Kheel Ke Fawaid - Article No. 1924

Kheel Ke Fawaid

کھیل کے فوائد - تحریر نمبر 1924

پیدل چلنے یا فٹ بال وغیرہ کھیلنے سے تمہارے پٹھے یعنی اعصاب مضبوط ہوں گے اور تم خود کو چست و توانا محسوس کرو گے

جمعرات 18 مارچ 2021

احمد نے جلدی سے دودھ کا گلاس پیا اور باہر بھاگا۔وہ اسکول میں ہونے والے کھیلوں کا شدت سے انتظار کر رہا تھا۔وہ اس سال ریس میں اول آنا چاہتا تھا۔وہ گزشتہ دو ماہ سے دوڑنے کی مشق کر رہا ہے۔اس کے والد بھی ایک انتہائی متحرک آدمی تھے۔انھوں نے احمد کو مشورہ دیا کہ جیتنے کے لئے وہ روزانہ دوڑ لگایا کرے۔احمد خوش تھا کہ آہستہ آہستہ اس کی دوڑنے کی صلاحیت بہتر ہو رہی ہے۔

آج احمد اپنے دوست عرفان سے پہلے پارک پہنچ گیا اور جلدی سے دو چکر بھی کاٹ لیے۔تھوڑی دیر بعد عرفان بھی آگیا۔دونوں دوستوں نے ایک ساتھ دوڑنا شروع کر دیا۔اچانک عرفان نیچے گر پڑا اور تیز سانسیں لینے لگا۔دونوں رک گئے۔
احمد:”عرفان!کیا ہوا؟“
عرفان:”مجھے کمزوری محسوس ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

مجھ میں مزید بھاگنے کی ہمت نہیں۔“
احمد:”عرفان!تم ریس میں کیسے شامل ہو گے۔


عرفان:”میں یہ جانتا ہوں،لیکن میں کیا کروں۔“
احمد:”اوہ!یہ آسان ہے۔میرے والد نے مجھے سب سمجھا دیا ہے،میں تمہیں سب بتاتا ہوں۔سب سے پہلے تمہیں اپنے وزن میں بہتری لانی ہو گی۔“
عرفان:”لیکن میرا وزن ٹھیک ہے۔“
احمد:”تم دیکھنے میں تو ٹھیک نظر آتے ہو،لیکن تم کو اپنا BMI ضرور چیک کرنا چاہیے۔“
عرفان:”بی ایم آئی کیا ہے؟“
”احمد:”یہ باڈی ماس انڈیکس (Body Mass Index) کا مخفف ہے۔
اس سے یہ پتا چلتا ہے کہ آپ اپنی عمر کے مطابق صحت مند ہیں یا نہیں۔“
عرفان:”تو مجھے کیا کرنا چاہیے؟“
احمد:”تمہیں روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ ورزش بھی کرنی ہو گی۔پارک میں روزانہ آؤ اور کچھ کھیل مثلاً فٹ بال کھیلو۔“
عرفان:”اس سے کیا ہو گا؟“
احمد:”پیدل چلنے یا فٹ بال وغیرہ کھیلنے سے تمہارے پٹھے یعنی اعصاب مضبوط ہوں گے اور تم خود کو چست و توانا محسوس کرو گے۔

عرفان:”ٹھیک ہے،میں روزانہ فٹ بال کھیلنے کی کوشش کروں گا۔“
احمد:”یہ بہت اچھا ہو گا۔اس کے ساتھ ساتھ صحت مند اور متوازن غذا بھی ضروری ہے۔جیسے تازہ سبزیاں اور پھل،جو ضروری وٹامنز اور معدنیات سے بھرپور ہوتی ہیں۔“
احمد نے بال اٹھاتے ہوئے کہا:”چلو،اب کھیلتے ہیں۔“
پیارے بچو!کھیل کود آپ کے لئے بہت ضروری ہے۔روزانہ ورزش کریں اور اچھی غذا کھائیں۔

Browse More Moral Stories