Behtareen Dost - Article No. 2050

Behtareen Dost

بہترین دوست - تحریر نمبر 2050

میرا کوئی ایک نہیں بلکہ بہت سارے دوست ہیں

پیر 30 اگست 2021

محمد حسیب،سکھر
حسن پانچویں جماعت کا طالب علم تھا اور جماعت کے ذہین لڑکوں میں اس کا شمار ہوتا تھا۔اسے کتابیں پڑھنے کا انتہائی درجے کا شوق تھا۔
آج حسن جب جماعت میں داخل ہوا تو استاد سبق پڑھاتے ہوئے دوستوں کی خصوصیات بتا رہے تھے کہ اچھے دوستوں کی کیا کیا نشانیاں ہوتی ہیں مثلاً وہ اچھے مشورے دیتے ہیں۔ہمیشہ ساتھ نبھاتے ہیں۔
بُرے وقت میں کام آتے ہیں۔نیکی کرتے ہیں اور نیکی کرنے کی ترغیب دیتے ہیں اور ساتھ ساتھ استاد نے جماعت کے تمام طلبا کو گھر کا کام دیا کہ وہ کل دوست عنوان سے مضمون لکھ کر لائیں۔جو سب سے اچھا مضمون لکھ کر لائے گا،اسے انعام دیا جائے گا۔
دوسرے دن جماعت کے تمام بچے دوست پر مضمون لکھ کر لائے کسی نے اپنے دوست پر مضمون لکھا کہ میرا دوست ایسا لڑکا ہے۔

(جاری ہے)

نماز پڑھتا ہے اور پڑھنے کی ترغیب دیتا ہے۔کاشف نے زاہد نامی دوست پر مضمون لکھا کہ زاہد کا جیسا نام ہے ویسا کام ہے۔بہت پرہیز گار ہے وعدہ پورا کرتا ہے،خوش اخلاق ہے اور غریبوں کی مدد کرتا ہے۔
حسن کا مضمون سب سے الگ تھا۔حسن نے لکھا:”میرا کوئی ایک نہیں بلکہ بہت سارے دوست ہیں“۔یہ دوست میری کتابیں ہیں جو ہر موقع پر میری رہنمائی کرتی ہیں۔
جب مجھے کسی بات کا علم نہیں ہوتا،مجھے علم عطا کرتی ہیں۔جب میں کچھ سوچتا ہوں تو میری سوچ کو حقیقت کا روپ دینے میں مدد کرتی ہیں۔انسان کی خدمت کرنے کا درس دیتی ہیں۔میرے دوستوں کی تعداد سینکڑوں میں ہے،جو سوتے وقت بھی میرے سرہانے ہوتی ہیں۔ان دوستوں کی وجہ سے میں یہ مضمون لکھ سکا ہوں۔وہ مجھ سے پیار کرتی ہیں۔میں ان سے پیار کرتا ہوں۔اللہ تعالیٰ میری اور ان کی دوستی سلامت رکھے۔آمین
سر ایاز نے جب حسن کا مضمون سنا تو حسن کو پاس بلا کر شاباش دی اور بہترین مضمون قرار دے کر ایک کتاب بطور تحفہ عنایت کی۔کتاب دیکھ کر حسن کے ہونٹوں پر مسکراہٹ تھی،کیونکہ اس کے دوستوں میں ایک اور اضافہ ہو گیا تھا۔

Browse More Moral Stories