Tanha Lomri - Article No. 2080

Tanha Lomri

تنہا لومڑی - تحریر نمبر 2080

جب وہ اکیلی رہ جائے گی تو لازمی اُس کی عقل ٹھکانے آجائے گی

منگل 5 اکتوبر 2021

تبسم بشیر حسین،ڈنگہ
کسی جنگل میں بہت سارے جانور رہتے تھے،سب بہت پیارے تھے اور بہت پیار سے رہتے تھے۔اُن ہی میں ایک بہت شرارتی لومڑی تھی۔تھی تو وہ بہت چھوٹی مگر اُس نے بڑے بڑے جانوروں کو تنگ کر رکھا تھا۔سب جانوروں نے اُسے بہت برداشت کیا مگر کب تک؟
ایک دن سب جانور ایک جگہ جمع ہو گئے اور لومڑی کو سبق سکھانے کا ایک منصوبہ بنایا۔
اُنہوں نے طے کیا کہ وہ سب جنگل کی سب سے پرانی غار میں جا کر چھپ جائیں گے اور جب وہ اکیلی رہ جائے تو لازمی اُس کی عقل ٹھکانے آجائے گی۔اگلی صبح لومڑی پھر سے دورے پر نکلی کہ کیوں نہ کسی کو پریشان کیا جائے؟
وہ سارا سارا دن گھومتی رہی مگر اُسے کوئی نہ ملا۔اُس نے سوچا کہ کل پھر کوشش کرے گی۔ایسے ہی کئی دن گزر گئے،اب وہ اکیلی رہ کر تنگ آگئی تھی۔

(جاری ہے)

ایک دن وہ اکیلی جنگل میں گھوم رہی تھی کہ اُسے خیال آیا،اُس نے ہمیشہ دوسروں کو تنگ ہی کیا ہے،دوسرے کو پریشانی دی،اُن کا بُرا چاہا،اس لئے کوئی اُس کے نزدیک نہ آتا تھا،وہ ایسا نہ کرتی تو یقینا سب اُس کے ساتھی ہوتے۔اب وہ جنگل کے ہر کونے میں جاتی اور ”مجھے معاف کر دو“ کی صدا لگاتی اور روتی رہتی۔
وہ غار کے قریب صدا لگا رہی تھی اور رو رہی تھی کہ سب جانور باہر آگئے۔وہ اُنہیں دیکھ کر بہت خوش ہوئی،اپنی غلطی کی معافی مانگی اور وعدہ کیا کہ آئندہ ایسا نہیں کرے گی اور اس کے بعد سب جنگل میں خوشی خوشی رہنے لگے۔پھر لومڑی نے اُنہیں کبھی پریشان نہ کیا کیونکہ وہ اکیلے پن سے ڈر گئی تھی۔اس کے بعد جنگل میں خوشی ہی خوشی تھی۔

Browse More Moral Stories