Naya Kheel - Article No. 2191

Naya Kheel

نیا کھیل - تحریر نمبر 2191

جانوروں نے مل کر خوشی کے نغمے گائے اور بہت خوش ہوئے کہ آج انہوں نے جنگل میں ایک نیا کھیل کھیلا

بدھ 16 فروری 2022

آج بی بندریا اور ان کے ساتھی گہری سوچ میں گم تھے۔آج انہیں کوئی ایسا کھیل کھیلنا تھا،جو انہوں نے کبھی نہ کھیلا ہو،لیکن کافی سوچ بچار کے بعد بھی کوئی نیا کھیل ذہن میں نہیں آ رہا تھا۔کچھ دیر بعد بارش شروع ہو گئی،سب جلدی سے اپنے اپنے گھروں کی طرف روانہ ہو گئے۔صبح ہونے پر بادل چھٹ گئے،سورج کی کرنیں درختوں کو چھونے لگیں۔سب جانور دوبارہ سے کسی نئے کھیل کے بارے میں سوچنے لگے۔

بی لومڑی کو ایک جگہ بہت سارے ناریل نظر آئے۔بی لومڑی جوش میں اُٹھی اور ناریل کو سر سے اِدھر اُدھر کھسکانے لگیں۔ایک ناریل اُڑ کر درخت پر جا کر لگا۔اتنے میں بی بندریا کو خیال آیا کہ کیوں نہ ناریل سے ہی کھیلا جائے۔سب جانوروں نے ناریل پر لات مارنا شروع کر دی۔جب سب تھک گئے،تو انہوں نے اس کھیل کا میچ کرانے کا سوچا۔

(جاری ہے)

میچ کرانے سے پہلے بادشاہ سلامت شیر سے اجازت لینی تھی۔

اس کام کے لئے سب نے بی مرغی کا نام تجویز کیا،جو بہت تمیزدار تھی۔بادشاہ سلامت سے بھی اجازت مل گئی۔سب نے کھیلنے کی تیاریاں شروع کر دیں۔
چیل اور عقاب کا کام تھا کہ وہ تیز آنکھوں سے اچھا سا میدان ڈھونڈیں۔بندر اور چوہے کا کام تھا کہ وہ گول کے لئے لکڑیاں جمع کریں۔ چیتے اور لومڑی کی یہ ذمہ داری تھی کہ وہ لکڑیوں کو اچھے طریقے سے سنوار کر گول بنائیں۔
باقی جانوروں نے بھی گراؤنڈ بنانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا،شتر مرغ نے امپائر کے فرائض انجام دینے تھے۔اب سب سامان تیار ہو چکا تھا۔صرف کل کا انتظار تھا۔پھر آخرکار انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں اور صبح ہو گئی۔
دو ٹیمیں بنائی گئیں،ہر ٹیم چھ چھ کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔ایک ہاف پندرہ منٹ کا مقرر کیا گیا۔یہ میچ ونر 2 اور وکٹری 2 کے درمیان تھا۔
ونر 2 کی ٹیم میں چیتا،چیل،کوّا،بیل،بکرا اور عقاب تھے۔دوسری ٹیم میں لومڑی،گیدڑ،زرافہ،مرغا،بطخ اور زیبرا پر مشتمل تھی۔اب میچ شروع ہو چکا تھا۔پہلے پانچ منٹ میں تو کسی کو کھیلنا ہی نہیں آ رہا تھا۔زرافے نے اتنی اونچی کِک ماری کہ سب جانور دیکھتے ہی رہ گئے۔پھر عقاب جلدی سے اُڑا اور گیند کو لے آیا۔چھٹے منٹ میں چیل نے چیتے کو بہت تیز پاس دیا۔
چیتے نے اپنی برق رفتاری دکھائی اور لومڑی کو گراتے ہوئے بہت تیز کِک مار کر ونر 2 کی طرف سے گول کی شروعات کیں۔پندرہ منٹ ختم ہونے تک لومڑی نے بہت کوشش کی،مگر وہ گول بنانے میں ناکام رہی۔
اب دوسرے ہاف کے بارہ منٹ گزر چکے تھے،اب وکٹری 2 کے لئے گول کرنا ضروری ہوتا جا رہا تھا۔زرافے نے گیدڑ کو پاس دیا۔گیدڑ نے بطخ کی جانب گیند اُچھال دی۔
بطخ نے گول کرنے کی کوشش کی،مگر کوّے نے عمدہ گول کیپنگ کرتے ہوئے گول بچا لیا۔اس کے ساتھ میچ کا اختتام ہو گیا۔میچ کے مہمانِ خصوصی جنگل کے بادشاہ شیر نے سب کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا۔آخرکار میچ کے فاتح ونر 2 رہے۔ تمام جیتنے اور ہارنے والے جانوروں نے مل کر خوشی کے نغمے گائے اور بہت خوش ہوئے کہ آج انہوں نے جنگل میں ایک نیا کھیل کھیلا۔

Browse More Moral Stories