Badla Hua Farrukh - Article No. 2193

Badla Hua Farrukh

بدلا ہوا فرخ - تحریر نمبر 2193

فرخ کے ماں باپ نے خدا کا شکر ادا کیا کہ آخرکار اُن کا بچہ راہ راست پر آ گیا ہے

جمعہ 18 فروری 2022

روبینہ ناز‘کراچی
فوزیہ فرخ کی بڑی بہن تھی اور نویں کلاس کی طالبہ تھی۔دوسری طرف فرخ پڑھائی میں ناکام تھا،وہ ساتویں کلاس میں مشکل سے پاس ہو کر آٹھویں میں پہنچا تھا۔فرخ تفریح باز قسم کا لڑکا تھا،ہر وقت ٹی وی کے سامنے بیٹھا رہتا اور شام کو دوستوں کے ساتھ باہر جا کر آوارہ گردی کرتا تھا۔
ماں باپ فرخ سے بہت تنگ تھے۔
شروع میں اُنہوں نے اُسے سمجھایا مگر جب نہ مانا تو کئی بار اُس کی پٹائی بھی کی لیکن کوئی فائدہ نہ ہوا بلکہ وہ پہلے سے زیادہ بدتمیز ہو گیا۔فوزیہ پڑھائی میں بھی اچھی تھی،ماں باپ اور اساتذہ کا کہا بھی مانتی تھی اور ہر سال امتحان میں فرسٹ بھی آتی تھی۔
آج پھر ابو نے فرخ کی پٹائی کی تو فوزیہ کو اُس کی فکر ہوئی۔

(جاری ہے)

آخر اُس نے فرخ کو سمجھانے کی کوشش کی اور اُس سے بڑے پیار سے کہا۔

بھائی کیا بات ہے تم پڑھتے کیوں نہیں ہو۔ہر وقت کھیل اور لڑائی جھگڑا کیا ہے یہ؟فرخ نے جواب دیا:”باجی مجھ سے پڑھائی نہیں ہوتی،کیا کروں ٹیچر کو بھی تھوڑا کام دینا چاہیے تاکہ میں آسانی سے کر لوں“۔فوزیہ نے کہا تم اپنا ہوم ورک نہیں کرتے،اس طرح کیسے ہو گا؟چلو میں تمہاری مدد کروں گی مگر تمہیں بھی تو پڑھائی پر توجہ دینی ہو گی۔
فوزیہ سمجھ چکی تھی کہ فرخ پڑھنا تو چاہتا ہے مگر کچھ گھبراتا ہے۔
چنانچہ فوزیہ ہوم ورک کرنے اور مشکل سوال سمجھانے میں فرخ کی مدد کرنے لگی۔یہ سب تو وہ خود بھی پڑھ چکی تھی۔اس لئے سب بہت آسان تھا۔فرخ نے شروع میں تو اُسے تنگ کیا مگر اُس کی محنت رنگ لائی اور وہ پڑھائی میں توجہ دینے لگا۔اس دوران فوزیہ نے فرخ کو اَن پڑھ لوگوں کے مسائل اور ناکامیوں سے آگاہ کیا،اُس نے جو کچھ پڑھا اور سیکھا تھا وہ سب فرخ کو پڑھا دیا۔

فوزیہ نے اپنے امی ابو سے کہا:”اگر آپ کو فرخ پر غصہ آئے تو اُسے مارنے کی بجائے پیار سے سمجھائیں“۔امی ابو نے ایسا ہی کیا۔وہ پہلے سے زیادہ فرخ کا خیال رکھنے لگے۔فرخ نے بھی کھیل کو چھوڑ کر اپنی پڑھائی پر توجہ دی۔یہ سب فوزیہ کی محنت ہی تو تھی۔وہ فرخ کو سبق آموز کہانیاں اور دنیا کے کامیاب لوگوں کے بارے میں دلچسپ باتیں بتاتی جس سے فرخ بالکل بدل گیا۔ساتھ ہی فوزیہ اپنی پڑھائی پر بھی توجہ دے رہی تھی اور پھر اُن کے سالانہ امتحان ہوئے۔رزلٹ آیا تو فوزیہ تو کامیاب ہوئی ہی اس بار فرخ نے بھی پوزیشن لے لی۔امی ابو بہت خوش تھے۔انہیں فرخ ایک بدلے ہوئے روپ میں نظر آیا تو انہوں نے خدا کا شکر ادا کیا کہ آخرکار اُن کا بچہ راہ راست پر آ گیا ہے۔

Browse More Moral Stories