Dou Ratan - Article No. 2037

Dou Ratan

دو رتن - تحریر نمبر 2037

ایمانداری اور محنت

جمعہ 13 اگست 2021

ڈاکٹر ایف ایچ فاروقی
اس روز نویں جماعت کے طالب علموں نے دسویں جماعت کے طالب علموں کو الوداعی ضیافت کا انتظام کیا تھا۔اسکول کو بہت خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔
دعوت میں کھانے کا بہترین اہتمام کیا گیا تھا۔تقریب کے مہمان خصوصی ضلع کے کمشنر صاحب تھے۔تلاوت قرآن مجید کے بعد ہیڈ ماسٹر صاحب نے مختصر خطاب فرمایا اور کمشنر صاحب کا تعارف بھی کروایا۔
کمشنر صاحب کو خطاب کی دعوت دی گئی تو تمام طلبہ نے کھڑے ہو کر اور زور دار تالیاں بجا کر مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔انھوں نے تقریر کے دوران اپنی زندگی کا واقعہ بھی سنایا:
”آپ کی طرح جب میں نے دسویں جماعت پاس کی اور ہماری الوداعی ضیافت ہوئی۔اُس وقت کے مہمان خصوصی گورنر صاحب تھے اور انھوں نے اپنی تقریر کے دوران ہمیں دو انمول رتن دیے تھے اور یہ تاکید فرمائی تھی کہ تم میں سے کسی کو موقع ملے تو نئی نسل کو یہ انمول رتن ضرور دینا۔

(جاری ہے)

رتن کا مطلب ہوتا ہے قیمتی موتی۔میں دو رتن جو اس وقت آپ کو دے رہا ہوں،وہ دراصل دو قیمتی اُصول ہیں اور وہ ہیں ایمانداری اور محنت۔جو بھی ان قیمتی اُصولوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لے گا،وہ کبھی ناکام و نامراد نہیں رہے گا۔پڑھائی ہو یا کوئی دوسرا کام،مزدوری ہو کہ دکانداری۔تجارت ہو کہ سیاست،ہر میدان میں کامیابی کا راز ان دو اُصولوں میں چھپا ہوا ہے۔آج یہ دو رتن میں آپ کے حوالے کر رہا ہوں۔اللہ آپ کو ترقی دے۔“
تقریر کے اختتام پر تمام طلبہ نے خوشی سے تالیاں بجا کر مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور عہد کیا کہ وہ ہمیشہ محنت اور ایمانداری کو اپنی زندگی کا حصہ بنا کر کامیاب انسان بنیں گے۔

Browse More Moral Stories