Jadui Qalam - Article No. 2173

Jadui Qalam

جادوئی قلم - تحریر نمبر 2173

اُس نے بچی کی عادات بدل کر رکھ دیں

منگل 25 جنوری 2022

تزئین ایک بہت شرارتی لڑکی تھی۔جو کسی کا کہنا نہیں مانتی تھی نہ کسی کا ادب کرتی تھی اور نہ کسی کو سلام کرتی۔
سکول میں بھی وہ کورس کی کتابیں پڑھنے کے بجائے چھپ کر پریوں کی کہانیاں پڑھتی رہتی تھی۔جب بھی کوئی ٹیچر اُس سے سبق سنتیں تو وہ اُنہیں کچھ نہیں سناتی تھی۔اُسے تو الف ب بھی صحیح طرح سے لکھنی نہیں آتی تھی لیکن وہ جھوٹ بڑی ڈھٹائی سے بولتی تھی۔

ایک روز سکول میں اُس کا قلم گم ہو گیا۔اُس نے اپنی ٹیچر سے کہا کہ ”میرا قلم کسی نے چرا لیا ہے۔“
ٹیچر نے پوچھا:”کیا تمہیں یقین ہے کہ یہ چوری ہی ہوا ہے؟“
وہ بولی:”ہاں میری کلاس کی لڑکیوں میں سے کسی نے چرایا ہے۔“
یہ سن کر ٹیچر مسکرائی اور اُسے ایک نیا اور خوبصورت قلم دے دیا اور کہا یہ ایسا قلم ہے کہ اس سے اچھا کرو گی تو اچھا لکھا جائے گا اور اگر کسی کے ساتھ برا کرو گی تو برا لکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایسا قلم اس سے پہلے کسی نے نہیں دیکھا تھا۔گھر پہنچ کر اُس نے جلدی جلدی اپنا ہوم ورک کیا اور پھر باغ میں کھیلنے کیلئے چلی گئی۔اُس نے دوبارہ پڑھنے کی تکلیف بھی نہیں کی اور دن بھر خوب ڈٹ کر شرارتیں کرتی رہی اور شام کو اپنے چھوٹے بھائی کی پٹائی بھی کی۔
اگلے روز ٹیچر نے تزئین سے کہا:”اپنا سبق سناؤ۔“
تزئین نے پڑھنا شروع کیا لیکن پھر شرمندہ ہو گئی۔جادو کے قلم نے اس کا ہوم ورک نہیں کیا تھا بلکہ اس کی سارے دن کی شرارتیں لکھ دی تھیں۔اُس دن کے بعد سے تزئین خاصی بدل گئی ہے۔اُسے پتا ہے کہ جب بھی شرارت کرے گی،جادو کا قلم سب لکھ دے گا۔

Browse More Moral Stories