Falahi Mumlekat - Article No. 807

Falahi Mumlekat

فلاحی مملکت سبق آموز مثال - تحریر نمبر 807

سبق آموز مثال

بدھ 17 جون 2015

نونہالو ! لندن میں میری ایک باجی آپا رہتی ہیں۔ ان کے شوہر کا انتقال ہو چکا ہے۔ بیٹا اپا ہج ہے اور گزشتہ 32 سال سے لندن کے ایک ہسپتال میں داخل ہے اُس اسپتال میں بلامعاوضہ اس بچے کا علاج جاری ہے۔ کیا مجال اسپتال کی توجہ میں فرق آجائے۔32 سال سے یہ اسپتال ایک مریض کی خدمت میں مصروف ہے سارا خرچ حکومت ادا کر رہی ہے۔ سب جانتے ہیں کہ بچہ شفایاب نہیں ہوگا، جب تک وہ سانس لے رہا ہے حکومت اس کی ذمے دار ہے اور اس کی ماں بچے کی محبت میں لندن نہیں چھوڑ سکتی۔
تنہا وہاں بیٹھی ہے۔ سارا خاندان سرگودھا اور راولپنڈی میں ہے۔
نونہالو ! یہ ہوتی ہے فلاحی مملکت ! حکومت برطانیہ فلاحی مملکت ہے جس یا یہ ایک نمونہ میں نے تم کو دکھایا ہے مگر ابھی بات ختم نہیں ہوئی ہے۔ نونہالو ! باجی آپا کا گھر خستہ ہو گیا۔

(جاری ہے)

اُس کی مرمت نہیں ہوئی ہے ۔ ٹوٹ پھوٹ گیا ہے باجی آپا نے حکومت برطانیہ سے درخواست کی کہ وہ لندن میں رہتی ہیں۔

حکومت برطانیہ کی شہری ہیں۔ ان کے حالات خراب ہیں۔ بچہ اسپتال میں ہے ۔ ان کا گھر درست کیا جائے تاکہ جب تک سانس ہے یہاں رہ سکیں۔
نونہالو ! حکومت برطانیہ کے افسروں نے آکر مکان کا معائنہ کیا۔ رپورٹ تیار کی اور اعلا افسروں کو دے دی ۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا مکان واقعی خستہ ہے اسے درستی چاہیے اور اس پر تقریباََ چالیس ہزار اسٹرلنگ صرف ہوں گئے۔
رپورٹ میں یہ مشورہ دیا گیا کہ مکان کو چار حصوں میں تقسیم کر دیا جائے۔ ایک میں مالکہ مکان خود رہیں اور تین حصے کرائے پر دے دیں تاکہ ان کو مالی مسائل درپیش نہ ہوں۔
نونہالو ! حکومت برطانیہ نے اپنے انتظام سے چالیس ہزار پاوٴنڈ خرچ کرکے محترمہ باجی آپا کا مکان درست کرا دیا ۔ اب وہ نہایت اطمینان سے رہ رہی ہیں ۔ ان کو کرایہ بھی مکان سے مل رہا ہے ۔
محترمہ باجی آپا اب اس کرائے میں سے رقم بچا کر اسپتال کو دے دیتی ہیں جہاں ان کا بچہ ہے ۔ اس اسپتال میں ایک عطیہ فنڈ بھی ہے۔محترمہ باجی آپا اب اس فنڈ میں رقم جمع کرا دیتی ہیں ۔ یہ ان کی دیانت داری ہے۔
نونہالو ! یہ فلاحی مملکت ہے ایسی ہوتی ہے فلاحی مملکت ۔ باجی آپا پاکستانی ہیں۔ انگریز نہیں ہیں ۔ ہاں، حکومت برطانیہ کی شہری ہیں۔ حکومتِ برطانیہ نے گورا کالا نہیں دیکھا۔
انسان کی تکلیف رفع کر رہی ہیں۔
نونہالو ! ایک بات اور بھی ہے۔ یہ بھی بتائے دیتا ہوں۔ محترمہ باجی آپا کی عمر ساٹھ سال سے اوپر ہے۔ ان کے پاس حکومت برطانیہ کا سرٹیفکیٹ ہے۔ وہ اس کو دیکھا کر لندن کی ہر زمین دوز ٹرین اور لندن کی ہر بس میں بلاٹکٹ سفر کر سکتی ہیں۔ ہر ساٹھ سالہ برطانوی شہری کو یہ رعایت حاصل ہے ۔ تم نے دیکھا کہ فلاحی مملکت کیا ہوتی ہے۔!

Browse More Mutafariq Mazameen