Do Bail Aur Sher Ki Kahani - Article No. 2049

Do Bail Aur Sher Ki Kahani

دو بیل اور شیر کی کہانی - تحریر نمبر 2049

ان کی اس مثالی دوستی کی وجہ سے اس جنگل کا شیر ان پر ہاتھ نہیں ڈال سکتا تھا،اس نے جب کبھی ان میں سے کسی ایک پر حملہ کیا تو دونوں نے مل کر اس کی وہ درگت بنائی کہ شیر کو اپنی جان کے لالے پڑ جاتے

ہفتہ 28 اگست 2021

کسی جنگل میں دو بیل رہتے تھے ایک لال اور ایک سفید جن کی آپس میں گہری دوستی تھی۔ایک ساتھ گھومنا پھرنا اور چرنے کے لئے بھی ایک ساتھ آنا جانا۔
ان کی اس مثالی دوستی کی وجہ سے اس جنگل کا شیر ان پر ہاتھ نہیں ڈال سکتا تھا،اس نے جب کبھی ان میں سے کسی ایک پر حملہ کیا تو دونوں نے مل کر اس کی وہ درگت بنائی کہ شیر کو اپنی جان کے لالے پڑ جاتے۔

شیر نے ایک چال چلی لال بیل سے چکنی چپڑی باتیں کرکے اور روشن مستقبل کے سہانے سپنے دکھا کر اپنے ساتھ ملا لیا لال بیل اس کی باتوں میں آگیا کہ بیل کی دوستی کے مقابلے میں شیر کی دوستی زیادہ محفوظ نظر آرہی تھی۔
لال بیل جب شیر سے مل گیا اور سفید بیل اکیلا رہ گیا تو چند دنوں کے بعد شیر نے اس کے شکار کا پروگرام بنایا اور اس پر حملہ کر دیا۔

(جاری ہے)

پہلے تو دونوں مل کر شیر کو بھگا دیا کرتے تھے مگر اب اکیلے بیل کیلئے شیر کا مقابلہ مشکل ہو گیا۔
سفید بیل نے اپنے ساتھی بیل کو بہت پکارا،بہت آوازیں دیں،پرانی دوستی کے واسطے دیے اور بیل ہونے کے ناطے بھائی چارے کا احساس دلایا،مگر شیر کی دوستی کے نشے سے سرشار لال بیل ٹس سے مس نہ ہوا اور اپنی برادری کے ایک فرد کو شیر کے ہاتھوں چیر پھاڑ کا شکار ہوتا دیکھتا رہا۔

وہ آج بہت خوش اور مطمئن تھا کہ شکر ہے میں اس کے ساتھ نہیں تھا ورنہ آج میرا کام بھی اس کے ساتھ ہی تمام ہو جاتا۔
تھوڑے دن گزرے کہ شیر نے اسے بھی شکار کرنے کا پروگرام بنا لیا۔جب شیر نے اس پر حملہ کیا تو لال بیل نے زور سے ڈکارتے ہوئے جنگل کے باشندوں کو یہ پیغام دیا کہ․․․(میں تو اُسی دن قتل ہو گیا تھا جس دن سفید بیل قتل ہوا تھا)۔

Browse More Moral Stories