Khabar Geeri - Article No. 2342

Khabar Geeri

خبر گیری - تحریر نمبر 2342

کتے نے کیسے احسان کا بدلہ احسان سے اُتارا

منگل 30 اگست 2022

عائشہ یاسین
رافع ایک بہت ہی ہونہار بچہ تھا۔بڑوں کا ادب کرتا تھا اور سب کی مدد کے لئے ہمیشہ تیار رہتا تھا۔اسے جانوروں سے بھی بے حد محبت تھی۔وہ روز منڈیر پر بیٹھنے والی چڑیوں اور کوؤں کے لئے ایک تھال میں باجرہ اور ایک تھال میں پانی ڈالا کرتا۔ایک دن جب وہ گھر سے نکلا تو گلی کے کنارے اس کو ایک زخمی کتا نظر آیا۔
کتے کی حالت اتنی خراب تھی کہ وہ اُٹھ بیٹھ بھی نہیں پا رہا تھا۔رافع کو اسے دیکھ کر بڑا رحم آیا۔وہ فوراً گھر گیا اور مرہم پٹی کرنے کیلئے دوائیں ایک تھیلے میں ڈالیں اور ساتھ میں اس کے پینے کیلئے پانی اور کھانا بھی لے لیا۔جب رافع اس کتے کے پاس پہنچا تو وہ کچھ ڈر سا گیا۔رافع نے اس کا خوف دور کرنے کے لئے پہلے تو اس کو پانی پلایا اور کھانے کو دیا۔

(جاری ہے)

کتا بہت بھوکا پیاسا تھا لگتا تھا کہ اس نے صبح سے کچھ بھی نہیں کھایا تھا۔کتے نے رافع کو پیار بھری نگاہ سے دیکھا تو رافع کو بہت خوشی ہوئی۔پھر اس نے اس کے زخموں کی مرہم پٹی کی اور صبح آنے کا کہہ کر گھر آ گیا۔
دوسرے دن جب رافع اس کی خبرگیری کرنے گیا تو کتا وہاں موجود نہیں تھا۔یہ دیکھ کر رافع خوش ہوا کہ وہ صحت مند ہو کر اپنے گھر چلا گیا۔
ابھی وہ خوشی خوشی واپس آ رہا تھا کہ راستے میں اس کے پیچھے کچھ غنڈے لگ گئے رافع ڈر کے مارے سہم گیا غنڈے جیسے ہی اس کو پکڑنے کے لئے آگے بڑھے تو اس نے چیخنا شروع کر دیا مگر وہاں کوئی موجود نہ تھا جو اس کی مدد کو آتا کہ اچانک ایک کتے نے زور زور سے بھوکنا شروع کر دیا۔غنڈے ڈر کے مارے بھاگ کھڑے ہوئے۔رافع نے جب غور سے دیکھا تو یہ وہی کتا تھا جس کی اس نے مدد کی تھی۔رافع نے اس کو گلے لگایا اور اس طرح وہ دونوں اچھے دوست بن گئے۔آپ نے دیکھا۔کتے نے کیسے احسان کا بدلہ احسان سے اُتارا۔

Browse More Moral Stories