Khawab Badal Gaye - Article No. 1291

Khawab Badal Gaye

خواب بدل گئے - تحریر نمبر 1291

تزئین سونے ہی والی تھی،وہ لیٹی ہوئی جمائیاں لے رہی تھی اور اُس پیارے لباس کے بارے میں سوچ رہی تھی جو تھا تو

پیر 4 فروری 2019

احمد عدنان طارق ،فیصل آباد
تزئین سونے ہی والی تھی،وہ لیٹی ہوئی جمائیاں لے رہی تھی اور اُس پیارے لباس کے بارے میں سوچ رہی تھی جو تھا تو بڑوں کیلئے لیکن بازار میں ایک دکان میں لٹکا دیکھ کر وہ تو جیسے مچل ہی گئی تھی۔وہ شادی پر دلہن کے پہننے کا عروسی جوڑا تھا۔اُس نے سوچا کہ جب وہ بڑی ہوجائے گی تو وہ ضرور ایسا ہی لباس خریدے گی ۔


اُدھر معاذ کو بھی گہری نیند آرہی تھی۔وہ شام کو اپنے دوستوں کے ساتھ کھیلے ہوئے فٹ بال میچ کے بارے میں سوچ رہا تھا ،جمائی لے کر بولا:”جب میں بڑا ہو جاؤں گا تو پاکستان کی قومی ٹیم کی طرف سے کھیلوں گا اور دوسرے ملکوں کی ٹیموں کے خلاف گول کیا کروں گا۔
پھر وہ دونوں سو گئے۔خوابوں کی پری تزئین کی کھڑ کی سے اندر آئی ،وہ بچوں میں خواب بانٹتی پھر رہی تھی ۔

(جاری ہے)

وہ تزئین کے سرہانے کی طرف گئی اور پھر اُڑی اور معاذ کے گھر اُس کے کمرے میں اُس کے سر ہانے کی طرف چلی گئی لیکن اچانک وہ افسوس سے ہاتھ ملنے لگی،اُسے یاد آگیا تھا کہ غلطی سے بچوں کے خواب بدل گئے ہیں ۔
و ہ واپس تزئین کے کمرے میں گئی تو سوئی تزئین کو دیکھ کر لگ رہا تھا جیسے وہ کوئی بھر پور جوش والا خواب دیکھ رہی ہے ۔وہ بار بار بستر پر اُلٹ پلٹ ہورہی تھی ۔
اُس نے تکیہ مروڑ کر ہاتھوں میں لے رکھا تھا اور بار بار گول ،گول پکار رہی تھی پھر وہ پریشان ہو کر معاذ کے کمرے میں گئی۔اُسے نیند میں بھی لگتا تھا معاذ کسی پریشانی میں ہے ۔
وہ اپنی ٹانگوں کو باری باری ایسے ہلا رہا تھا جیسے کوئی شلوار پہن رہا ہو ۔پھر اچانک معاذ نیند سے بیدار ہو گیا اور غصے سے بولنے لگا اوہ کیا مصیبت ہے یہ کیسا لڑکیوں جیسا خواب میں نے دیکھا ہے ۔
میں تو خواب میں دلہنوں جیسا لباس پہننے لگا تھا۔“
تزئین بھی اچانک بیدار ہوئی اور غصے سے اُس کا بُرا حال ہو گیا ،جب اُس نے دیکھا کہ اُس کا بستر والا تکیہ اُس کے ہاتھوں میں ہے ،پھر بولی”فوٹ بال کا میرے ساتھ کیا تعلق ہے ۔آخر مجھے فٹ بال کا خواب کیوں آیا؟“
خوابوں کی پری کی ہنسی نکل گئی۔وہ اُن کے دوبارہ سونے کا انتظار کررہی تھی اور خود سے وعدہ کرتے ہوئے کہہ رہی تھی ۔اِس مرتبہ غلطی سے خوابوں کو تبدیل نہیں کروں گی۔

Browse More Moral Stories