Kamyabi Mil Gayi - Article No. 2169

Kamyabi Mil Gayi

کامیابی مل گئی - تحریر نمبر 2169

بری عادت ترک کرو‘زندگی بدلو اور کامیابیاں ہی کامیابیاں پاؤ

جمعرات 20 جنوری 2022

سلمان یوسف سمیجہ‘علی پور
دادو نے ٹیپو کو مایوس بیٹھا دیکھا تو اُس کے ساتھ آ بیٹھیں۔
”کیا ہوا میرے ننھے ٹیپو کو؟“دادو نے اُس کو پیار سے دیکھتے ہوئے کہا۔
”دادو“ٹیپو روہنسا ہو کر دادو کے گلے لگ گیا۔
”بولو بولو!گھبراؤ مت تم اپنے دل کی ہر بات مجھ سے شیئر کر سکتے ہو۔“
دادی نے محبت سے کہا تو ٹیپو نے بولنا شروع کیا:”وہ دادو!بات یہ ہے کہ ہم آج پھر میچ ہار گئے۔
یہی نہیں ہم پچھلے دس پندرہ دنوں سے مسلسل میچ ہارتے چلے آ رہے ہیں۔میں کوئی کامیابی حاصل نہیں کر سکتا‘ایسا لگتا ہے کہ کامیابیاں مجھ سے روٹھ گئی ہیں،میں کوئی بھی کام کروں اُس میں کامیاب نہیں ہو پاتا۔“ٹیپو اور زیادہ روہنسا ہو گیا۔
”اچھا!تو یہ بات ہے“دادو نے کہا:”لیکن جیسے تمہاری زندگی کے معمولات ہیں اُس سے تو ظاہر ہوتا ہے کہ تم کبھی کامیاب انسان نہیں بن پاؤ گے۔

(جاری ہے)


”کیا مطلب دادو؟میں نے کونسا برا کام کیا ہے کہ میں اپنی زندگی میں کوئی کامیابی حاصل نہیں کر سکتا!“معصوم انداز میں پوچھا۔
”تم کامیابیاں حاصل نہیں کر سکتے،میں تمہیں وجوہات بتاتی ہوں۔“دادو وجوہات بتانے لگیں:”پہلی وجہ تو یہ ہے کہ صبح سویرے نہیں اُٹھتے‘غفلت کی نیند سوتے رہتے ہو‘کاہلی اور سستی میں پڑے رہتے ہو‘دوسری وجہ یہ ہے کہ چڑچڑے رہتے ہو‘اللہ کو یاد نہیں کرتے‘حد سے زیادہ شرارتیں کرتے ہو نہ ہی اپنے کمرے کو صاف رکھتے ہو اور نا ہی گھر میں صفائی رکھتے ہو۔
ضد کرتے ہو‘اپنی فضول خواہشات پوری کرواتے ہو‘اس طرح کی کئی اور وجوہات میں جس سے تم کامیاب نہیں ہو پاتے‘اگر کامیابی پانا چاہتے ہو تو اپنی ساری بری عادت چھوڑ دو۔“
”ٹھیک ہے‘میں ایسا ہی کروں گا۔“ٹیپو نے کہا اور اپنی کہی بات پر عمل بھی کیا اُس نے ساری بری عادتیں چھوڑ دیں اور ایک شام وہ خوشی خوشی دادو کے پاس آیا اور خوشی سے بولا:”دادو!ہم میچ جیت گئے‘میں نے ساری بری عادات چھوڑ دیں اور آخرکار کامیابی پا ہی لی۔“دادو ٹیپو کی کامیابی پر خوش تھیں۔اب آپ کی باری ہے دوستو!بری عادت ترک کرو‘زندگی بدلو اور کامیابیاں ہی کامیابیاں پاؤ۔

Browse More Moral Stories