Aik Chor Aik Maali - Article No. 1181

Aik Chor Aik Maali

ایک چور ،ایک مالی - تحریر نمبر 1181

کوئی چور ایک باغ میں گھس گیا اور آم کے پیڑ پر چڑھ کر اُس نے شاخوں کو اس قدر ہلایا کہ کئی آم نیچے آپڑے ۔اتفاقاََمالی بھی آگیا اور چور کو دیکھ کر کہنے لگا:”کچھ خدا کا بھی خوف کرنا چاہیے۔تجھے آخر

منگل 11 ستمبر 2018

چور ایک باغ میں گھس گیا اور آم کے پیڑ پر چڑھ کر اُس نے شاخوں کو اس قدر ہلایا کہ کئی آم نیچے آپڑے ۔اتفاقاََمالی بھی آگیا اور چور کو دیکھ کر کہنے لگا:”کچھ خدا کا بھی خوف کرنا چاہیے۔تجھے آخر مرنا ہے اور پھر حساب کتاب کے لیے قیامت کے دن اُٹھنا ہے ۔تب خدا کو کیا منھ دکھاؤ گے؟“چوربولا:”تم کون ہو،یہ باغ خدا کا ہے اور میں خدا کا بندہ ۔

وہ کھِلاتاہے تو میں کھاتاہوں ۔اُس کے حکم کے بغیر تو پتا بھی نہیں ہل سکتا ۔مجھ سے جاہلانہ کلام نہ کر۔معلوم ہوتا ،تجھ میں نری جہالت ہے ،عقل نام کو بھی نہیں ۔“مالی نے یہ بات سن کر دل میں کہا کہ چور بڑا منطقی ہے ۔میں اسی کی منطق میں ایسا مناسب جواب دوں گا کہ عمر بھر نہ بھولے گا ۔مالی بولا:”حضرت ! نیچے آئیے ،ہم پر کرم فرمائیے ،آپ کی صحبت غنیمت ہے ۔

(جاری ہے)

مدت بعد آپ جیسا بزرگ ملا ہے ،جس نے تو حید کا نکتہ حل کردیا ہے ۔پیرومرشد! تشریف لائیے اور ہمیں راہِ نجات دکھائیے ۔“چور ایک بھرم کے نیچے آتر آیا ۔مالی نے وہیں پکڑ لیا اور آم کے درخت سے خوب مضبوطی سے باندھ کرپہلے تو مکون سے اس کی ،تواضع کی جب تھک گیا تو لاٹھی لے کر اس کی خوب مرمت کی۔جب مارنے چور کو ڈھیلاکردیا تو لگا فریاد کرنے :”اے ظالم ! خدا سے ڈر ،میں نے تیرا کیا نقصان کیا ہے کہ مجھ بے گناہ کویوں بے دردی سے پیٹ رہا ہے ؟“مالی نے ہنس کر جواب دیا :”حضرت! اتنی جلدی اپنا دعوا بھول گئے۔
کیا اس لاٹھی کو خدانے نہیں بنایا،کیا مارنے والا ہاتھ اور مارکھانے والا جسم خدا کا ہی پیدا کردہ نہیں ۔آپ کیوں ناحق گلہ کرتے ہیں ،اس میں آپ کا کیا نقصان ؟اس کے حکم کے بغیر تو پتا بھی نہیں ہل سکتا ۔آپ کی یہ فریادجاہلانہ ہے ۔“چور نے کہا:”میں نے بکو اس کی ،جھک ماری،مجھے اب چھوڑدے،آئندہ میں کبھی ایسی بات منھ سے نہ نکالوں گا اور نہ کبھی چوری کانام لوں گا۔“

Browse More Moral Stories