Duck - Article No. 1943

Duck

بطخ - تحریر نمبر 1943

یہ ایسا پرندہ ہے جو اپنا زیادہ وقت پانی کے اندر گزارتا ہے

جمعرات 8 اپریل 2021

محمد فرحان اشرف
بطخ کا شمار پالتو پرندوں میں ہوتا ہے۔اسے دنیا بھر میں گوشت اور انڈوں کے لئے پالا جاتا ہے۔اس گروہ کے دیگر پرندے مرغابی اور ہنس ہیں۔دنیا میں بطخ کی 120 کے قریب اقسام پائی جاتی ہیں۔یہ ایسا پرندہ ہے جو اپنا زیادہ وقت پانی کے اندر گزارتا ہے۔اس کی کئی اقسام ہوا میں اُڑ سکتی ہیں۔گھروں میں پالی جانے والی بطخ زیادہ اونچا نہیں اُڑ سکتی۔
بطخ کی سب سے اہم نشانی اس کی چوڑی چونچ ہوتی ہے۔اس کی چونچ میں دندانے ہوتے ہیں،جن کی مدد سے یہ مختلف چیزیں پکڑ سکتی ہے۔چونچ میں دو چھوٹے چھوٹے سوراخ ہوتے ہیں،جو اس کی ناک کا کام دیتے ہیں۔اس کی چونچ دشمن پر حملہ کرنے کے لئے بھی استعمال ہوتی ہے۔یہ اپنی چونچ سے اپنے پروں میں کنگھی کرتی ہے۔

(جاری ہے)


جسامت
اس پرندے کا وزن ایک سے ڈیڑھ کلو گرام اور جسم کی لمبائی چونچ سے دُم تک تقریباً دو فیٹ ہوتی ہے۔

بطخ کی گردن لمبی،ٹانگیں مضبوط اور پیر جھلی دار چوڑے ہوتے ہیں،جن کی مدد سے یہ پانی کے اندر تیرتی ہے۔بطخ کے پَر عام طور پر سفید اور سیاہ ہوتے ہیں،لیکن اس کی کئی اقسام کے پَر رنگین ہوتے ہیں۔بطخ کی اوسط عمر دس سال تک ہوتی ہے۔
یہ پرندہ براعظم انٹارکٹکا (Antarctica) کے علاوہ ہر براعظم میں پایا جاتا ہے۔اس کی کچھ اقسام قطب شمالی کی ٹھنڈی جھیلوں کے کنارے پائی جاتی ہیں۔
بطخ گھاس پھونس،آبی پودے،چھوٹی مچھلیاں،کیڑے مکوڑے اور مینڈک وغیرہ کھاتی ہے۔اس کا انڈا مرغی کے انڈے سے بڑا ہوتا ہے۔انڈے کی زردی سرخی مائل پیلی اور مرغی کے انڈے سے بڑی ہوتی ہے۔مرغی کے انڈے سے اس کے انڈے میں زیادہ مقدار میں غذائیت پائی جاتی ہے۔انڈے کا چھلکا مضبوط ہوتا ہے،جس کی وجہ سے یہ دیر تک محفوظ رہتا ہے۔برسات کے موسم میں مادہ بطخ پانی کے قریب گھونسلا بنا کر اس میں سات سے سولہ تک انڈے دیتی ہے۔
ان انڈوں سے 28 دنوں کے بعد بچے نکل آتے ہیں۔انڈوں سے نکلتے ہی بچے اپنی ماں کے ساتھ پانی میں تیرنے لگتے ہیں۔بطخ گھونسلا بنا کر اسے اپنے پَروں سے سجاتی ہے۔
بطخ کے کئی دشمن ہیں۔گہرے پانی میں تیرتے ہوئے مچھلیاں اسے شکار کر لیتی ہیں۔بھیڑیا اور لومڑی اس کے بچوں کو موقع ملتے ہی کھا جاتے ہیں۔ڈک ہاک نامی عقاب بطخ کو شکار کر لیتا ہے۔انسانوں کی طرح بطخیں بھی آپس میں مل جل کر رہتی ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ بھی رکھتی ہیں۔
یہ پرندہ بہت جلد بیمار ہو جاتا ہے۔قدیم زمانے سے انسان اس پرندے کو پالتا آرہا ہے۔اہرام مصر کی دیواروں پر بھی اس کی تصاویر پائی گئی ہیں۔رومی لوگ انڈوں کے حصول کے لئے اسے پالتے تھے۔دنیا بھر میں بطخ کو پالنے کے بڑے بڑے فارم موجود ہیں۔بطخ کی فارمنگ ایک منافع بخش کاروبار ہے۔دنیا کے کئی ممالک میں لوک داستانوں میں اس پرندے کا ذکر ملتا ہے۔

کم گہرے پانی کی بطخ عام طور پر تالابوں،جھیلوں اور جوہڑوں کے کنارے رہتی ہے۔یہ پانی کی سطح پر تیرتی ہے اور وہیں سے خوراک حاصل کرتی ہے۔یہ خطرہ محسوس کرتے ہی اُڑ جاتی ہے۔زیادہ گہرے پانی میں رہنے والی بطخ خوراک کے حصول کے لئے پانی کے اندر دس فیٹ تک غوطہ لگاتی ہے۔اس قسم کی ایک بطخ لمبی دُم والی بطخ کہلاتی ہے۔جو پانی کے اندر 200 فیٹ کی گہرائی تک غوطہ لگا سکتی ہے۔پانی پر تیرتے ہوئے بھی یہ پانی میں بار بار غوطہ لگاتی رہتی ہے۔

Browse More Moral Stories