Hath Dho Kar Gher Bethne K Din - Article No. 2552

Hath Dho Kar Gher Bethne K Din

ہاتھ دھو کر گھر بیٹھنے کے دن - تحریر نمبر 2552

سوشل میڈیا کے لطائف قومی مزاج کے عین مطابق ہیں ۔کیا یہ درست نہیں کہ ہم یہ دیکھنے باہر آجاتے ہیں کہ سڑکوں پر کتنے لوگ پھر رہے ہیں

Amjad mahmood chishti امجد محمود چشتی بدھ 1 اپریل 2020

کہتے ہیں کہ خوشیوں ،غموں اور آفات کو جھیلنا پارٹ آف لائف ہے جبکہ ہر حال میں خوش رہنے کی کوشش ،، آرٹ آف لائف ،، ہے ۔وقت تو ہوتا ہی گزرنے کیلئے ہے اسے ہنس کے گزاردیں یا رو کر: مانا کہ اس وقت دنیا کو شدید رنج و خوف سے سابقہ ہے مگر یہاں مایوسی اور خوف کی بجائے حوصلے اور احتیاط کی ضرورت ہے ۔بھلے فریب سہی ،خود اور دوسروں کو مایوسیوں سے نکال کر خوش رکھنے کی کوشش کی جائے ۔
یہ آ فت انہونی نہیں بلکہ ہر دور میں ایسی آزمائشیں آتی رہی ہیں ۔ اب ہم اپنے زمانے اور اپنے حصے کی آزمائش بھگت رہے ہیں ۔ ان حالات میں محض غموں کی تجارت کی بجائے تھوڑی سے تبسم فروشی درکار ہے جو یقیناََ حسنات میں شمار ہوگی ۔ہمارے ہاں ،، ہاتھ ،، سے منسوب بے شمار محا ورے رائج ہیں جو آج پورے گلوبل ویلیج پہ صادق آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ یوں کہ کرونا نے سب سے پہلے چین میں ہاتھ دکھایا۔

پھر ایران پر ہاتھ صاف کیا اور پھر ہاتھ دھو کر پوری دنیا کے پیچھے پڑ گیا ۔ ادھر عوام الناس پہلی بار ہاتھ دھو کر کسی کے پیچھے پڑنے کی بجائے ہاتھ دھوکر اپنے اپنے گھروں میں بیٹھنے پر مجبور ہوئے ۔ اپنے گھر کا منہ نہ دیکھنے اور گھر بیٹھ کر نہ کھانے کے قائل احباب کو بھی گھر بیٹھنا اوراپنے گھر سے کھانا پڑ رہا ہے ۔صفائی سے بیر رکھنے والی قوم بادلِ نخواستہ صفائی پہ آمادہ ہے یا پھر خود قدرت عازمِ تطہیر ہے ۔
سوشل میڈیا کے لطائف قومی مزاج کے عین مطابق ہیں ۔کیا یہ درست نہیں کہ ہم یہ دیکھنے باہر آجاتے ہیں کہ سڑکوں پر کتنے لوگ پھر رہے ہیں ۔سب سے بے ہنگم نئی نسل ہے جو ہر لحاظ سے لا محدود ہونے کے ساتھ ساتھ کرکٹیریا کے بیکٹیریا کا شکاربھی ہے ۔ان کرونک حالات میں بھی کرکٹ ٹورنامنٹ جاری ہیں ۔اب کرونا کی ویکسین کی ایجاد سے پہلے یوتھ وارم کی دوا کی اشد ضرورت ہے جو انہیں گھر بیٹھنے کے قابل بنائے ۔
شائد قوم کو اب آبادی میں اندھا دھند اضافے کا احساس ہوا ہو لیکن حالیہ لاک ڈاؤن میں اس اضافے کے دگنا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔درجن بھر نور ہائے نظر کے حامل خاندا نوں کو اپنے ہی گھر میں رہنا محال ہوا ہے حتیٰ کہ واش روم جانے کی صورت میں اپنی چار پائی پر کپڑا رکھنا پڑرہا ہے ۔کسی نے لکھا ہے کہ ان حالات میں کرونا جائے نہ جائے، طلاق کی شرح بڑھنے کے آثار ضرور ہیں ۔
گھر میں محصور شوہر اور شاعر کا دماغ یا تو چل جاتا ہے یا پھر چل پڑتا ہے ۔سیانے شوہر بار بار ہاتھ دھونے سے کترا رہے ہیں کہ کہیں دوسری شادی کی لکیر ہی نہ مٹ جائے ۔دوسری طرف کچھ سیانی بیویاں ہاتھ دھوتے شوہروں کے ہاتھوں میں برتن تھماتی بھی دیکھی جارہی ہیں ۔ لاک ڈاؤن کا سنہری اصول ہے کہ کرونا سے ڈرنا نہیں اور بیوی سے لڑنا نہیں ۔فروری میں ویلنٹائن کے بعد مارچ اپریل میں کورنٹائن کے چرچے ہیں ۔
لطیفہ ہے کہ بنوں میں اٹلی پلٹ شخص کے کرونا ٹیسٹ منفی آنے کی خوشی میں اہلِ خانہ کی فائرنگ سے کئی افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ۔اندر کے بت عین سلامت مگر باہر اذانوں کا شور معنی خیز ہے ۔ اک عالم ِ وقت نے کرونا کے علاج کا دعویٰ کیا مگر کسی کو بتانے سے تاحال انکاری ہے ۔گویا ہم دافع البلیات اعمال کے کم اور داعی البلیات سرگرمیوں کے زیادہ خوگر ہیں ۔
چودہویں صدی کے طاعون کے سدِباب کیلئے مصر اور شام میں کی گئی اجتماعی دعاؤں کے بعد مرض دگنا ہوگیا ۔ ہمسایہ ملک تو دو ہاتھ اورآگے نکلا کہ آج بھی گائے کے فضلات کو کرونا کا توڑ مانتا ہے ۔ اور ہم بھی اس بحث میں الجھے ہیں کہ ملک میں وارد پہلا کرونا حاجی تھا یا زائر۔ اک خیال ہے وکلاء کے سوا سب طبقات متاثر و مہجور ہیں۔ٹیچرزبھی کام،کاج اور اناج والے محاورے پہ کار بند ہیں البتہ پولیس اور ڈاکٹرز خوب تحسین سمیٹ رہے ہیں۔
ملکی تاریخ میں بارِاول پولیس کی گالیوں اور چھترول کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جارہاہے ۔ان دنوں دانش و تحقیق بھی معراج پر ہے ۔گھرکی جملہ اشیاء کے اجزائے ترکیبی اوران کے تعددِ عناصرکی سائنس بھی زوروں پر ہے ۔بسکٹ،چھلنی کے سوراخوں سے ٹوٹی سے پانی کے اخراج کی فزکس اورچھت کے ٹی آئرن اور ٹائلز کی کیمسٹری جاری ہے ۔اللہ کے ہر کام میں مصلحت ہے ۔
آفات بھی انسان کو بزورِ شمشیر سدھارنے کا موجب ہیں ۔ڈیڑھ اینٹ والی انسانیت کچھ کچھ ” نسلِ آدم “ لگنے لگی ہے ۔زمینی وسائل اور فطرت کی قدر کا احساس پیدا ہوتا ہے اور وباؤں کی وجوہات اور علاج دریافت ہوتے ہیں ۔ابھی دیکھیں کہ پوری دنیا میں فضائی،زمینی اور آبی آلودگی میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے ۔فضول خرچیاں اور غیر ضروری سرگرمیاں معطل ہیں۔
جرائم کم ہوئے ہیں اور دیگر بیماریوں کا احساس بھی جاتا رہا ہے ۔ سچ ہے کہ سردرد نہ رکے تو پاؤں پہ زور سے ہتھوڑی ماریں ،فوراََ رُک جائے گا ۔ اس وبائی اعتکاف میں ہاتھ دھو کر گھر بیٹھنے کے سبب صفائی اور سماجی فاصلے کی باتیں کھوپڑی میں سمانے لگی ہیں ۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ اپنے بزرگوں اور اہل وعیال کو شائد پہلی بار غور سے دیکھنے اور سمجھنے میں خاصی مدد مل رہی ہے جو عام حالات میں ممکن نہ تھی ۔

Browse More Urdu Columns