ALLAH Se Nazdeek - Article No. 2288

ALLAH Se Nazdeek

اللہ سے نزدیک - تحریر نمبر 2288

فاطمہ اللہ ہر جگہ موجود ہوتا ہے وہ صرف آسمان پر موجود نہیں ہوتا ہے بلکہ اُس کی موجودگی ہر شے میں جھلکتی ہے بلکہ کہا جاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ تو انسان کی شہہ رگ سے بھی زیادہ قریب ہے

منگل 21 جون 2022

نور فاطمہ،لاہور
میری چھوٹی بہن فاطمہ ہر وقت مجھ سے عجیب و غریب سوال پوچھتی ہے،میں جب بھی گھر کے کسی کام میں مصروف ہوتی ہوں تو وہ ہر چیز کے متعلق مجھ سے سوال کرتی ہے۔بعض اوقات میں اُس کے سوالات کا جوابات دے دیتی ہوں مگر اکثر میں اُس کے سوالات کی بوچھاڑ سے تنگ آ کر اُسے ڈانٹ بھی پلا دیتی ہوں۔اُس کے سوال بھی تو عجیب نوعیت کے ہوتے ہیں کہ آپی مائرہ!جب انڈا اُبالتے ہیں تو بھاپ کیوں نکلتی ہے؟مگر اس حقیقت سے انکار نہیں کر سکتے ہیں کہ یہ سوالات اس کی ذہانت کی دلیل ہیں۔

کل دوپہر کو جب فاطمہ سکول سے واپس آئی تو اُس نے مجھ سے بڑے تجسس سے سوال کیا کہ آپی!آج مجھے ٹیچر کی ایک بات سمجھ نہیں آئی،اُنہوں نے بتایا کہ اللہ سے دوری ہماری ناکامی یا تباہی کا سبب بنتی ہے،مگر آپی!اللہ تعالیٰ تو آسمان پر ہوتا ہے اور ہم زمین پر،تو پھر ہم اللہ سے دور ہی ہیں۔

(جاری ہے)

ٹیچر نے یہ بات کیوں کہی؟
میں نے جواب دیا:”فاطمہ اللہ ہر جگہ موجود ہوتا ہے وہ صرف آسمان پر موجود نہیں ہوتا ہے بلکہ اُس کی موجودگی ہر شے میں جھلکتی ہے بلکہ کہا جاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ تو انسان کی شہہ رگ سے بھی زیادہ قریب ہے۔

اب آپ خود دیکھو کہ انسان کی شہہ رگ اُس سے کتنی دور ہے۔اُس سے دوری سے مراد اُس کی ذات سے دوری نہیں بلکہ اُس کے احکامات سے دوری ہے۔جیسے اُس نے ہم پر نماز فرض کی،روزے فرض کئے اور بہت سے کام ہمارے ذمے لگائے لیکن افسوس ہم اُس کے احکامات کو بجا نہیں لاتے ہیں۔اس طرح اُس کے احکامات سے دوری ہماری تباہی کا باعث بنتی ہے۔
فاطمہ میری بات بہت غور سے سن رہی تھی اور پھر بولی:”آپی!آج کل ہم سب بہت سی برائیوں میں ملوث ہیں جیسے ہم جھوٹ بولتے ہیں،چوری،غیبت اور مکاری کرتے ہیں اور اللہ کے احکامات کی تعمیل نہیں کرتے ہیں تو ہم سب اللہ سے دور ہی ہیں ناں؟
میں نے اثبات میں سر ہلایا تو اُس نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہمارا معاشرہ بتاہی کا شکار ہو رہا ہے۔
رات کو جب میں سونے کیلئے اپنے بستر پر آئی تو مجھے اُس کی بات یاد آئی اور میں نے محسوس کیا کہ واقعی ہم اللہ سے دور ہو گئے ہیں۔اُس کے احکامات سے منہ موڑ بیٹھے ہیں۔ہمارے معاشرے میں چوری،جھوٹ،قتل،و غارت،مکاری،غداری اور دہشت گردی عام ہے۔یہ سب باتیں تو اللہ سے دوری کی ہی دلیل ہیں۔پھر میں نے اللہ سے دعا مانگی کہ اے اللہ!ہمیں اپنے احکامات پر عمل کرنے کی توفیق عطا کر۔

Browse More Moral Stories