Kitabon Se Dosti - Article No. 2103

Kitabon Se Dosti

کتابوں سے دوستی - تحریر نمبر 2103

اپنے قیمتی وقت کو ضائع ہونے سے بچانا چاہتے ہیں تو کتابوں سے دوستی کر لیجئے

منگل 2 نومبر 2021

روبینہ ناز
ارسلان اور ریحان بہت اچھے دوست تھے۔دونوں ایک ہی کلاس میں پڑھتے تھے۔ان کا گھر بھی ایک ہی محلے میں تھا۔ریحان کو پڑھنے کا بہت شوق تھا۔وہ نصابی کتابوں کے ساتھ ساتھ دوسری کتابوں کا بھی بہت شوق سے مطالعہ کرتا تھا۔اس کا سب کچھ کتابیں ہی تھیں۔ ارسلان جب بھی اس سے کوئی سوال کرتا ریحان اس کا دلیلوں کے ساتھ جواب دیتا۔
جس سے ارسلان مطمئن بھی ہو جاتا اور اس کے اندر مطالعے کا شوق بھی پیدا ہوتا۔لیکن کھیل کود کے اس کے پاس وقت ہی کہاں تھا۔
ایک دن جب ارسلان ریحان کے گھر گیا تو وہ ارسلان کو اپنے کمرے میں لے گیا۔کمرے میں داخل ہوتے ہی ارسلان کی آنکھیں حیرت سے کھلی کی کھلی رہ گئیں۔کیونکہ پورا کمرہ مختلف کتابوں کی الماریوں سے بھرا ہوا تھا۔

(جاری ہے)

ریحان نے بتایا کہ ”انسان کی بہترین دوست کتاب ہے۔


ارسلان کے پوچھنے پر اس نے بتایا۔”یہ سب کتابیں میری ہیں جو میں نے اپنی جیب خرچ سے خریدی ہیں۔ریحان نے اسے واقعات کی ایک دلچسپ کتاب پڑھنے کو دی۔جس کا پہلا واقعہ پڑھنے کے بعد اسے اگلا واقعہ پڑھنے کا شوق ہوا۔اس طرح ارسلان نے وہیں کھڑے کھڑے لگ بھگ بیس پچیس صفحات پڑھ ڈالے۔اور ریحان سے کتاب پڑھنے کے لئے اپنے ساتھ گھر لے گیا۔
اب ارسلان روز شام کو گراؤنڈ میں جانے کے بجائے ریحان کے ساتھ اس کی لائبریری میں بیٹھ کر مطالعہ کرتا تھا۔
ارسلان بہت بدل چکا تھا۔کتابیں اس کی زندگی کا حصہ بن چکی تھیں۔اب وہ پیسوں کو فضول خرچ کرنے کے بجائے انہیں جمع کرتا اور ہر ماہ ریحان کے ساتھ جا کر کتابیں خرید لاتا کیونکہ وہ جان چکا تھا کہ کھیل کود میں وقت ضائع کرنا ہے اور کتابیں انسان کی بہترین اور وفادار دوست ہیں۔
دوستو!اگر آپ بھی کوئی اچھا دوست بنانا چاہتے ہیں اور اپنے قیمتی وقت کو ضائع ہونے سے بچانا چاہتے ہیں تو کتابوں سے دوستی کر لیجئے۔

Browse More Moral Stories