Open Menu

Tolad Nama Janab Suroor Kaayenaat Sale Allah Alaihi O Aala Wasahbihe Wasallam - Article No. 2671

Tolad Nama Janab Suroor Kaayenaat Sale Allah Alaihi O Aala Wasahbihe Wasallam

تولد نامہ جناب سرور کائنات صلی اللہ علیہ و آلہ وصحبہ وسلم - تحریر نمبر 2671

مروی ہے کہ انحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وصحبہ وسلم بارہویں تاریخ ربیع الاول شب دوشنبہ وقت صبح صادق کے تولّد ہوئے اور جوجوعجائبات غریبہ شب تولد میں آمنہ رضی اللہ عنہا نے دیکھے سوبیان کیے جاتے ہیں کہتے ہیں کہ

پیر 19 نومبر 2018

مروی ہے کہ انحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وصحبہ وسلم بارہویں تاریخ ربیع الاول شب دوشنبہ وقت صبح صادق کے تولّد ہوئے اور جوجوعجائبات غریبہ شب تولد میں آمنہ رضی اللہ عنہا نے دیکھے سوبیان کیے جاتے ہیں کہتے ہیں کہ جنّے کے وقت آمنہ رضی اللہ عنہا اکیلی تھیں کوئی ان کے پاس نہ تھا اس وقت ایک آواز دہشت ناک آسمان سے آئی وہ ڈر گئیں اور متحیر ہوئیں اور بولیں الٰہی یہ کیا ہوا اور ایک مرغ ہوا سے آکے آمنہ رضی اللہ عنہا کا سرملنے لگا تب دہشت جاتی رہی اور آمنہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں کہ کچھ شیر ینی لا کے مجھ کودی میں کھا گئی اور ایک نور میں نے دیکھا کہ مجھ سے نکل کر آسمان پر گیا بعد اس کے کئی عورتیں دیکھیں بہت خوبصورت میں نے دریافت کیا تھا کہ شاید عبدالمناف کی بیٹیاں ہیں بہت خوش ہوئیں کہ وہ میرے کام کو آئی ہیں پیچھے معلوم ہواوہ نہیں اور کوئی اجنبی ہیں میرے پاس آکے مجھ کو تسلی دینے لگیں ۔

(جاری ہے)


مومن خواتین:
اس وقت معلوم ہوا کہ بی بی مریم علیہ السلام اور آسیہ خاتون رضی اللہ عنہا فرعون کی بی بی مومنہ تھیں وہ دونوں خدا کے حکم سے بہشت سے حوروں کو لے کر میری تہنیت کو آئیں اور ایک آواز میں نے سنی کہ اس لڑکے کو آدمیوں کی چشم سے پوشیدہ رکھیو اور دیکھا کئی آدمیوں کو ہاتھوں میں اپنے سیلابچی آفتابہ چاندی کا اور عطریات خوشبو مشک وعنبر لے کر آئے ہوا پر متعلق کھڑے ہوئے ہیں اور مرغ سب ہوا کے کہاں کہاں سے میر ے گھر پر آئے چونچیں ان کی زمرد سبز کی اور پَر ان کے یاقوت سُرخ کے تھے اور ان کو دیکھتے ہی آنکھیں میری روشن ہو گئیں اور تین علَم بادشاہی میں نے دیکھے ایک مغرب کو اور ایک مشرق کو اور ایک کعبے پر کھڑے ہوئے ہیں اس وقت درد جّنے کا مجھ پر غالب ہوا اور یہ آواز آئی کہ نور سلطان آخر الزمان صلی اللہ علیہ وآلہ وصحبہ وسلم نے عالم خلوت سے عالم صورت میں نقل فرمایا اور آفتاب سعادت برج اقبال سے طلوع ہوا اور سایہ چترہمایوں نبی آخر الزمان صلی اللہ علیہ وآلہ صحبہ وسلم کا اوپر خاکساروں کے پڑا۔

سجدہ ریزی اور کلمہ پڑھنا:
اس وقت سید الکونین صلی اللہ علیہ وآلہ وصحبہ وسلم تو لّدے ہوئے اور پیشانی روشن اپنی اوپر زمین کے رکھ کے سجدہ گزار بدر گاہ پروردگار ہوئے بعد اس کے دونوں ہاتھ اٹھا کے آسمان کی طرف مناجات کی اور یہ کلمہ پڑھا بعد اس کے ایک ابر سفید آکے میری گود سے ان کو اٹھا کے لے گیا اتفاقاً اس شب کو میرے گھر میں چراغ نہ تھا باوجود اس تاریکی کے گھر ایسا روشن ومنور ہوا کہ اس وقت کوئی چاہتا تو سوئی میں دھاگا پروسکتا اس کی روشنی سے ملک شام نظر آیا پھر ایک آواز آئی کہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وصحبہ وسلم کو مشرق اور مغرب اور تمام جنگلوں میں لے جا کے پھر اؤ دکھاؤ تا کہ تمام خلائق میں نام ان کا ظاہر ہو۔

ابر سفید سے آواز:
ایک ابر سفید نمودار ہوا اس سے آواز آئی کی پیغمبر کے نور کو پیغمبروں کی ارواح مقدسہ پر جلوہ دو اور ایک دوسرے سفید ابر سے یہ آواز آئی کہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وصحبہ وسلم بادشاہ ہر دو جہاں کے محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وصحبہ وسلم بادشاہ کون ومکان کے ہیں ان کے حلقہ أطاعت میں تمام خلق رہے گی آمنہ کہتی تھیں کہ یہ آواز سن کے میں متعجب ہوئی پھر تین شخص کو دیکھا چہرہ ان کا مانند آفتاب کے روشن تھا ان میں سے ایک کے ہاتھ میں آفتابہ چاند ی کا اور دوسرے کے ہاتھ میں طشت سونے کا اور تیسرے کے ہاتھ میں ریشمی کپڑا سفید اورمحمد صلی اللہ علیہ وآلہ وصحبہ وسلم کو لے کے آئے ۔

مہر نبوت:
اس ریشمی کپڑے سے ایک انگوٹھی نکالی اور اس آفتاب کے پانی سے سروتن محمد رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وصحبہ وسلم کا دُھلا کے ان کے دونوں مونڈھوں کے بیچ میں اس خاتم سے مُہر نبوت کر دی پھر آپ کو اس کپڑے میں لپیٹ کے میری گود میں دیا اور ان میں سے ایک نے آپ کے کان میں بہت سا کچھ کہا اس کو میں کچھ دریافت نہ کر سکی کہ کیا کہا اور دوسرے شخص نے دو آنکھیں ان کی چوم کے کہا اے محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وصحبہ وسلم نے تم کو علم لدّنی بخشا جمیع پیغمبروں سے علم اور حلم تم کو زیادہ دیا پھر ایک شخص ان میں سے آکے محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وصحبہ وسلم کے منہ پر منہ رکھ کے جیسے کہ کبوتر دانہ کھلاتا ہے اپنے بچے کو ویسے ہی منہ پر منہ رکھ کے کہا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وصحبہ وسلم یا حبیب اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وصحبہ وسلم تم کو بشارت ہے کہ علم اور بردباری اللہ نے سب تم کو عنایت کیا پھر کئی شخص آکے میری گود میں سے آپ کو اٹھالے گئے ہیں میں اکیلے گھر میں متفکر رہی یا اللہ یہ کیا ماجرا ہے پھر اسی گھڑی آپ کو لائے چہرہ ان کا مانند مہتاب چمکتا تھا۔

غیبی ندا:
غیبی ندا پھر ایک آواز آئی اے آمنہ رضی اللہ عنہا اس لڑکے کو حفاظت سے رکھ کچھ اندیشہ مت کرہم ان کو آدم علیہ السلام کے پاس لے گئے تھے خدا ان کا حافظ وناصر ہے پھر میں نے دیکھاکہ ایک شخص نے ان کے منہ میں بوسہ دے کے کہا بشارت ہے تم کو اے محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وصحبہ وسلم جو تم پر ایمان لائے گا وہ حشر کے دن تمہاری اُمت میں داخل ہو گا اور عذاب دوزخ سے خلاصی پائے گایااللہ ہم عاصی گنہگاروں کو ان کی اُمت میں ہمیشہ رکھ اور ان کی شفاعت کا امیدوارکر آمین یارب العالمین۔

Browse More Islamic Articles In Urdu