پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی، مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر سلامتی کونسل کا اجلاس طلب

پاکستان کی درخواست پر اجلاس بند کمرے میں ہوگا،دوست اسلامی ملک انڈونیشیا کی جانب سے اجلاس کی صدارت کی جائے گی

muhammad ali محمد علی بدھ 5 اگست 2020 20:52

پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی، مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر سلامتی کونسل کا اجلاس طلب
نیویارک (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 اگست 2020ء) پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی، مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر سلامتی کونسل کا اجلاس طلب، پاکستان کی درخواست پر اجلاس بند کمرے میں ہوگا، دوست اسلامی ملک انڈونیشیا کی جانب سے اجلاس کی صدارت کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر پاکستان نے بروقت اور بڑی سفارتی کامیابی حاصل کی ہے۔

پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس فوری طلب کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اجلاس نیویارک میں بند کمرے میں ہوگا۔

(جاری ہے)

اجلاس کی صدارت پاکستان کا دوست اسلامی ملک انڈونیشیا کرے گا۔ اجلاس کے دوران مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر غور و فکر کیا جائے گا۔ اس حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سلامتی کونسل کے صدر کارتنومار سودی سے رابطہ بھی کیا ہے۔

رابطے کے دوران وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کی جا رہی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بحث کرے گی اور خطے کی حالات کی بہتری کیلئے اپنا کردار بھی ادا کرے گی۔ بھارت کا غیر قانونی اقدام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان کو توقع ہے کہ خطے میں امن کے قیام کیلئے سلامتی کونسل اپنا فعال کردار ادا کرے گی۔

نیو یارک میں شائع ہونے والی مزید خبریں