پہلی بار نیویارک کے مشہور ترین مقام ٹائمز اسکوائر پر نمازِ تراویح کی ادائیگی

نمازیوں کی بڑی تعداد کی شرکت، باجماعت نماز تراویح ادا کی گئی، نیویارک شہر کے قلب میں واقع اس علامتی مقام پر نماز تراویح کی ادائیگی سے اسلام کے پرامن دین ہونے کا پیغام دیا گیا

muhammad ali محمد علی منگل 5 اپریل 2022 00:17

پہلی بار نیویارک کے مشہور ترین مقام ٹائمز اسکوائر پر نمازِ تراویح کی ادائیگی
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اپریل2022ء) پہلی بار نیویارک کے مشہور ترین مقام ٹائمز اسکوائر پر نمازِ تراویح کی ادائیگی، نمازیوں کی بڑی تعداد کی شرکت، باجماعت نماز تراویح ادا کی گئی، نیویارک شہر کے قلب میں واقع اس علامتی مقام پر نماز تراویح کی ادائیگی سے اسلام کے پرامن دین ہونے کا پیغام دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کروڑوں مسلمانوں کا انتظار ختم ہو چکا، دنیا بھر میں رمضان المبارک کا آغاز ہو چکا۔

دنیا کے دیگر ممالک کی طرح امریکا میں مقیم مسلمان بھی بھرپور مذہبی جوش و جذبے سے ماہ مبارک کا استقبال کر چکے۔ رواں سال ماہ مبارک کے آغاز پر دنیا کو اسلام کا پرامن چہرہ دکھانے کیلئے امریکا کے شہر نیو یارک میں خصوصی قدم اٹھایا گیا۔


ماہ مبارک کے آغاز پر امریکا کے سب سے بڑے شہر نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر نمازِ تراویح کا اہتمام کیا گیا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب ٹائمز اسکوائر کے مقام پر نماز تراویح ادا کی گئی، سینکڑوں مسلمانوں نے نماز تراویح ادا کی۔ نیویارک ٹائمز اسکوائر پر نمازِ تراویح کا اہتمام کروانے والے منتظمین نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ امریکہ میں رہنے والے مسلمان نیویارک شہر کے قلب میں واقع اس علامتی مقام پر رمضان اس لیے منانا چاہتے ہیں تاکہ دوسروں کو یہ دِکھا سکیں کہ اسلام ایک پرامن مذہب ہے۔

اسلام کے بارے میں بہت بڑی غلط فہمی پائی جاتی ہے، ہم اپنے مذہب کی وضاحت ان تمام لوگوں کو کرنا چاہتے ہیں جو نہیں جانتے کہ اسلام امن کا مذہب ہے۔ یہاں واضح رہے کہ اس سے قبل ترکی میں بھی تاریخی آیا صوفیہ مسجد میں 88 برس بعد نماز تراویح ادا کی گئی۔ آیا صوفیہ کو 1934 میں ایک میوزیم میں تبدیل کردیا گیا تھا جس کے بعد 2020 میں اسے ترک صدر طیب اردگان نے دوبارہ مسجد کی حیثیت دینے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم کرونا وبا کے باعث گزشتہ دو سالوں کے دوران آیا صوفیہ میں نماز تراویح کا اہتمام نہ کیا جا سکا تھا۔ ترکی میں رمضان کا چاند نظر آنے کے بعد آیا صوفیہ میں نماز تراویح کا اہتمام کیا گیا، یہاں رمضان المبارک کے لیے متعدد تقاریب بھی منعقد کی جائیں گی۔ ہزاروں نمازیوں نے آیا صوفیہ میں نماز تراویح ادا کی۔ یاد رہے کہ24جولائی 2020میں اس مسجد کو عبادت کے لیے کھول دیا گیا تھا جس کے بعد ترکی میں عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث اس مسجد کو عالمی وبا کے پھیلائو کے خطرے کے پیشِ نظر استعمال نہیں کیا گیا تھا۔

تاہم اب ویکسینیشن اور کوویڈ کے کیسز میں بتدریج کمی کو دیکھتے ہوئے ترک حکام نے مسلمانوں کے لیے سال کے مقدس ترین مہینے رمضان المبارک کے لیے مسجد کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا۔

نیو یارک میں شائع ہونے والی مزید خبریں