Hazrat Maulana Ahmed Ali Lahori

حضرت مولانا احمد علی لاہوریؒ۔۔۔ایک ولی کامل

امام الاولیاء شیخ التفسیر مولانا احمد علی لاہوریؒ ان اولیاء اللہ میں سے ہیں کہ جن کا نام آتے ہی بڑے بڑے علماء کرام اور بزرگ ہستیوں کے سر عقیدت ومحبت سے جُھک جاتے اور آنکھیں اشکبار ہوجاتی ہیں

Hazrat maulana Ahmed Ali lahori

مولانا مجیب الرحمن
امام الاولیاء شیخ التفسیر مولانا احمد علی لاہوریؒ ان اولیاء اللہ میں سے ہیں کہ جن کا نام آتے ہی بڑے بڑے علماء کرام اور بزرگ ہستیوں کے سر عقیدت ومحبت سے جُھک جاتے اور آنکھیں اشکبار ہوجاتی ہیںآپ ان اللہ والوں میں سے تھے جن کو خدا نے برسنے اولی آنکھیں تڑپنے والا دل اور روشن چہرہ سے نوازا جن کے دونوں ہاتھ رات کی تنہائی میں آنسوؤں کے ساتھ اللہ کی بارگاہ میں اٹھتے تو اللہ کی رحمت ومغفرت کو سمیٹ لاتے جن کو اللہ نے اپنے ذکر سے ایسا معمور ،روشن اور نورانی دل عطافرمایا تھا کہ چیز کو سونگھ کر بتا دیتے تھے کہ یہ حرام ومشتبہ ہے ۔

جن کے روشن چہرے کو دیکھ کر خدا یاد آئے ، آپ ؒ جس چہرے پر نگاہ اوردل پر توجہ ڈالتے اس کے دل کی دنیا بدل کر رکھ دیتے ،آپؒ دلوں کی دنیا آباد کرتے ہوئے مخلوق کو کو خالق کے ساتھ جوڑنے ذریعہ بنتے ۔

حضرت لاہوریؒ کا تعلق ان علمائِ حق سے ہے جو کہ تمام زندگی قال اللہ و قال الرسول کی صدا بلند کرتے اور لاکھوں لوگوں کو شرک و بدعت اور ضلالت و گمراہی کے گڑھوں سے نکال کر ان کے دلوں میں توحید الہٰی، عشق نبوی ؐ،حب صحابہؓ و اہل بیتؓ کی شمعیں روشن کر کے ان کے ایمان کی حفاظت اور جنت کی طرف راہنمائی کا ذریعہ بن جاتے ہیں ۔

۔۔۔۔

آپ ؒ نے برصغیر پاک و ہند کی مساجد میں درس قرآن اور دینی مدارس میں دورہ تفسیر القرآن کی روایت قائم کرنے میں اپنا بنیادی کردار ادا کیا۔ حضرت لاہوریؒ کا تعلق ان علمائِ حق سے ہے جو لاکھوں لوگوں کے ایمان کی حفاظت اور جنت کی طرف راہنمائی کا ذریعہ بن جاتے ہیں ۔۔۔۔۔حضرت لاہوری ؒ کو انگریز تحریک ریشمی رومال کے جرم میں دہلی سے گرفتار کرکے لاہور لائے تو تن تنہا تھے کوئی جاننے اور ضمانت دینے والا نہ تھا لیکن اس ولی باصفا نے لاہور میں 40سال مسلسل در س قرآن کا چراغ روشن کرکے لاکھوں لوگوں کی ہدایت اور جنت کا ذریعہ بنے اور جس دن وفات پائی اس دن بھی درس قرآن دیا اوراس سے اگلے روز جنازہ تھا اس دن آپؒ کی وصیت کے مطابق پہلے درس قرآن دیاگیا اور تدفین بعد میں ہوئی۔
۔۔۔ جب آپؒ کا جنازہ اٹھا تو لاکھوں لوگ عقیدت ومحبت میں اشکبار آنکھوں کے ساتھ جنازہ میں شریک ہوکر کاندھا دیتے ہوئے نظر آئے۔ مولانا احمد علی لاہوریؒ نیکی وتقویٰ کا استعارہ اور ہدایت کے ایسے روشن چراغ تھے کہ جس کی روشنی اور فکر ونظر سے اب تک لوگ استفادہ کرتے چلے آرہے ہیں۔ حضرت لاہوریؒ فرمایا کرتے تھے کہ میرا ایک پاؤں ریل گاڑی کے پائیدان پر ہو اور دوسرا پلیٹ فارم پر اسی حالت میں مجھے کوئی آواز دے کر پوچھے کہ احمدعلی ذرا گاڑی میں سوار ہونے سے پہلے مجھے یہ بتادیجئے کہ پورے قرآن کا خلاصہ کیا ہے تو میں کہہ دو نگا کہ پورے قرآن کا خلاصہ یہ ہے کہ اللہ کو راضی کرو عبادت کے ذریعہ ،محمدالرسول اللہؐکو راضی کرو اطاعت کے ذریعہ ،صحابہ کرام ؓ کو راضی کرو محبت کے ذریعہ اور مخلوق خدا کو راضی کروخدمت کے ذریعہ یہی قرآنِ کریم کا خلاصہ ہے ۔


آپ ہی کے بارہ میں صحافت وخطابت کے بے تاج بادشاہ آغا شورش کاشمیریؒ رقم طراز ہیں’’حضرت لاہوریؒ کا تعلق علمائے حق کی اس جماعت سے تھا جو حضرت مجدد الف ثانی ؒ سے نسبت رکھتی ہے جس کے سرخیل حضرت شاہ ولی اللہ محدث دھلویؒ تھے۔ جس کی بنیادیں حضرت سید احمد شہیدؒ اور حضرت شاہ اسماعیل ؒ نے اٹھا ئیں جس کی شاخیں 1857کے ہنگامہ ہائے دار ورسن سے پھوٹیں حضرت مولانا لاہوریؒ معناً ولی اللٰہی ٹہنی ہی کا پتہ تھے اس درخت کا ہی ایک پھول تھے جومولانا محمدقاسم نانوتویؒ اور مولانا رشید احمد گنگوہیؒ نے اُگایا ۔
شیخ الہند مولانا محمودحسن دیوبندی ؒ کے ہاتھوں پروان چڑھا اور ان کے نیک نفس جانشینوں نے اسے سرسبز رکھا علمائے حق کی یہ ایک ایسی زنجیر ہے کہ جس کی عظمت پر حیرت ہوتی ہے ۔ انسان حیران ہوتاہے کہ یہ انسانوں کی جماعت ہے یاقدرت کا معجزہ ۔ایک لکیر کھینچی آتی ہے کہ کوئی خم ہے نہ کوئی گرہ ۔ ایک صاف ستھرا سلسلہ ہے جو شروع سے اب تک چلا آرہا ہے اور جن لوگوں نے اس راہ کو اختیار کیا ہے ۔
وہ کہیں بھی ہٹے محسوس نہیں ہوتے بلکہ جوانمردوں کا ایک قافلہ ہے جو فکر وتضرع کے ہمرکاب حق گوئی کے سائے میں بڑھتاچلا آرہا ہے مولانا احمد علی لاہوریؒ اسی جوانمرد ونڈر ،فکر ی ونظریاتی قبیلہ کے چشم وچراغ تھے۔‘‘

تحریک ریشمی رومال انگریز سے برصغیر کی آزادی حاصل کرنے کا ایک منصوبہ تھا مگر بد قسمتی سے یہ منصوبہ قبل از وقت طشت ازبام ہو گیا۔
انگریز نے اس تحریک کے قائدین اور اس سے وابستہ کارکنان کوگرفتار کرنا شروع کیا تو مولانا احمدعلی لاہوریؒ بھی گرفتار کر لیے گئے ۔مولانا احمد علی لاہوری ؒ کو گرفتار کرکے دہلی ،شملہ ،لاہور اور جالندھر کی مختلف حوالاتوں میں کئی ماہ گزارنے کے بعد آپ کو مشروط پر رہا کردیا گیا ۔ آپ پر دہلی اور سندھ جانے پر پابندی لگادی گئی اور آپؒ لاہور میں پابند ضمانت کرکے چھوڑ دیاگیا۔
مولانا احمدعلیؒ کی اہلیہ بھی لاہورآگئیں۔ لاہور کی زندگی کا آغاز یہاں سے ہوتا ہے جس وجہ سے آپؒ لاہوری کہلاتے ہیں۔

مسجد لائن سبحان والی شیرانوالہ دروازہ سے باہر مسجد میں مولانا پنجگانہ نماز ادا کرتے تھے۔ فاروق گنج کی طرف جاتے ہوئے جو مسجد ہے وہاں آپ نے درس قرآن شروع کیا پھر آہستہ آہستہ تبلیغ وارشاد کا سلسلہ بڑھنا شروع ہوگیا۔
1922ء میں حکیم فیروز الدین کی تحریک پر انجمن خدام الدین کا قیام عمل میں لایا گیا۔ قرآن اور سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی اشاعت کو انجمن خدام الدین کا نصب العین قرار دیاگیا۔ انجمن نے وقتی ضروریات کے مطابق دینی، اصلاحی اور سماجی صرورتوں کے لیے قرآن وسنت کے روشنی میں کئی رسالے اور کتابیں شائع کیں۔ یہ تمام رسالے اورکتابچے مولانا احمدعلی لاہوریؒ کے تحریر کردہ تھے ۔
1924ء میں انجمن خدام الدین کی زیر نگرانی مدرسہ قاسم العلوم کی بنیاد رکھی گئی ۔ ابتدا میں یہ مدرسہ کرایہ کے مکان میں تھا۔ لیکن بعد میں مدرسہ کے لیے زمین خرید کر عمارت بنائی گئی جس میں آٹھ کمرے تھے۔ اس عمارت کی رسم افتتاح علامہ شبیراحمد عثمانی ؒ کے ہاتھوں 1934ء میں ادا ہوئی۔آپ ؒ نے عمربھر قرآن مجید کی لفظاً ومعناً خدمت کی 1354ھ (1935ئ)میں آپ نے حفظ ناظر ہ کا اہتمام فرمایا اس لے لیے مولانا عبیداللہ انور ؒ کی روایت کے مطابق علامہ انور شاہ کشمیر ی ؒ کو دارالعلوم دیوبند میں خط لکھا کہ ہمارے ہاں کوئی قاری بھجوایں جو علم قرات کے ساتھ قرآن مجید کی تعلیم دے سکیں۔
انہوں نے قاری عبدالکریم ؒ کو بھجوا دیا ۔لاہور میں وہ پہلے قاری تھے جنہوں نے تجوید وترتیل کی ابتدا کی ۔ مولانا احمد علی لاہوریؒ کی اسی محنت کا نتیجہ تھا کہ لاہور میں قرآنی تعلیمات عام ہوئیں۔

آپ نے مسلمانوں کو قرآن مجید سمجھانے لیے روازانہ نماز فجر کے بعد ایک گھنٹہ درس قرآن رکھا ہوا تھا۔ اس میں مسلمان مردوں کے علاوہ علیحدہ باپردہ جگہ میں خواتین بھی شریک ہوتی تھیں اور یہ درس اتنا مشہور تھا کہ لوگ دوردراز سے آکر درسِ قرآن میں شریک ہوتے تھے۔
اس کے علاوہ یکم رمضان سے ایک درس مدارس عربیہ کے فارغ التحصیل علماء کے لیے ہوتا تھا اور تین ماہ میں سارے قرآن کی تفسیر انہیں پڑھائی جاتی تھی۔ تفسیر کے اختتام پر باقاعدہ سندات دی جاتی تھیں اس درس کی تکمیل کے بعد جو حضرات مزیدتعلیم حاصل کرنے کے خوہش مند ہوتے انہیں چار ماہ میں فلسفہ، شریعت اورحضرت شاہ ولی اللہ ؒ کی مشہور کتاب ’’حجۃ البالغہ‘‘پڑھاتے تھے 1940ء سے شروع ہونے والا یہ درس آپ کی زندگی کے آخری ایام تک جاری رہا۔


22اکتوبر 1956ء میں بحیثیت عالم دین انجمن حمایت اسلام کی جنرل کونسل کے آپ رکن مقرر ہوئے۔ انجمن کے معاملات میں گہری دلچسپی لینے کی بناء پر مولانا لاہوریؒ 17نومبر1956ء کو انجمن حمایت اسلام کے نائب صدرتازیست اسی عہدے پر فائز رہے ۔آپ نے انجمن حمایت اسلام کی ترقی میں شاندار خدمات سر انجام دیں۔

1956ء میں جب تحریک ختم نبوت شروع ہوئی تو مولانا احمدعلی لاہوریؒ نے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
آپ کی گرفتاری بھی عمل میں آئی اور آپ کو دوسرے علماء کے ساتھ ملتان جیل میں رکھا گیا۔مگر جب ملک فیروز خان بر سرِ اقتدار آئے تو آپ کو لاہور جیل میں منتقل کردیا گیا۔ بعد ازاں آپ کورہا کردیا گیا۔ اکتوبر 1956ء کو پاکستان کے جید علماء کی لاہور میں مشاورت ہوئی جس میں جمعیت علماء اسلام کی تجدید نو کی گئی اور بالاتفاق مولانا احمد علی لاہوریؒ کو جمعیت علماء اسلام مغربی پاکستان کا امیرمنتخب لیاگیا ۔
آپ آخری وقت تک اس عہدے پر فائز رہے ۔آپ کی رہنمائی میں صرف ایک سال کے قلیل عرصہ میں جمعیت علماء اسلام مغربی پاکستان میں 300شاخیںقائم ہوگئیں ۔جون 1957ء میں جمعیت علماء اسلام کا آرگن ترجمان اسلام لاہور سے آپ کی سر پرستی میں شائع ہونے لگا۔ جمعیت علماء اسلام نے آپ کی سرپرستی میں انتخابی منشور ترتیب دیاتھا ۔

1955ء میں مولانا احمد علی لاہوریؒ کی سرپرستی میں انجمن خدام الدین کی طرف سے’’خدام الدین‘‘نام سے دینی ، تبلیغی و اصلاحی ایک ہفت روزہ رسالہ جاری کیاگیایہ رسالہ آج بھی جاری ہے ۔
دنیا میں جو ذی روح بھی آیا ہے اس نے آخر ایک دن اس دنیا سے کوچ کرناہے ۔مبارک ہیں وہ لوگ جو اپنے رب کو راضی کرکے اس دنیا سے رخصت ہوتے ہیں۔ اس ضابطہ کے تحت مولانا احمدعلی لاہوریؒ کا سفرِ آخرت پیش آگیا چنانچہ 23فروری1962ء بمطابق 17رمضان 1381ہجری کو 77سال کی عمر میں آپ اس شان سے دنیا سے رخصت ہوئے کہ ساڑھے نوبجے رات نماز عشاء کی نیت باندھی اور سجد ے کی حالت میں خالق حقیقی سے جاملے۔
مولانا عبیداللہ انورؒ اور حافظ حمیداللہ ؒ نے باقی رفقاء کے ہمراہ غسل دیا ۔دوسرے دن جنازہ اٹھایا گیا۔ یونیورسٹی گراؤنڈ میں نماز جنازہ ادا کی گئی ۔نماز جنازہ سے پہلے خطیب پاکستان مولانا قاضی احسان احمد شجاع آبادیؒ کی آواز بلند ہوئی کہ مغربی پاکستان کے تمام علماء کرام حاضر ہوچکے ہیں اور ان کا متفقہ فیصلہ ہے کہ نماز جنازہ کی امامت مولانا لاہوریؒ کے صاحبزادہ مولانا عبید اللہ انورؒ پڑھائیں گے چنانچہ نمازجنازہ ادا کی گئی ۔
عشاق نے اپنے محبوب مرشد کے جسدِ خاکی کو سرِشام قبرستان میانی صاحب لاہور میں پہنچا دیا۔ افطاری کے وقت مولانا عبداللہ درخواستی ؒ ،مولانا عبیداللہ انورؒ ،حافظ حمید اللہ اور دیگر اکابرین نے مسلمانان ہندوپاک کی یہ مشترکہ دینی متاعِ گراں مایہ لحدِ خاک میں رکھ دی۔

Your Thoughts and Comments