Ittefaq Mein Barkat Hai - Article No. 2156

Ittefaq Mein Barkat Hai

اتفاق میں برکت ہے - تحریر نمبر 2156

جیسے ہی چڑیا کے بچوں کی چیخ و پکار سنی تو چڑیا کے تمام ساتھیوں نے کوے پر حملہ کر دیا

بدھ 5 جنوری 2022

محمد علیم نظامی
ایک تھی چڑیا اور ایک تھا کوا۔ان دونوں میں بلا کی دشمنی تھی۔چڑیا جب اپنے بچوں کے کھانے پینے کے لئے دانہ چگتی اور اپنے منہ میں ڈال کر دوبارہ سے کسی اور جگہ دانہ دُنکا چگتی،دوسری طرف کوا اس تاک میں رہتا کہ کب چڑیا اپنے بچوں کو اکیلا چھوڑ کر ان کے لئے کھانے پینے کا بندوبست کرے اور وہ چڑیا کی غیر موجودگی میں اس بچوں کو اپنا شکار بنائے۔

ایک دن چڑیا اپنے بچوں کے لئے دانہ دُنکا لینے کے لئے جب پرواز کرنے لگی تو کوا پکڑا گیا۔کیونکہ چڑیا نے کوے کی نیت کو بھانپ لیا تھا اور اس نے کوے پر حملہ تابڑ توڑ کرکے کوے کو ادھ موا کر دیا۔کوا جان بچا کر اپنے گھونسلے میں واپس چلا گیا جبکہ چڑیا کو یہ فکر لاحق ہو گئی کہ اس کی غیر موجودگی میں کوا کہیں پھر نہ اس کے بچوں پر حملہ نہ کر دے اور کہیں انہیں اپنی خوراک کا حصہ نہ بنا لے۔

(جاری ہے)

چنانچہ چڑیا نے اپنے دوسرے جانوروں کی مدد حاصل کرنے کی ٹھانی۔وہ سب سے پہلے کبوتر کے پاس گئی اور اُسے یہ سارا ماجرا سنایا۔کبوتر نے چڑیا کو یقین دلایا کہ وہ اس کے بچوں کی ہر ممکن مدد کرے گا اور اس کے بچوں کی حفاظت بھی کرے گا۔
پھر چڑیا فاختہ کے پاس گئی فاختہ نے بھی چڑیا کو ہر طرح سے مدد کا یقین دلایا۔اس طرح کرتے کرتے چڑیا نے تمام اُڑنے والے جانوروں کی حفاظت کی ذمہ داری لے لی۔
دوسرے دن کوا حسب معمول اس وقت جبکہ چڑیا اپنے بچوں کے کھانے پینے کا انتظام کرنے گئی۔تو اس کے گھونسلے پر ٹوٹ پڑا۔جیسے ہی چڑیا کے بچوں کی چیخ و پکار سنی تو چڑیا کے تمام ساتھیوں نے کوے پر حملہ کر دیا۔کوا کبھی اِدھر جاتا کبھی اُدھر جاتا لیکن اسے کچھ سجھائی نہ دیا۔
بالآخر کوے نے اس بات میں ہی اپنی عافیت سمجھی کہ یہاں سے بھاگ جائے چنانچہ کوا دُم دبا کر وہاں سے بھاگ گیا جبکہ چڑیا جب اپنی چونچ میں دانہ دُنکا لے کر اپنے گھونسلے میں بچوں کے پاس گئی اور انہیں صحیح سلامت پایا تو اس کی خوشی کی کوئی انتہا نہ رہی۔اس نے فرداً فرداً سبھی جانور ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے اس کے بچوں کی جان بچ گئی۔

Browse More Moral Stories