے پر نواز شریف کے بیٹے حسین نواز چچا کو دیکھ کر فرط جذبات میں گلے لگ کر رو پڑے۔شہباز شریف نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹ میں بھتیجوں سے تعزیت کی۔اس سے پہلے حسین نواز نے والدہ کا جنازہ پاکستان بھیجنے کےانتظامات کیے، اس سلسلے میں ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے اجرا سمیت ضابطے کی تمام کارروائیاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی نمازجنازہ آج لندن کے ریجنٹ پارک اسلامک سنٹر میں پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر سوا چار بجے ادا کی جائے گی، نماز جنازہ میں صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف، حسین نواز، حسن نواز، اسحاق ڈار، لیگی کارکن اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی شرکت کریں گے۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد کلثوم نواز کی میت کو ہیتھرو ائیرپورٹ لے جایا جائے گا، جہاں رات دس بجے پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے پاکستان روانہ کیا جائے گا، میت جمعہ کی صبح چھ بجے لاہور ایئرپورٹ پہنچے گی، شہباز شریف میت کے ساتھ لاہور آئیں گے۔

لندن میں شائع ہونے والی مزید خبریں