Zoay - Article No. 2122

Zoay

ظ - تحریر نمبر 2122

پیارے بچو ظ سے ظلم ہوتا ہے، یہ ہم پہ کچی پہلی سے شروع ہو جاتا ہے جب گدھے کا بوجھ ہم پہ لادا جاتا ہے، پھر آہستہ آہستہ ہمیں اس گدھا پن کی عادت ہو جاتی ہے

Suhail Abbas Khan سہیل عباس خان جمعرات 27 جولائی 2017

پیارے بچو ہمیں ظ سے ظروف پڑھایا گیا، اس وقت تصویر میں اتنے زیادہ برتن ہوتے تھے کہ پتہ ہی نہیں چلتا تھا کہ کون سا ظروف ہے۔ اب جا کے پتہ چلا ہے کہ ظ سے ظرف ہوتا ہے لیکن ہم چونکہ اسے کم استعمال کرتے ہیں اس لیے زیادہ تر کم ظرف ہی ملتے ہیں۔

پیارے بچو ظ سے ظلم ہوتا ہے، یہ ہم پہ کچی پہلی سے شروع ہو جاتا ہے جب گدھے کا بوجھ ہم پہ لادا جاتا ہے، پھر آہستہ آہستہ ہمیں اس گدھا پن کی عادت ہو جاتی ہے، اس میں گدھا خوری سونے پہ سہاگہ کا کام دیتی ہے، ہم سہاگ رات سے ہی اپنی ذمہ داریاں قبول کر لیتے ہیں، ایک تو ہمیں ہر بات جلدی قبول کرنے کی عادت ہے اور اسی کی وجہ سے ہم مثالی شوہر ثابت ہوتے ہیں، نجانے کیوں ہماری بیویاں یہ سمجھتی ہیں کہ ان پر ظلم ہوا ہے، عام طور پر کہتی ہیں میں تو اس وقت کو کوس رہی ہوں جب میری تم سے شادی ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

ظلم کرنے والے کو ظالم اور جس پر ظلم ہو اسے مظلوم کہتے ہیں، اب پتہ نہیں ظلم کروانے والے کو کیا کہتے ہیں اور ظلم یہ کہ ظلم کی تحقیقات بھی ہوتی ہیں، یہ اللہ کا بڑا فضل ہے کہ ظلم کی سزا نہیں دی جا سکتی، اس لیے ہر گھر کے باہر لکھا ہوتا ہے ھذا من فضل ربی۔ ظالم کو پیار سے ظلمی بھی کہتے ہیں۔ ایک تو ہمیں ظالم سے پیار بڑی جلدی ہو جاتا ہے، یہ شاید اردو شاعری کا اثر ہے، تبھی تو ہم ظلمی بالما کے چکر میں پڑے رہتے ہیں۔

اس پر ہزاروں شعر مل جاتے ہیں، ایک ملاحظہ فرمائیں:

پلٹ کر دیکھ اے ظالم تمنا ہم بھی رکھتے ہیں

اگر تم سرے رکھتے ہو پاناما ہم بھی رکھتے ہیں

پیارے بچو ظ سے ظلمت ہوتا ہے، آپ کہیں گے "ہوتی ہے"، ارے نہیں بھائی ہوتا ہے اسی لیے تو اسے ضیا کہتے ہیں۔ ظلمت کا مطلب سیاہی ہوتا ہے جو ہمارے حکمرانوں نے ہمارے مقدر میں لکھ دی ہے، ویسے وہ پڑھنا لکھنا تو جانتے نہیں پھر انہوں نے کیسے لکھی ہوگی، ضرور زکوٹا جنوں نے ان کی مدد کی ہوگی۔

سنا ہے لوڈشیڈنگ سے ظلمت پیدا ہوتی ہے، یہ خاندانی منصوبہ بندی والے نجانے کیا کرتے رہتے ہیں۔ ظ سے ظریف ہوتا ہے، یہ ہنساتا بہت ہے، یہ ہماری شان میں ایسے ایسے لطیف نکتے بیان کرتا ہے کہ ہم خوش ہو جاتے ہیں، اب اس کے بدلے میں اسے کوئی وزارت دے دیں یا کسی محکمے کا سربراہ بنا دیا تو آپ کے باپ کا کیا جاتا ہے۔ ویسے تو کسی کے باپ کا بھی کچھ نہیں جاتا، البتہ جب باپ اس دنیا سے چلا جاتا ہے تو ہمیں اس کا بھی حساب دینا پڑتا ہے، یہ کیا بات ہوئی۔

پیارے بچو ظ سے ظل الہٰی ہوتا ہے، یہ اکبر بادشاہ ہوتا ہے اور اسے شہزادہ شیخو جب کہتا ہے : ظل الہٰی ابا جان تو یہ جواب میں کہتا ہے : ننگ خاندان. اب شیخو نے اگر کسی ٹی وی پروگرام میں شیخی بگھار بھی دی تو ایسا کیا ظلم کر دیا۔ وہ تو اس نے اس لیے بگھاری تھی کہ ابا جان کو بگھاری ہوئی چیزیں پسند ہیں، الحمد للہ۔ ظ سے ظفر بھی ہوتا ہے، یہ عموماً فوج کے ساتھ لگایا جاتا ہے جب وہ موج کرتی ہے، اس لئے اسے فوج ظفر موج کہتے ہیں۔

پیارے بچو ظ سے ظن بھی ہوتا ہے، یہ حسین زن کے ساتھ زن سے لگ جاتا ہے، اس لیے اسے حسن زن کہتے ہیں۔

قلوپیٹرا کا حسن مشہور ہے، ویسے تو قلوپیٹرا کے ایک بھائی کا نام بھی حسن ہے۔ پیارے بچو ظ سے ظاہر ہی ہوتا ہے، اور اس کا مظاہرہ بھی کیا جاتا ہے، آپ چاہیں تو اس مظاہرے میں ایس ایم مظاہر کو بھی شریک کر سکتے ہیں، اور یہ نہیں کہنا کہ ظالمو قاضی بلا رہا ہے بلکہ یہ کہنا ہے ظالما کوکا کولا پلا دے

Browse More Urdu Mazameen