Himmat Wala - Article No. 2114

Himmat Wala

ہمت والا - تحریر نمبر 2114

ضروری نہیں ہے کہ خدا نخواستہ کوئی معذوری ہو صرف ہمت اور لگن کی ضرورت ہے

پیر 15 نومبر 2021

محمد سعد اسد،تونسہ شریف
بہت عرصہ ہوا،کسی شہر میں ”ٹومبو“ نام کا لکڑہارا رہتا تھا۔ایک دن ٹومبو جنگل میں لکڑیاں کاٹنے گیا تو ایک زہریلے سانپ نے اسے ڈس لیا۔ اس کا ہاتھ خوف ناک حد تک سوج گیا۔کسی رحم دل امیر شخص نے اس کا علاج کروایا،مگر زہر پھیلتا رہا۔آخر اس کا بایاں بازو کاٹنا پڑا۔اب وہ لکڑیاں نہیں کاٹ سکتا تھا۔
اس نے سوچا،کہیں ملازمت کر لوں،مگر پھر سوچا کہ ایک ہاتھ کٹے شخص کو کون ملازم رکھے گا۔آخر اس نے کوئی ہنر سیکھنے کا فیصلہ کیا۔
وہ ”کومفو کراٹے“ سیکھنے کے ادارے میں داخل ہوا تو وہاں موجود تمام لوگ اس پر ہنس پڑے کہ دیکھو یہ ایک ہاتھ کٹا شخص بھی ”کومفو کراٹے“ سیکھے گا۔کیا کومفو کراٹے سیکھنا اتنا آسان کام ہے۔

(جاری ہے)

ٹومبو نے سوچا کہ پلٹ جاؤں،مگر پھر ہمت کرکے کومفو کراٹے سیکھنے کا فیصلہ کر لیا۔


”کومفو کراٹے“ کے استاد نے اسے ہر روز صرف ایک داؤ سیکھنے کی نصیحت کی۔استاد نے اسے محض دس،بارہ داؤ سیکھائے کہ اسی طرح مخالف کو پچھاڑا جائے۔دس بارہ دنوں کے بعد استاد نے اپنے ایک شاگرد کے ساتھ اس کا مقابلہ کروایا۔ٹومبو نے چند ہی سیکنڈوں میں اسے گرا دیا۔استاد کے شاگردوں کو شکست دینا ٹومبو کا معمول بن گیا،کیونکہ استاد ہر روز کسی شاگرد اور ٹومبو کا مقابلہ کرواتا،مگر ٹومبو جیت جاتا۔

اسی دوران ”کومفو“ کے عالمی مقابلے کا اعلان ہوا۔ٹومبو نے اس میں بھی حصہ لیا۔فائنل تک ٹومبو مسلسل جیتتا رہا۔ٹومبو کے مدِمقابل کے دونوں ہاتھ سلامت تھے۔سب کا خیال تھا کہ ٹومبو ہار جائے گا۔پہلے راؤنڈ میں ٹومبو کو اگرچہ چوٹیں لگیں،مگر اس نے ہار نہیں مانی اور پہلے راؤنڈ کی طرح دوسرے راؤنڈ میں مقابلہ برابر کا رہا۔اگرچہ ٹومبو زخمی ہوا۔
تیسرا راؤنڈ شروع ہوئے ابھی محض بیس سیکنڈ ہی گزرے ہوں گے کہ ٹومبو نے مدِمقابل کو پچھاڑ دیا۔دور دور سے آئے ہوئے لوگ حیرت میں مبتلا تھے کہ کس طرح اس ایک بازو والے نے مسلسل پانچ سال تک فاتح رہنے والے کو ہرا دیا۔ٹومبو کو خود بھی یقین نہیں تھا،مگر جب ریفری نے اس کی فتح کا اعلان کیا تو وہ بہت خوش ہوا۔
مقابلے کے بعد وہ اپنے استاد کے پاس گیا۔
اس نے عقیدت سے استاد کو سلام کیا۔استاد نے اسے بتایا کہ ٹومبو میں نے تمہیں وہ داؤ سکھائے تھے کہ جن کا توڑ صرف اس وقت ہو سکتا ہے،جب کہ بایاں بازوں پکڑ لیا جائے۔“ٹومبو حیرت زدہ رہ گیا اور اپنے استاد کا شکریہ ادا کیا۔آپ بھی سب کچھ حاصل کر سکتے ہیں۔ضروری نہیں ہے کہ خدا نخواستہ کوئی معذوری ہو صرف ہمت اور لگن کی ضرورت ہے تو کیا خیال ہے؟

Browse More Moral Stories