Open Menu

Qarun Ka Injaam - Article No. 910

Qarun Ka Injaam

عجائب القرآن - تحریر نمبر 910

قارون کا انجام۔۔۔۔۔۔ قارون حضرت موسیٰ علیہ السلام کے چچا ” یصہر“ کا بیٹا تھا۔ بہت ہی شکیل اور خوبصورت آدمی تھا۔ اسی لئے لوگ اس کے حسن و جمال سے متاثر ہو کر اس کو ”منور“ کہا کرتے تھے

پیر 23 فروری 2015

شیخ الحدیث عبدالمصطفیٰ:
قارون حضرت موسیٰ علیہ السلام کے چچا ” یصہر“ کا بیٹا تھا۔ بہت ہی شکیل اور خوبصورت آدمی تھا۔ اسی لئے لوگ اس کے حسن و جمال سے متاثر ہو کر اس کو ”منور“ کہا کرتے تھے اس کے ساتھ ساتھ اس میں یہ کمال بھی تھا کہ وہ بنی اسرائیل میں ”توراة“ کا بہت بڑا عالم اور بہت ہی ملنسار وبا اخلاق انسان تھا۔
اور لوگ اس کا بہت ہی ادب و احترام کرتے تھے۔
لیکن بے شمار دولت ان کے ہاتھ آتے ہی اسی کے حالات میں ایک دم تغیر پیدا ہوگیا اور سامری کی طرح منافق ہو کر حضرت موسیٰ علیہ السلام کا بہت بڑا دشمن ہوگیا۔ اور اعلیٰ درجے کا متکبر اور مغرور ہوگیا۔ جب زکٰوة کا حکم نازل ہوا تو اس نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کے روبرو یہ عہد کیا کہ وہ اپنے تمام مالوں میں سے ہزارواں حصہ زکوٰة نکالے گا۔

(جاری ہے)

مگر جب اس نے مالوں کا حساب لگایا تو ایک بہت بڑی زکوٰة کی نکلی۔ یہ دیکھ کر اس پر ایک دم حرص و بخل کا بھوت سوار ہوگیا اور وہ نہ صرف زکوٰة کا منکر ہوگیا۔ بلکہ عام طور پربنی اسرائیل کو بہکانے لگا کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام اس بہانے تمہارے مالوں کو لے لینا چاہتے ہیں۔ یہاں تک کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام سے لوگوں کو برگشتہ کرنے کے لئے اس خبیث نے یہ گندی اور گھناؤنی چال چلی کہ ایک عورت کو بہت زیادہ مال و دولت دے کر آمادہ کر لیا کہ وہ آپ پر بدکاری کا الزام لگائے۔
چنانچہ عین اس وقت جب کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام وعظ فرما رہے تھے۔ قارون نے آپ کو ٹوکا کہ فلاں عورت سے آپ نے بدکاری کی ہے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے فرمایا کہ اس عورت کو میرے سامنے لاؤ۔ چنانچہ وہ عورت بلائی گئی۔ تو حضرت موسیٰ نے فرمایا کہ اے عورت! اس اللہ کی قسم! جس نے بنی اسرائیل کے لئے دریا کو پھاڑ دیا۔ اور عافیت و سلامتی کے ساتھ دریا کے پار کرا کر فرعون سے نجات دی سچ سچ کہہ دے کہ واقعہ کیا ہے۔
حضرت موسیٰ علیہ السلام کے جلال سے عورت سہم کر کانپنے لگی اور اس نے مجمع عام میں صاف صاف کہہ دیا کہ اے اللہ کے نبی! مجھ کو قارون نے کثیر دولت دے کر آپ پر بہتان لگانے کے لئے آمادہ کیا ہے۔ اس وقت حضرت موسیٰ علیہ السلام آبدیدہ ہو کر سجدہ شکر میں گر پڑے، اور بحالت سجدہ آپ نے یہ دعا مانگی کہ یا اللہ! قارون پر اپنا قہر وغضب نازل فرما دے۔ پھر آپ نے مجمع سے فرمایا کہ جو قارون کا ساتھی ہو وہ قاروں کے ساتھ ٹھہرا رہے اور جو میرا ساتھی ہو وہ قارون سے جدا ہو جائے چنانچہ دو خبیثوں کے سوا تمام بنی اسرائیل قارون سے الگ ہوگئے۔
پھر حضرت موسیٰ نے زمین کو حکم دیا کہ اے زمین! تو اس کو پکڑ لے۔ تو قارون ایک دم گھٹنوں تک زمین میں دھنس گیا پھر آپ نے دوبارہ زمین سے فرمایا تو وہ کمر تک زمین میں دھنس گیا۔ یہ دیکھ کر قارون رونے اور بلبلانے لگا اور قرابت ورشتہ داری کا واسطہ دینے لگا۔ مگر آپ نے کوئی التفات نہ فرمایا۔ یہاں تک کہ وہ بالکل زمیں میں دھنس گیا۔ دو منحوس آدمی جو قارون کے ساتھی ہوئے تھے لوگوں سے کہنے لگے کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے قارون کو اس لئے دھنسا دیا ہے کہ تاکہ قارون کے مکان اور اس کے خزانوں پر خود قبضہ کرلیں۔
آپ نے اللہ تعالیٰ سے دعا مانگی کہ قارون کا مکان اور خزانہ بھی زمین میں دھنس جائے۔ چنانچہ قارون کا مکان جو سونے کا تھا اس کا سارا خزانہ سبھی زمین میں دھنس گئے۔
قارون کا خزانہ:۔ اس کو قرآن کی زبان سے سنئے، اللہ تعالی کا ارشاد ہے کہ ہم نے قارون کو اتنے خزانے دیئے تھے کہ ان خزانوں کی کنجیاں ایک مضبوط اور طاقتور جماعت بہ مشکل اٹھا سکتی تھی قرآن میں ہے۔

ترجمہ:۔ بیشک قارون حضرت موسیٰ علیہ السلام کی قوم میں سے تھا۔ پھر اس نے ان پر ظلم کیا اور ہم نے اس کو اتنے خزانے دیئے تھے جن کی کنجیاں ایک طاقتور جماعت پر بھاری تھیں۔
حضرت موسیٰ علیہ السلام کی نصیحت:۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام قارون کو جو نصیحت فرمائی۔ وہ یہ ہے جس کو قرآن مجید نے بیان فرمایا ہے۔ اسی خیر خواہی والی نصیحت کو سن کر قارون حضرت موسیٰ علیہ السلام کا دشمن ہوگیا۔
غور کیجئے کہ کتنی مخلصانہ؟ اور کس قدر پیاری نصیحت ہے؟ جو حضرت موسیٰ علیہ السلام کے ساتھ ساتھ ساری قوم قارون کو سناتی رہی۔
ترجمہ:۔ جب قارون سے اس کی قوم نے کہا کہ اترا کر مت چل۔ بیشک اللہ اترانے والوں کو پسند نہیں فرماتا۔ اور جو مال اللہ نے تجھے دیا ہے اس سے آخرت کا گھر طلب کر اور دنیا میں اپنا حصہ نہ بھول، اور احسان کر جیسا کہ اللہ نے تجھ پر احسان فرمایا ہے اور زمین میں فساد مت تلاش کر!
قارون نے اپنے مال کے گھمنڈ میں اس مخلصانہ نصیحت کو ٹھکرا دیا۔
اور خوب بن سنور کر تکبر غرور سے اتراتا ہوا قوم کے سامنے آیا اور حضرت موسیٰ کی بدگوئی اور ایذار سانی کرنے لگا۔ اس کا نتیجہ کیا ہوا؟ اس کو قرآن کی زبان سے سنئے اور خدا اس قاہرانہ گرفت پر خوف الٰہی سے تھراتے رہے۔ اللہ اکبر
قارون زمین میں دھنس گیا
ترجمہ:۔ تو ہم نے اس کو اور اس کے گھر کو زمین میں دھنسا دیا تو اس کے پاس کوئی جماعت نہ تھی اللہ کے عذاب سے بچانے میں اس کی مدد کرتی اور وہ کوئی بدلہ نہ لے سکا۔

درس ہدایت:۔
یہ عبرتناک واقعہ ہمیں یہ درس ہدایت دیتا ہے کہ اگر اللہ تعالی مال و دولت عطا فرمائے۔ تو اس فرض کو لازم جانے کہ اپنے اموال کی زکوٰة ادا کرتا رہے اور ہرگز ہرگز اپنے مال و دولت پر غرور اور گھمنڈ کر کے نہ اترائے۔ کیونکہ اللہ تعالی ہی دولت دیتا ہے اورجب وہ چاہتا ہے پل بھر میں دولت چھین بھی لیتا ہے۔ ہر وقت اس کا دھیان رکھتے ہوئے تواضع اور انکساری کی عادت رکھے۔ اور ہرگز ہرگز کبھی انبیاء و اولیاء صالحین کی ایذار سانی و بد گوئی نہ کرے کہ ان مقولان بارگاہ الٰہی کی دعا اور بد دعا سے وہ ہو جایا کرتا ہے۔ جس کا لوگ تصور اور خیال بھی نہیں کرسکتے۔ (واللہ تعالیٰ اعلم)

Browse More Islamic Articles In Urdu