Baya Ka Ghonsla - Article No. 2400

Baya Ka Ghonsla

بیا کا گھونسلہ - تحریر نمبر 2400

ایک دن تمام پرندے بیا کے گھونسلے میں آئے اور اُسے کہنے لگے کہ وہ اُنہیں بھی اپنے جیسا پیارا گھونسلہ بنانا سکھائے

بدھ 23 نومبر 2022

احمد عدنان طارق․․․․فیصل آباد
ایک دن تمام پرندے بیا کے گھونسلے میں آئے اور اُسے کہنے لگے کہ وہ اُنہیں بھی اپنے جیسا پیارا گھونسلہ بنانا سکھائے۔
بیا نے اُنہیں سکھانے کیلئے پہلے تھوڑی سی گیلی مٹی لی اور اُس کا جیسے ایک کیک سا بنا لیا جسے اندر سے اُس نے خالی رہنے دیا۔
ایک قلاع جو قریب ہی بیٹھا تھا بولا:”اچھا تو گھونسلہ اس طرح بناتے ہیں۔
“وہ وہاں سے اُڑا اور جا کر اپنا گھونسلہ بنانے لگا اور آج تک تمام قلاع اسی طرح گھونسلے بناتے ہیں۔
پھر بیا نے کچھ تنکے لئے اور اُنہیں گیلی مٹی کے باہر لگا دیا۔
ابابیل نے دیکھا تو بولی ”اچھا تو گھونسلہ اس طرح بناتے ہیں“ یہ کہہ کر وہ اُڑی اور آج تک تمام ابابیل اسی طرح گھونسلے بناتے ہیں۔

(جاری ہے)

پھر اُس نے کچھ اور گیلی مٹی لی اور تنکوں پر ایک اور تہہ جما دی۔


میاں الو نے دیکھا تو بولے:”اچھا تو گھونسلہ یوں بنتا ہے“ یہ کہہ کر وہ اُڑے اور آج تک ہر الو اسی قسم کا گھونسلہ ہی بناتا ہے۔
بیا نے پھر کچھ اور تنکے لئے اور مٹی کے چاروں طرف لگا دیئے۔اب اُڑنے کی باری چڑیا کی تھی۔پھر اسی طرح گھونسلہ بنتے دیکھ کر مینا بھی اُڑ گئی اور اُسی طرح گھونسلہ بنانا شروع کر دیا۔کسی پرندے نے انتظار نہیں کیا کہ گھونسلے کو مکمل ہوتا دیکھے۔

آخر فاختہ جو دیکھ بھی نہیں رہی تھی کہ بیا کس طرح گھونسلہ بنا رہا ہے بولنے لگی۔”دو لے لو۔دو لے لو۔“بیا نے اس کی آواز سنی تو اس کے منہ میں ایک تنکا تھا،اُس نے وہ نیچے رکھا اور کہنے لگا۔”نہیں ایک ہی کافی ہے“لیکن فاختہ بولتی رہی۔”دو لے لو۔دو لے لو۔“بیا نے نگاہیں اوپر کرکے فاختہ کو دیکھا۔تبھی اسے یہ بھی معلوم ہوا کہ سارے پرندے اُڑ گئے ہیں اور صرف فاختہ ہی وہاں ہے اور وہ بھی نہیں دیکھ رہی کہ اصل میں گھونسلہ کیسے بنتا ہے؟
بیا بہت ناراض ہوا اور کہنے لگا کہ اب وہ کسی کو گھونسلہ بنانا نہیں سکھائے گا۔بس یہی وجہ ہے کہ آج تک تمام پرندے مختلف انداز میں گھونسلے بناتے ہیں۔

Browse More Moral Stories