Naveed E Bahar - Article No. 1904

Naveed E Bahar

نوید بہار - تحریر نمبر 1904

سال کے چار موسم ہوتے ہیں،ہر موسم کی اپنی افادیت ہے

منگل 23 فروری 2021

راحیلہ مغل
پیارے بچو!سال کے چار موسم ہوتے ہیں،ہر موسم کی اپنی افادیت ہے۔سردیوں کے موسم میں کھانے پینے یا دھوپ سینکنے،گرم کمرے میں آرام کرنے،خوب نیند کے مزے لوٹنا اور شمالی علاقہ جات میں برف باری دیکھنے کا اپنا ہی مزہ ہے۔ہم خوش قسمت ہیں کہ چار موسموں سے لطف اندوز ہوتے ہیں دوسرے موسموں کی قدر ٹھنڈے ممالک میں رہنے والوں سے پوچھیں جہاں سارا سال سردی اور برف باری رہتی ہے اور وہاں کے باسی سارا سال گلے،نزلہ زکام کی بیماریوں میں مبتلا رہتے ہیں،اور جس دن دھوپ نکلنی ہے اس دن خوشی مناتے ہیں یہاں تو زیادہ تر لوگ ہر موسم سے جلد گھبرا جاتے ہیں اور آنے والے موسم کا شدت سے انتظار کرتے ہیں۔

جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ سردیوں کے بعد بہار کا موسم آتا ہے سردیوں کا موسم اب اپنی جانے کی تیاری میں ہے جبکہ موسم بہار کی آمد آمد ہے سردیاں جاتے جاتے کوئی نہ کوئی ”تحفہ“ دے جاتی ہیں اسے بچوں کی لاپروائی یا بے احتیاطی کہہ سکتے ہیں بہار کے آنے سے قبل ہی وہ گرمیوں کا سماں پیدا کر لیتے ہیں اس میں کوئی شک نہیں کہ بہار بڑا خوشگوار موسم ہوتا ہے ہر کوئی اسے پسند کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

کون ہے ایسا شخص جسے بہار کا موسم پسند نہ ہو گا۔اس موسم میں ایک خاص نکھار دیکھا گیا ہے ،موسم بہار میں نہ صرف ہر طرف ہریالی ہی ہریالی ہوتی ہے بلکہ آنکھوں کو تازگی بخشنے والے رنگ برنگے پھول کھل اُٹھتے ہیں اور خوش آمدید کہتے ہیں ان کے ساتھ ساتھ ننھے منھے بچوں کے چہرے بھی کھلکھلا اُٹھتے ہیں۔
گھروں کے اندر گرم کمرے میں بیٹھنے والے نونہال بھی اس موسم کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے گھروں سے باہر نکلنے میں دیر نہیں لگاتے وہ بھی کھلی ہوا میں جانا پسند کرتے ہیں،باہر سیر و تفریح کا پروگرام بناتے ہیں سکول میں ہاف ٹائم کے دوران کھلی گراؤنڈ میں خوب جی بھر کر کھیلتے ہیں۔
موسم بہار ایسا موسم ہے جس میں دھوپ بھی نہیں چھبتی بلکہ درخت کے سائے میں بیٹھنے سے بڑا سکون ملتا ہے۔اس موسم میں ننھے منھے دوست چڑیا گھر،تفریحی پارک یا پھر گراؤنڈ کا رُخ کرتے ہیں۔آپ نے دیکھا ہو گا کہ بھرپور سردی اور گرمی میں پارک ویران نظر آتے ہیں لیکن بہار کے موسم میں تفریحی گاہوں میں زیادہ رش ہوتا ہے۔سردی کا احساس نہ گرمی کی تپش کپڑے پہننے کا مزہ بھی آتا ہے اتنا پسینہ نہیں آتا کہ کپڑے بھیگ جائیں۔

موسم تیزی سے بدل رہا ہے جب بھی موسم بدلتا ہے تو اپنے کچھ نہ کچھ اثرات ضرور چھوڑتا ہے اور ہم اپنی ہی لاپرواہی کی وجہ سے بیماریوں میں مبتلا ہو جاتے ہیں چھوٹے بچوں پر اس لئے حملہ آور ہوتی ہیں کہ وہ موسم کی پرواہ نہیں کرتے کھیل کود کے بعد انہیں پیاس بہت لگتی ہے اور وہ تازہ پانی کی بجائے ٹھنڈا پانی یا ٹھنڈے مشروبات کو ترجیح دیتے ہیں اسی لئے وہ گلے کی بیماریوں میں مبتلا ہو جاتے ہیں ابھی ایسا موسم نہیں کہ ٹھنڈے مشروبات پیئے جائیں یا یک دم گرم کپڑے پہننا چھوڑ دیں۔
سردیوں کا موسم جب بہار میں داخل ہوتا ہے تو ٹھنڈے مشروبات پینے کو جی تو بہت چاہتا ہے دوسری طرف ہاف سلیو کپڑے پہننے کو بھی جی چاہتا ہے لیکن یہ دونوں ہی خطرے سے خالی نہیں،بڑے بزرگوں اور ماہرین کے مطابق اس موسم میں خاص احتیاط کی ضرورت ہے بے شک دوپہر کے وقت دھوپ کی تیزی جسم کو لگتی ہے لیکن ابھی مکمل طور پر موسم بہار نہیں آیا اور نہ ہی سردی نے الوداع کہا ہے۔یہ موسم انتہائی احتیاط کا موسم ہے زیادہ تر بدلتے موسم میں نزلہ زکام اور گلے کی بیماریاں جنم لیتی ہیں اور جب گلا زیادہ خراب ہو جائے تو بخار بھی ہو جاتا ہے پھر یہ موسم بہار کی بجائے”موسم بخار“ بن جاتا ہے۔

Browse More Moral Stories