Nanna Mujahid - Article No. 1175

Nanna Mujahid

ننھا مجاہد - تحریر نمبر 1175

”پاکستان کی سر زمین پرقدم رکھنے کی تڑپ دل میں لیے قافلے کا ہر فردلیوں سے دعائیں کررہا تھا ۔بھوک پیاس سے بے نیاز تھکن سے چور ہونے کے باوجود دل میں بس ایک ہی خواہش تھی کہ کسی طرح پاکستان پہنچ جائیں

پیر 10 اگست 2020

ارم فاطمہ
”پاکستان کی سر زمین پرقدم رکھنے کی تڑپ دل میں لیے قافلے کا ہر فردلیوں سے دعائیں کررہا تھا ۔بھوک پیاس سے بے نیاز تھکن سے چور ہونے کے باوجود دل میں بس ایک ہی خواہش تھی کہ کسی طرح پاکستان پہنچ جائیں ۔رات کا وقت تھا ۔پورے ملک میں فسادات برپا تھے ،مسلمانوں کا قتل عام ہورہا تھا ۔ماؤں کی گودیں اجڑ رہی تھیں ۔بہنوں بیٹیوں کی عزتیں پامال ہورہی تھیں ،مگر قدم نہیں رک رہے تھے ۔

میری آنکھوں کے سامنے میرے بھائی ،مان اور چچا کے پورے خاندان کو بیدردی سے قتل کر دیا گیا تھا ۔جانے کیسے مردہ لاشوں کے بیچ میں زندہ بچ گئی ۔اباپاکستان جانے کے لیے سامان لینے گئے تھے ۔اپنے پیاروں کی لاشوں کوچھوڑ کر مجھے سینے سے لگائے قافلے میں شامل ہوگئے ۔پاکستان جانے والے ہر قافلے پر بلوائیوں نے حملے کیامگر لوگوں کی ہمت نہیں ٹوٹی ،میں اور میرے ابا بھی ان چند خوش نصیبوں میں شامل تھے ،جنہوں نے پاکستان کی پاک سر زمین پر قدم رکھا ،ابھی آزادی کو اٹھارہ برس ہی گزرے تھے کہ ،دشمنوں نے ملک پر حملہ کردیا ،لیکن جو جذبہ آزادی کے وقت تھا وہی جذبہ اس وقت بھی دیکھنے کو ملا، قوم کی مائیں اپنے جوان بیٹوں کو ملک وقوم پر قربان کرنے سے پیچھے نہیں ہٹی تھیں ،ان میں وہی جذبہ زندہ تھا جو آزادی کے وقت ہندوستان کے مسلمانوں میں تھا ۔

(جاری ہے)

“دادی جان کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے ۔ہر سال جشن آزادی اور یوم دفاع کے مواقع پر دادی جان ہم سب بچوں کو پاکستان کے لیے دی گئی لازوال قربانیوں کی کہانی سناتی تھیں ۔اسد اور حمنہ ان کی باتیں سن کر اپنے دل میں ملک کے لیے ایک نیا ولولہ اور جوش محسوس کرتے تھے ۔ملک و قوم کے لیے کچھ کرنے کا عزم ان کے دل میں پیدا ہوتا تھا ۔ان کے اسکول میں یوم دفاع اسی شان کے ساتھ منایاجاتا تھا جس طر ح یوم آزادی ۔
اس بار بھی اسد نے ایک تقریر تیار کی تھی اور حمنہ نے ایک نظر پڑھنی تھی ۔دادی جان سے پاکستان کے لیے محبت اور تڑپ کودیکھ کر اسد نے بھی یہ فیصلہ کیاکہ وہ پاک آرمی جوائن کرے گااور اس ملک کے نادار بچوں کے لیے ایک بہترین اسکول بنائے گا ۔6ستمبر قریب تھی ،اس نے ابو سے فرمائش کی کہ ،” اس دن وہ انہیں واہگہ باڈر اور مینار پاکستان کی سیر کولے کر جائیں “۔
اس کے ابو دونوں بچوں کا جوش دیکھ کر خوش ہورے تھے ۔انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ انہیں ضرور لے کر جائیں گے ۔ملک میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات سے سب کے دل پریشان تھے ،سب دعا گوتھے کہ یہ دن خریت سے گزر جائے ۔اسد کہنے لگا ،” ہمیں اپنے وطن سے بے حد محبت ہے اگر اس کے لیے جان بھی قربان کرنی پڑی تو جان دیں گے “۔یوم دفاع سے چند دن قبل اسد اپنے ابو کے ساتھ اپنے اور حمنہ کے لیے اسکول فنکشن میں پہننے کے لیے فوجی یونیفارم خرید نے بازارگیا ۔
بازار میں خوب گھما گھمی تھی ،سب لوگ جوش وخروش سے خرید اری کررہے تھے ۔اسد اور اس کے ابو لوگوں کا جوش وخروش دیکھ کر خوش ہو رہے تھے ۔فوجی یونیفارم خرید نے کے بعد اس کے ابو دکاندار کو پیسے دے رہے تھے کہ اچانک اس نے ایک آدمی کو دیکھا جو ایک بہت بڑی دکان کے سامنے کھڑا تھا ،اس کے ہاتھ میں ایک کالے رنگ کا شاپرتھا جو اس نے دکان میں رکھ دیا ،کسی کا اس طرف دھیان نہیں گیا ۔
اسد پریشان ہو گیا ،ابھی وہ آدمی اس کے آگے سے گزرہی رہا تھا کہ اس نے شور مچا دیا ،اسے پکڑیں یہ اس بازار میں دھماکہ خیز چیز رکھ کر جارہا ہے ۔یہ سنتے ہی وہ آدمی تیزی سے بھاگ گیا۔کسی نے اسد کی بات سنی کسی نے نہیں سنی ۔بھگڈر مچ گئی ،سب لوگ اپنی جان بچانے کے لیے بھاگ رہے تھے ۔اسد نے اپنے ابو کو بتایا کہ اس دکان میں شاپر ہے اس کے ابو اس کا ہاتھ پکڑ کر بھاگنے لگے مگر وہ ہاتھ چھڑا کر ا س دکان کی طرف بھاگا ،وہ چاہتا تھا کہ اس شاپر کو اٹھا کر لوگوں سے دور لے جائے ،شاپر کو ہاتھ سے پکڑا ہی تھا کہ اس میں موجود بم پھٹ گیا اور وہ وہیں ڈھیرہوگیا۔
اُس کے والد سکتے میں اپنے معصوم بیٹے کی خون آلودلاش دیکھ رہے تھے جس نے اپنے دونوں ہاتھوں میں پاکستان کا جھنڈا تھام کر سینے سے لگارکھا تھا ۔6ستمبر کو یوم دفاع کی پروقار تقریب میں اس ننھے مجاہد کو خراج تحسین پیش کیاگیا ،اسے تمغہ جرات سے نوازاگیا ۔اس ننھے مجاہد کی ہمت اور قربانی نے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان مجاہد وں کی سرزمین ہے اس کا بچہ بچہ قربانی کے جذبے سے سرشار ہے ۔

Browse More Moral Stories