Mehnat Mein Azmat Hai - Article No. 1156

Mehnat Mein Azmat Hai

محنت میں عظمت ہے - تحریر نمبر 1156

یہ کہانی ہے ایک کسان کی جس کا نام احمد تھا۔ اس کے تین بیٹے تھے اور سب خوشی سے رہتے تھے مگر احمد کو ایک بات کی فکر رہتی تھی کہ اس کے تینوں بیٹے بہت سست اور کاہل تھے۔

جمعہ 10 اگست 2018

سنیلہ وقاص
یہ کہانی ہے ایک کسان کی جس کا نام احمد تھا۔ اس کے تین بیٹے تھے اور سب خوشی سے رہتے تھے مگر احمد کو ایک بات کی فکر رہتی تھی کہ اس کے تینوں بیٹے بہت سست اور کاہل تھے۔ احمدا نھیں جو کام بھی سونپتا وہ اسے کرنے سے بھاگتے یا بہت دیر سے کرتے اور اس طرح وقت بھی ضائع ہوتا ہے۔ وقت گزرنے پر تینوں بڑے ہوتے گئے اور مزید کام چور بھی۔

پھر بہت سوچنے کے بعد احمد کو ایک ترکیب سوجھی اس نے اپنے تینوں کام چور بیٹوں کو بلایا اوران سے کہا کہ پیارے بچوں! ہماری زمین کے نیچے سونا چھپا ہے جس کو پا کر ہم مزید امیر ہو جائینگے اور خوشحالی سے رہیں گے لیکن یہ سونا میں اکیلا تلاش نہیں کر سکتا۔ اس کے لئے مجھے تم تینوں کی ضرورت ہے۔ کسی اور کو بھی مدد کے لئے نہیں کہہ سکتا ورنہ وہ لوگ یہ سونا خود لے جائیں گے اس لئے میرے بچوں تمہیں میری مدد کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

تینوں بچے سونے کا سن کر بہت حیران ہوئے اور سونے کی تلاش کے لئے راضی ہو گئے۔ تینوں نے بڑے جوش و خروش اور محنت سے زمین کی کھدائی کرنا شروع کر دی۔ جب کھدائی مکمل ہو گئی اور سونا نہ ملا تو تینوں نے اپنے ابا سے پوچھا کہ یہاں تو کوئی سونا نہیں ہے کیا آپ نے ہم سے جھوٹ بولا تھا؟ احمد نے کہا، بالکل نہیں۔ جھوٹ بولنا بہت بری بات ہے میں نے بالکل جھوٹ نہیں بولا۔
احمد نے ان تینوں کو بیج دیئے اور کہا کہ زمین میں ڈال دو احمد نے کہا کہ بیٹا خزانہ یہی موجود ہے مگر تم لوگ جلدی کر رہے ہو اور جلدی کا کام شیطان کا ہے اب تم لوگ وضو کرو اور دعا کرو کہ تمہیں خزانہ مل جائے اور ہمارے علاقے میں خوب بارش ہو۔ تینوں نے ایسا ہی کیا اور ان کی دعا بھی قبول ہوئی اور خوب بارش ہوئی اور کچھ ہی دن میں زمین سے پودے اگنا شروع ہو گئے پھر کسان نے اپنے بیٹوں سے کہا کہ دیکھو یہ ہے وہ خزانہ جس کا میں نے تم لوگوں سے کہا تھا۔
جب کوئی شخص محنت کرتا ہے تو اسے اس کا پھل ضرور ملتا ہے۔ تینوں لڑکے اپنے ہاتھ سے لگائے پودوں کو بڑھتا دیکھ کر بہت خوش ہوئے اور اپنے بابا جان کے گلے لگ گئے اور کہنے لگے کہ ہم آئندہ سے ہمیشہ آپ کی مدد کرینگے اور اپنے پودوں کی بھی حفاظت کرینگے جسے کسان سن کر بہت خوش ہوا اور سب مل جل کر کام کرنے لگے۔ پیارے بچوں! اس کہانی سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ ہمیں ایک دوسرے کا خیال رکھنا چاہئے اور کام میں دوسروں کی مدد بھی کرنی چاہئے ۔محنت سے کئے کام کی بہت برکت ہوتی ہے۔

Browse More Moral Stories