
Ghareeb Lakarhara - Article No. 1886
غریب لکڑہارا
اس کے گھر کے قریب ہی جنگل تھا،اس نے وہاں سے لکڑیاں کاٹیں اور بازار میں لے جا کر فروخت کر دیں۔اس سے اچھی خاصی آمدنی ہوئی اور یہ اس کی زندگی کا پہلا دن تھا جب اس نے اور اس کے بیوی،بچوں نے پیٹ بھر کر کھانا کھایا
ہفتہ 30 جنوری 2021

کسی گاؤں میں فضلو نامی محنت کش رہتا تھا۔وہ روز مزدوری کی تلاش میں گھر سے نکلتا تھا،جو کبھی مل جاتی اور کبھی اسے خالی ہاتھ واپس آنا پڑتا ۔اس کی آمدنی کا کوئی مستقل ذریعہ نہیں تھا۔دن بھر محنت مشقت کے بعد اسے جو اجرت ملتی،وہ اس کے اہل خانہ کا پیٹ پالنے میں ہی صرف ہو جاتی جس کے بعد پھر خالی ہاتھ ہوتا۔اسی طرح وقت گزرتا رہا اور اس کے بچے بڑے ہوتے گئے۔اب ان کی ضرورتیں اس کی قلیل آمدنی سے پوری نہیں ہوتی تھیں،اس آمدنی کا دارومدار بھی مزدوری ملنے پر تھا۔اسے کئی کئی روز تک بے کار بیٹھنا پڑتا تھا۔ضرورتیں بڑھنے کے بعد اس کی بیوی نے اس سے کہا کہ اب آمدنی کا کوئی مستقل ذریعہ تلاش کرو،بچے بڑے ہو رہے ہیں،ان کی تعلیم اور دیگر ضرورتوں کے لئے بھی پیسے کی ضرورت پڑے گی۔
(جاری ہے)
اگلے ہی روز وہ بازار گیا اور اس کے پاس جو تھوڑی بہت رقم تھی اس سے ایک کلہاڑا خرید کر لایا۔اس کے گھر کے قریب ہی جنگل تھا،اس نے وہاں سے لکڑیاں کاٹیں اور بازار میں لے جا کر فروخت کر دیں۔اس سے اچھی خاصی آمدنی ہوئی اور یہ اس کی زندگی کا پہلا دن تھا جب اس نے اور اس کے بیوی،بچوں نے پیٹ بھر کر کھانا کھایا۔لکڑیاں کاٹنے کا کام اس کا مستقل روزگار کا ذریعہ بن گیا اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی سے گھریلو حالات بہتر ہونے لگے۔وہ روز کوشش کرتا کہ زیادہ سے زیادہ لکڑیاں کاٹے تاکہ ان کی فروخت سے زیادہ پیسے آئیں ۔لیکن چند ماہ بعد ہی اس کے استعداد کار میں کمی آنے لگی اور اس کے کلہاڑے سے اتنی لکڑیاں نہیں کٹ پاتیں جتنی وہ ابتدائی دنوں میں کاٹتا تھا۔اس صورتحال سے اس کی روزانہ کی آمدنی بھی متاثر ہونے لگی اور اس کے گھریلو حالات پھر سے بدتر ہونے لگے۔
اس کی بیوی نے اس سے سبب پوچھا تو اس نے بتایا کہ اب اس سے پہلے کی طرح زیادہ لکڑیاں نہیں کاٹی جاتیں حالانکہ وہ تمام دن محنت کرتا ہے۔کلہاڑا درخت پر پہلے کی طرح نہیں چلتا جس کی وجہ سے اسے لکڑیاں کاٹنے میں دشواریوں کا سامنا ہوتا ہے۔اس کی بیوی نے انتہائی سوچ بچار کے بعد اپنے شوہر سے پوچھا،کہ اس نے کلہاڑا خریدنے کے بعد کتنی مرتبہ اس پر دھار لگوائی ہے،؟فضلو نے جواب دیا کہ اسے دھار لگوانے کا خیال ہی نہیں آیا،دوسری بات یہ کہ اگر میں کلہاڑا تیز کرانے جاؤں گا تو لکڑیاں کس وقت کاٹوں گا۔اس پر بیوی بولی کہ اگر کلہاڑے کو دھار لگوانے میں تھوڑا سا وقت صرف کر دو گے تو اس کی کارکردگی میں اضافہ ہونے کے بعد کم وقت میں زیادہ لکڑیاں کاٹ لو گے اور تمہیں مشقت بھی کم کرنا پڑے گی۔فضلو کی سمجھ میں بیوی کی بات آگئی اور اس کے بعد وہ باقاعدگی کے ساتھ کلہاڑے پر دھار لگوانے لگا،جس سے اس کی کارکردگی پہلے جیسی ہو گئی اور اس کے گھریلو حالات پھر سے بہتر ہونے لگے۔
مزید اخلاقی کہانیاں

رونے والا درخت
Roone Wala Darakht

ننھا مجاہد
Nanha Mujahid

باتونی آمنہ
Batooni Amna

کھودا پہاڑ نکلا چوہا
Khoda Pahar Nikla Chooha

چھوٹو
Chotu

دودھ کا دودھ پانی کا پانی کیسے ہوتا ہے
Doodh Ka Doodh Paani Ka Paani Kaise Hota Hai

سفید بلی (پہلا حصہ)
Safaid Billi - Pehla Hissa

آستین کا سانپ بننا
Aasteen Ka Saanp Banna

شرفو کی کہانی
Sharfoo Ki Kahani

جھوٹ مت بولیں
Jhoot Mat Bolain

میرا دوست
Mera Dost

ننھی چڑیا
Nanhi Chirya
Your Thoughts and Comments
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2022, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.