Bahare Ki Kahani - Article No. 2307

Bahare Ki Kahani

بہارے کی کہانی - تحریر نمبر 2307

میرا نام بہارے ہے اور میں نورپور گاؤں کے آخری حصے والے گھر میں رہتی ہوں۔کچھ سال پہلے میرے امی ابو کا انتقال ہو گیا۔کوئی رشتے دار نہیں تھا،اس لئے میں نے خود ہی مٹی کے کھلونے بنا کر بیچنا شروع کر دیا

پیر 18 جولائی 2022

حمنہ محمد عقیل شاہ،لیاری
ہالہ میٹرک کی طالبہ تھی۔نماز جمعہ کے بعد سب کھانا کھانے بیٹھے ہی تھے کہ دروازے کی گھنٹی بجی۔ابو دروازہ کھولنے چلے گئے۔جب وہ کمرے میں آئے تو ان کے ساتھ ہالہ کی ہم عمر ایک لڑکی تھی۔امی کے پوچھنے پر اس نے بتایا کہ میرا نام بہارے ہے اور میں نورپور گاؤں کے آخری حصے والے گھر میں رہتی ہوں۔
کچھ سال پہلے میرے امی ابو کا انتقال ہو گیا۔کوئی رشتے دار نہیں تھا،اس لئے میں نے خود ہی مٹی کے کھلونے بنا کر بیچنا شروع کر دیا،مگر اب مٹی کے کھلونوں کا دور ختم ہو گیا ہے۔دو دن سے گھر میں کچھ پکانے کے لئے نہیں ہے۔آپ لوگ یہ کھلونے خرید لیں یا پھر مجھے کچھ کھانے کو دے دیں۔
ہالہ کو بہت دکھ ہوا بہارے کے بارے میں جان کر اس کی امی نے اس سے کھلونے لے کر اسے ایک ٹرے میں بریانی دی اور ابو نے کچھ پیسے بھی دیے۔

(جاری ہے)

اس نے امی سے درخواست کی کہ آپ مجھے اپنے گھر میں کام پر رکھ لیں۔میں ہر کام کر لیتی ہوں۔ہالہ کی امی کو اس سے ہمدردی تھی،اس لئے امی نے اسے دو دن بعد کام پر آنے کا کہہ دیا۔
ہالہ حیران تھی کہ امی اسے کام پر کیسے رکھ سکتی ہیں،کیونکہ انھیں کسی اور کا کام پسند نہیں تھا۔ہالہ نے امی سے پوچھا تو انھوں نے کہا کہ دو دن بعد بتاؤں گی۔
بہارے دو دن بعد آئی تو امی نے کہا کہ میں تمہیں کام پر رکھوں گی،لیکن تمہیں ہالہ کے ساتھ اسکول جانا ہو گا۔

بہارے یہ سن کر بہت خوش ہوئی۔امی ابو کے انتقال کے بعد اس نے اسکول چھوڑ دیا تھا اور اب یہ سنہری موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے سکتی تھی،اس لئے اس نے فوراً ہامی بھر لی اور ہالہ کی امی کا بہت شکریہ ادا کیا۔
اب وہ ہالہ کی دوست بن گئی تھی اور اسی گھر میں رہنے لگی تھی۔ہالہ کے ساتھ پڑھائی کرتی اور ہالہ کے ساتھ ہی گھر کا کام بھی کرتی۔ہالہ کی امی مہینے کے آخر میں اسے کچھ پیسے دینا چاہتی تھیں،مگر اس نے لینے سے انکار کر دیا کہ آپ میرا اتنا خیال رکھتی ہیں۔مجھے اسکول بھیج رہی ہیں۔یہاں مجھے کوئی تکلیف نہیں ہے۔میں آپ کا یہ احسان زندگی بھر نہیں بھلا سکتی۔بہارے ہر وقت اللہ سے گھر والوں کے لئے دعا کرتی تھی۔جن کے وسیلے سے اللہ نے اس کی زندگی کی مشکلات ختم کر دی تھیں۔

Browse More Moral Stories