Beaver - Nanha Engineer Janwar - Article No. 1847

Beaver - Nanha Engineer Janwar

بیور ننھا انجینئر جانور - تحریر نمبر 1847

بیور (Beaver) دنیا کا دوسرا سب سے بڑا کُترنے والا جانور ہے

جمعہ 11 دسمبر 2020

محمد فرحان اشرف
بیور (Beaver) دنیا کا دوسرا سب سے بڑا کُترنے والا جانور ہے۔یہ خشکی اور تری دونوں جگہ رہ سکتا ہے۔دنیا میں سب سے بڑا کُترنے والا جانور کیپی بارا (Capybara) ،دوسرے نمبر پر بیور اور تیسرے نمبر پر خارپشت ہے۔بیور دریا،چھوٹی جھیل،ندی اور دلدلی علاقوں میں رہتا ہے۔اسے حیوانات کی دنیا کا انجینئر بھی کہا جاتا ہے،کیونکہ یہ اپنا گھر انتہائی مہارت سے بناتا ہے۔

سب سے پہلے اپنے تیز دانتوں سے کسی بڑے درخت کو کُتر کر گراتا ہے،جس سے دریا یا تالاب کا پانی رک جاتا ہے یا پانی کا رُخ تبدیل ہو جاتا ہے۔اس کے بعد یہ درخت کے تنے اور اس کے گرد گیلی مٹی پر مضبوط شاخوں اور پتوں سے اپنا گھر بناتا ہے۔بیور کا گھر گنبد نما ہوتا ہے ،جسے لاج (lodge) کہا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس میں آنے اور جانے کے دو راستے رکھے جاتے ہیں۔بیور کا گھر بعض اوقات دس فیٹ تک اونچا ہو سکتا ہے۔

اپنے گھر میں تازہ ہوا کے لئے بیور چھت پر ایک سوراخ بھی رکھتا ہے۔بیور اپنے گھر کی نچلی سطح کو چھوٹی چھوٹی لکڑیوں کی تہ جما کر بناتا ہے۔اس طرح لکڑی کی یہ تہ نمی کو جذب کر لیتی ہے۔اپنے گھر کو دوسرے جانوروں سے بچانے کے لئے راستوں کے گرد گیلی اور مٹی اور گارے کی تہ لگاتا ہے۔بیور اپنے جسم سے ایک خاص کیمیکل بھی خارج کرتا ہے،جس کی مخصوص بُو اس کے گھر کی نشانی ہوتی ہے۔

دنیا میں بیور کی صرف دو اقسام پائی جاتی ہیں:یوریشین اور امریکی بیور۔یوریشین (Eurasian) بیور یورپ کے مشرقی اور شمالی ممالک میں جب کہ امریکی بیور براعظم شمالی امریکا کے ممالک کینیڈا،امریکا اور میکسیکو میں پایا جاتا ہے۔
بیور کا جسم چار فیٹ تک لمبا اور وزن تین کلو گرام تک ہوتا ہے۔اس کی کھال بھوری یا سیاہ رنگ کی ہوتی ہے۔اس کے پچھلے پیر بطخ کے پیروں کی طرح جھلی دار ہوتے ہیں۔
بیور کی دُم چپٹی اور کشتی کے چپو جیسی ہوتی ہے۔اگلی ٹانگیں پچھلی ٹانگوں سے چھوٹی،لیکن بھاری ہوتی ہیں۔ بیور کی کھال پر نمی اثر نہیں کرتی،کیونکہ اس کی کھال خاصی موٹی ہوتی ہے۔اس کے علاوہ بیور اپنے جسم سے ایک تیل خارج کرتا ہے،جو نمی سے کھال کو بچاتا ہے۔بیور کے دانت ساری عمر بڑھتے رہتے ہیں اور اس کے منہ سے باہر نکل آتے ہیں۔دانتوں کے اگلے حصے کسی درخت کو کُترتے وقت ٹوٹ بھی جاتے ہیں۔
بیور کے مضبوط دانت بڑے سے بڑے درخت کا تنا چھے سات گھنٹوں میں کُتر کر گرا دیتے ہیں۔
امریکی بیور کی کھال بھوری اور دُم سیاہ رنگ کی ہوتی ہے۔یہ دو سے تین فیٹ لمبا اور پچیس کلو گرام تک وزنی ہوتا ہے۔یہ براعظم شمالی امریکا کے بڑے دریاؤں،جھیلوں اور ندیوں کے کنارے پایا جاتا ہے۔جب یہ بڑے بڑے درخت گرا کر پانی کا راستہ تبدیل کر دیتا ہے تو بعض دفعہ مشکلات بھی پیدا ہو جاتی ہیں۔

امریکا میں بیور بڑی تعداد میں پایا جاتا ہے،لیکن اس کی کھال کے حصول کے لئے اسے بہت زیادہ شکار کیا گیا،جس سے ان کی تعداد بہت کم رہ گئی۔آج کل اس کے غیر قانونی شکار پر پابندی عائد ہے۔انیس ویں صدی میں ان کے تحفظ کے لئے کئی قوانین بھی بنائے گئے۔یوریشین (Eurasian) بیور ایک زمانے میں ایشیاء میں بھی پایا جاتا تھا۔اب یہ صرف یورپی ممالک اسپین،برطانیہ،ناروے اور سویڈن میں ہی پایا جاتا ہے۔

یوریشین (Eurasian) بیور اس خطے کا سب سے بڑا کُترنے والا جانور ہے۔اس کی کھال سرخی مائل بھوری،سر بڑا،تھوتھنی لمبی اور جسم پتلا ہوتا ہے۔اس کی دُم امریکی بیور کی نسبت کم چپٹی ہوتی ہے۔بیور درختوں کی چھال اور اس کے نرم ریشے کھاتا ہے۔بیور غصے کی حالت میں کتے کی طرح بھونکتا ہے۔دوسرے بیور کو بلانے کے لئے بلی کی طرح خرخر کرتا ہے،جب کہ خوف کی حالت میں رونے جیسی آواز نکالتا ہے۔

مادہ بیور ٹھنڈے علاقے میں جنوری سے مارچ کے مہینے میں اور گرم علاقے میں اپریل سے جون کے درمیان اپنے لاج کے ایک کونے میں گھاس پھوس کی تہ لگا کر ایک گھونسلا سا تیار کرتی ہے۔اس گھونسلے میں وہ ایک سے چھے تک بچے دیتی ہے۔جن کی حفاظت نر اور مادہ بیور مل کر کرتے ہیں۔مادہ دو ہفتے بچوں کو ددھ پلاتی ہے۔یہ بچے جلد ہی تیرنے لگتے ہیں۔بچے دو سال تک اپنے ماں باپ کے ساتھ رہتے ہیں ۔
اس جانور کو لُدھڑ،بڑے عقاب،ریچھ اور بھیڑیے شکار کر لیتے ہیں۔ان جانوروں اور شکاریوں سے بچنے کے لئے بیور فوراً پانی میں یا اپنے گھر میں چھپ جاتا ہے۔خطرے کے وقت یہ اپنی دُم پانی کی سطح پر مارتا ہے،پانی کے شور سے دورے بیور ہوشیار ہو جاتے ہیں۔پانی میں غوطہ لگاتے وقت اس کے کان اور ناک بند ہو جاتے ہیں۔
اس کی آنکھوں کے گرد ایک جھلی ہوتی ہے جو آنکھوں کو محفوظ رکھتی ہے۔
یہ پانی کے اندر آسانی سے دیکھ سکتا ہے اور پندرہ منٹ تک پانی کے اندر رہ سکتا ہے۔بیور کی عمر تقریباً بیس سال ہوتی ہے۔بیور کینیڈا کا قومی جانور ہے۔کینیڈا میں کوئی بھی شخص اس کے گھر اور تعمیر کردہ بند کو نہیں چھیڑ سکتا۔بیور کی نظر کمزور ،لیکن سونگھنے اور سننے کی حس بہت تیز ہے۔یہ انسان کو دیکھ کر فوراً بھاگ جاتا ہے۔اگر اسے پیار کیا جائے تو یہ انسان سے جلد مانوس ہو جاتاہے۔اسے کئی علاقوں میں کھایا بھی جاتاہے۔یورپ میں اس کا شکار منع ہے۔

Browse More Mutafariq Mazameen