Pinki Roomi Or Ramzan - Article No. 1721

Pinki Roomi Or Ramzan

پنکی رومی اور رمضان - تحریر نمبر 1721

پنکی اور رومی بڑے مزے مزے سے باتیں کر رہی تھیں وہ سمجھ رہی تھیں کہ ان کی باتیں کوئی نہیں سن رہا ،ان کے خیال میں امی سو رہی تھیں

منگل 28 اپریل 2020

سیدہ عطرت بتول نقوی
پنکی اور رومی بڑے مزے مزے سے باتیں کر رہی تھیں وہ سمجھ رہی تھیں کہ ان کی باتیں کوئی نہیں سن رہا ،ان کے خیال میں امی سو رہی تھیں لیکن امی جاگ بھی رہی تھیں اور ان کی باتیں سن بھی رہی تھیں ان کو ہلکے سردرد کی وجہ سے نیند نہیں آرہی تھی وہ قریب ہی صوفے پر بیٹھی دونوں لڑکیوں کو خاموش ہونے کا کہنے ہی والی تھیں کہ ان کو گفتگو کے موضوع کا اندازہ ہو گیا اس لئے وہ خاموش ہو کر باتیں سننے لگی تاکہ پوری بات سن لیں پھر کچھ کہیں،پنکی کہہ رہی تھی تو پھر ڈن ہے نارومی؟افطاری کے بعد رات کو سحری تک جاگا کریں گے اور فلمز دیکھیں گے ڈینو سار والی اور الہ دین مجھے بہت پسند آئی تھی وہ میں دوبارہ دیکھوں گی ،ڈن رومی بولی اور میں نے موبائل میں کافی گیمز اپ لوڈ کرلی ہیں روزے میں گیمز کھیلیں گے تو اچھا ٹائم پاس ہو جائے گا۔

(جاری ہے)


بہت مزا آئے گا اور پنکی یاد آیا کہ تم کہیں نوریہ کو نہ انوائٹ کر لینا مجھے بہت بُری لگتی ہے بہت اتراتی ہے جیسے کہیں کی شہزادی ہو ۔لیکن اس سے دوستی ہے اور وہ گھر کے قریب رہتی ہے اگر اس کا موڈ ہوا تو ہمارے ساتھ انجوائے کرے گی؟پنکی بولی ،اسے زیادہ لفٹ نہیں کروائیں گے۔ رومی نے کہا اب امی کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا تھا وہ اٹھ کر بیٹھ گئیں، امی آپ جاگ گئیں؟رومی اور پنکی بیک وقت بولیں ،میں سو نہیں رہی تھی بلکہ تمہارے پروگرام سن رہی تھی جو تم نے رمضان کے مبارک مہینے کے لئے بنائے ہیں۔

کیا تمہیں ذرا بھی رمضان کی اہمیت معلوم نہیں؟رمضان کے روزے اللہ تعالیٰ نے اس لئے فرض کئے ہیں کہ ہماری عادات بہتر ہوں اور ہماری ایسی ٹریننگ ہو جائے کہ برے کاموں سے بچیں اور تم ایسے پروگرام بنا رہی ہو جس میں رمضان کو تم نے صرف تفریح کرنے کا مہینہ سمجھ لیا ہے۔
امی کا غصہ دیکھ کر دونوں ایک دوسرے کو کہنے لگیں پہلے تم نے کہا تھا ،نہیں پہلے تم نے کہا تھا ،خاموش ہو جاؤ امی بولیں ،میری بات غور سے سنو ،غیبت کرنا یعنی کسی کی غیر موجودگی میں اس کی برائی کرنا ویسے ہی بری بات ہے لیکن رمضان کے مقدس مہینے میں تو اور زیادہ بری بات ہے اور تم دونوں اپنی دوست کی نہ صرف اب غیبت کررہی ہو بلکہ رمضان میں بھی اس کے ساتھ کچھ غلط کرنے کا سوج رہی ہو ،رمضان صرف بھوکا پیاسا رہنے کانام نہیں بلکہ ہر برائی سے بچنے کا نام ہے ،روزہ رکھ کر ٹائم پاس کرنے کے لئے فلمیں دیکھنا، میوزک سننا ،گپیں لگانا صحیح نہیں،اپنے اندر ہر غلط عادات کو ختم کرنے کا نام رمضان ہے ،عبادت کے ساتھ دوسروں کا احساس کرنا ،اچھی کتب کا مطالعہ کرنا، اپنی تعلیمی کمزوری کو دور کرنا ،ماں باپ کا کہنا ماننا یہ سب ہونا چاہیے ،رومی اور پنکی نے امی سے سوری کیا کہ وہ غلط سوچ رہی تھیں اب وہ رمضان ایسے ہی گزاریں گی جیسے امی نے سمجھایا۔

Browse More Moral Stories