Aik Din Ka Raja - Article No. 2162

Aik Din Ka Raja

ایک دن کا راجا - تحریر نمبر 2162

اب پچھتائے کیا ہوت،جب چڑیاں چگ گئیں کھیت

بدھ 12 جنوری 2022

تیمور جان،بہلم پٹھان
اکبر اپنے والدین کے ساتھ رہتا تھا۔والد موچی تھے۔اکبر سرکاری سکول میں پڑھتا تھا۔اسے کہانیاں پڑھنے کا شوق تھا۔وہ ہر وقت سوچتا تھا کہ کاش!میں کسی ملک کا راجا ہوتا۔میں بہت امیر ہوتا،جو چاہتا وہ کرتا۔وہ اکثر خواب دیکھتا کہ وہ راجا بن گیا ہے۔سب اس کے احترام میں کھڑے ہیں۔عالیشان محل ہے،جہاں وہ ہیرے جواہرات کے تخت پر بیٹھا ہے،مگر جب وہ اُٹھتا ہے تو خود کو اس چارپائی پر پاتا۔

ایک دن اکبر اپنے گھر کے قریب جنگل میں گیا۔اچانک اس نے ایک بلی دیکھی۔اس نے دیکھا کہ بلی کے پیر میں کوئی نوکیلی چیز چبھی ہوئی ہے۔وہ بلی کے پیر سے نوک دار چیز نکالتا ہے تو وہ بلی ایک خوبصورت پری میں تبدیل ہو جاتی ہے۔وہ پری کہتی ہے:”تم نے جادوئی تیر نکال کر مجھے آزاد کرایا۔

(جاری ہے)

میں تمہاری احسان مند ہوں۔اس لئے تمہاری کوئی دو خواہش پوری کروں گی۔


اکبر جلدی سے کہتا ہے کہ مجھے کسی ملک کا راجا بنا دو۔
پری نے کہا:”آنکھیں بند کرو۔“
اکبر نے آنکھیں کھولیں تو وہ حیران رہ جاتا ہے وہ تخت پر بیٹھا ہے۔سب درباری اس کے احترام میں کھڑے ہیں۔ایک درباری کہتا ہے:”حضور والا!آپ کے لئے کھانا تیار ہے۔“
کھانا دیکھتے ہی اس کی آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ جاتی ہیں۔اتنا لذیذ کھانا اس نے پہلے کبھی نہیں کھایا تھا،مگر اس کے ساتھ کئی مسئلے درپیش آتے ہیں۔
لوگ اس کے پاس اپنے جھگڑوں کے فیصلے کرانے آنے لگے،مگر وہ درست فیصلے نہیں کر پاتا۔زیادہ کھانا کھانے کی وجہ سے وہ بیمار رہنے لگا۔اکبر نظام حکومت صحیح طریقے سے سنبھال نہیں پایا،اس لئے پڑوسی ملک کے بادشاہ نے اس کے ملک کی کمزور حالت دیکھ کر حملہ کر دیا۔اکبر کو جنگ میں لڑنے کا کوئی تجربہ نہیں تھا،اس لئے وہ ہار گیا۔پڑوسی ملک کے بادشاہ نے اسے قید کر لیا۔
اسے لذیذ کھانے کے بجائے جیل کا باسی کھانا ملتا ہے۔وہ اپنے والدین کو اپنے گھر کو یاد کرتا ہے۔جہاں پر اسے کوئی مشکل نہیں تھی۔اس کی طبیعت ٹھیک رہتی تھی۔ اسے کھانے کو خالص غذا ملتی تھی۔اسے پری کی بات یاد آئی۔اس نے مشرق کی طرف منہ کرکے تین تالیاں بجائیں۔پری آئی تو اس نے کہا:”مجھے پہلے جیسا بنا دو۔“
پری نے کہا:”آنکھیں بند کرو۔“
آنکھیں کھولیں تو دیکھا کہ وہ اسی جنگل میں ہے،اب پچھتاوے کیا ہوت،جب چڑیا چگ گئی کھیت۔

Browse More Moral Stories