Noni Ka Karnama - Article No. 1176

Noni Ka Karnama

نونی کا کارنامہ - تحریر نمبر 1176

نونی ایک ننھا سے گدھا تھا اور آج کل سخت اُکتا ہٹ کا شکار تھا ۔جس کھیت میں وہ رہتا تھا ،وہاں صبح وشام زندگی بس ایک ہی طرح گزررہی تھی اور اُسکی خواہش تھی کہ کوئی تو تبدیلی ہو ۔

بدھ 5 ستمبر 2018


احمد عدنان طارق․․․فیصل آبا د
نونی ایک ننھا سے گدھا تھا اور آج کل سخت اُکتا ہٹ کا شکار تھا ۔جس کھیت میں وہ رہتا تھا ،وہاں صبح وشام زندگی بس ایک ہی طرح گزررہی تھی اور اُسکی خواہش تھی کہ کوئی تو تبدیلی ہو ۔ایک دن وہ بولا ؛”میں جنگل میں جارہا ہوں شاید وہاں کچھ نیا مِل جائے۔“گھوڑوں نے ہنہنا تے ہوئے اُسے منع کرتے ہوئے کہا ؛”ننھے نونی جنگل میں مت جاؤ ۔

بہتریہی ہے کہ تم اپنے کھیت میں ہی رہو ۔جنگل میں خطرہ ہے ۔ننھا گدھا بولا؛”میں اِسی خطرے کو ڈھونڈ نے تو جارہاہوں ۔“وہ ارادہ کر چکا تھا ۔پھر ایک دن سب کی آنکھ بچا کر وہ دوڑتا ہوا جنگل کی طرف چلا گیا ۔اُسکی ملاقات جنگل میں ایک گلہری سے ہوئی جسکی بڑی سی دم تھی ۔وہ جلدہی آپس میں دوست بن گئے ۔

(جاری ہے)

نونی نے اُسے پوچھا ؛”یہاں کوئی خطرہ بھی ہے یا نہیں “۔

گلہری نے بتایا کیوں نہیں ایک سرخ لومڑی نزدیک ہی رہتی ہے اور وہ بہت چالاک ہے“۔گدھے نے کان کھڑے کئے او ربولا ؛“میں نہیں ڈرتا میں اُسے ملناچاہوں گا “۔گلہری بولی ؛جب تم اُسے دیکھو گے ایسا نہیں کہو گے تم واپس اپنے کھیت میں چلے جاؤ تو تمہیں کوئی خطرہ نہیں ہوگا ۔نونی کوکئی جانور ملے ،سب نے اُسے سمجھایا کہ اُسے لومڑی سے بچنا چاہیے ۔
تبھی ایک شیطانی آواز اُ ن کے کانوں سے ٹکرائی ۔”کیا سب میرے متعلق بات کررہے ہیں “۔سب جانوروں نے خوفزدہ ہوکر آواز کی طرف دیکھا تو وہاں لومڑی اپنی مکارمسکراہٹ سمیت کھڑی تھی ۔سبھی جانور مڑے اور بھاگ کھڑے ہوئے ۔لیکن نونی اپنی جگہ سے نہیں ہلا ۔پھر اچانک اُس نے سر اُٹھایا اور اتنی اونچی آوا زمیں رینکا کہ پورا جنگل سر پر اُٹھالیا ۔
لومڑی اچانک سٹپٹاگئی اور پھر خوفزدہ ہو گئی ۔اُس نے پوری زندگی میں اتنی خوفناک اور بھیانک آواز نہیں سنی تھی ۔اُس نے نچبے اُٹھا کر کانوں پر رکھ لئے اور چھپنے کیلئے قریبی جھاڑیوں میں چھلانگ لگا دی ۔وہ اتنا تیز بھاگ رہی تھی کہ اُسے خود پتا نہیں تھا کہ وہ کدھر جا رہی ہے اور پتا ہے وہ کبھی جنگل واپس نہیں آئی ۔جنگل کے سبھی جانوروں نے لومڑی سے پیچھا چھڑوانے پر نونی کا شکریہ اداکیا ۔
نونی بھی بہت خوش تھا کہ آخر اُس نے بھی زندگی میں کوئی کارنامہ سر انجام دے دیا ۔تمام جانور اُسے کھیت تک واپس چھوڑنے آئے اور اُسے خدا حافظ کہا ۔تمام ہرن ،پرندے اور خرگوش اُسے درخواست کرنے لگے کہ وہ جنگل آیا کرے ۔پھر جب بھی نونی اُکتا تا تو دوڑ تا ہو ا جنگل آجاتا تا کہ اپنے جنگل کے دوستوں سے گپ شپ لگائے ۔ابھی بھی اُس کا دل کرتا ہے کہ کوئی اور کارنامہ سر انجام دے ۔

Browse More Moral Stories