Rawalpindi Islamabad Metro

Rawalpindi Islamabad Metro

راولپنڈی۔۔۔ اسلام آبادمیٹرو لاکھوں شہری مستفید ہونگے

وزیراعظم محمد نواز شریف ،وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے افتتاح کیا۔۔راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس منصوبہ دنیا کے بہترین منصوبوں میں سے ایک ہے

بدھ 10 جون 2015

جاوید یونس
تیزرفتار ترقی اورمعاشی سرگرمیوں کے فروغ میں برق رفتار ذرائع نقل و حمل بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اورٹرانسپورٹ سسٹم معاشرہ کی تہذیب و ثقافت کا عکاس ہوتاہے بلاشبہ بہترین اور جدید ٹرانسپورٹ سسٹم مہذب معاشروں کی پہچان ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اورذرائع نقل وحمل کو بہتر بنانے پر بھرپور توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔
عوام کو سستی،آرام دہ اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کئے ہیں -صوبے بھر میں انفراسٹرکچر کو بہتربنایا،سڑکوں، پلوں اور انڈرپاسز کاجال بچھایاجا رہا ہے۔ شہبازشریف درد دل رکھنے والے لیڈر ہیں وہ عوام کی دکھ اور تکالیف کو نہ صرف محسوس کرتے ہیں بلکہ ان کے ازالے کے لئے عملی اقدامات بھی اٹھاتے ہیں - وہ اکثر عوام کو سڑکوں پر بسوں کے انتظار میں کھڑے دیکھ کر کڑھتے اور کھٹارا بسوں میں سفر کرنے پر مجبور عوام کے دکھ پر رنجیدہ ہوتے۔

(جاری ہے)

شہریوں کو تکلیف دہ سفر اور بس سٹاپوں پر بسوں کے انتظار کی صعوبتوں سے نجات دلانا ان کا مشن اور خواب تھا- وہ چاہتے تھے کہ پاکستان کے عوام کو بھی یورپ اور ترقی یافتہ ممالک کی طرح آرام دہ اورپائیدار سفری سہولیات میسر آئیں۔سال 2008 کے انتخابات کے نتیجہ میں پنجاب کی حکومت سنبھالتے ہی انہوں نے ٹرانسپورٹ کے شعبہ کی بہتری اور ٹرانسپورٹ کلچر کی تبدیلی کو اپنی ترجیح بنایا-انہوں نے ترکی، برطانیہ، چین اور دیگر ممالک کے دورے کئے اور وہاں کے ٹرانسپورٹ سسٹم کا مشاہدہ کیا۔
وہ پنجاب میں ٹرانسپورٹ کا وہی کلچر متعارف کرانا چاہتے تھے جو ترقی یافتہ ممالک میں رائج ہے۔اسی خواب کو عملی شکل دینے کے لئے بے چین رہتے تھے- اپنے گزشتہ دور میں بھی شہبازشریف نے لاہور میں میٹروبس سسٹم کا شاندار منصوبہ بنایا- صرف منصوبہ ہی نہیں بنایا بلکہ 11ماہ کی ریکارڈ مدت میں اس عظیم الشان منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر دنیاکو حیران کر دیا۔
28ارب روپے کی لاگت سے صوبائی دارالحکومت میں فن تعمیر کا شاہکار کھڑا کر دیا۔
صوبائی دارالحکومت کے بعد راولپنڈی اسلام آباد میں میٹرو بس سٹم کا آغاز کر دیاگیا ہے تاکہ جڑواں شہروں کے شہری باسیوں کو بین الاقوامی معیار کی جدید سفری سہولیات فراہم ہوسکیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے جب ایک بڑے قومی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر خیبر پختونخوا ،بلوچستان ، پنجاب کے گورنرز، وزرائے اعلیٰ،پاکستان بھر سے سیاسی اور مذہبی اکابرین موجود ہیں جو قومی یکجہتی کا عظیم ثبوت ہے ،جس کی جتنی بھی ستائش کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کو راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ کہنا زیادتی ہے بلکہ اس کا نام پاکستان میٹروبس منصوبہ ہونا چاہیے کیونکہ اسلام آباد میں ملک بھر سے وزراء،سیاستدان،افسران،ملازمین ،تاجرز،سرمایہ کار اور زندگی کے ہر شعبہ سے وابستہ افراد بستے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس 23مارچ کو وزیراعظم نے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا اور میں نے منصوبے کو 25دسمبر 2014ء کو نو ماہ کی مدت میں مکمل کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
منصوبے کو نو ماہ میں مکمل کرنے کا وعدہ تو پورا کیا لیکن 25دسمبر کو2014ء کو اس کا افتتاح نہ ہوسکا۔آج منصوبے پر کام شروع ہوئے 14ماہ ہوچکے ہیں۔بدقسمتی سے رکاوٹوں کے باعث 5ماہ ضائع ہوئے ،14ماہ سے اگر 5ماہ نکال دےئے جائیں تو منصوبہ9ماہ میں مکمل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے پی سی ون کے مطابق اس پر44ارب روپے خرچ ہونے تھے جس میں5ارب سے بننے والا پشاور موڑ انٹرچینج شامل نہیں تھا لیکن ہم نے39ارب روپے میں پور ے منصوبے کو مکمل کیا اور اس منصوبے میں قوم کے 2ارب روپے بچائے ہیں۔
منصوبے پر محنت، امانت اوردیانت سے دن رات کام کر کے اسے ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیاہے۔میٹروبس روٹ پر 24اسٹیشن ہے۔14 انڈرپاسز اور14پیدل چلنے والوں کے لئے فلائی اوورز بنائے گئے ہیں۔ 32کلو میٹرفٹ پاتھ کے علاوہ23کلو میٹرسروس روڈ بھی بنائی گئی ہے۔راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس منصوبہ دنیا کے بہترین منصوبوں میں سے ایک ہے۔ منصوبے کے روٹ پر کئی کالجز، ہسپتال ، یونیورسٹیاں ، فیکٹریاں اورشاپنگ مال ہیں۔
لوگوں کو اپنی منزل مقصود پر پہنچنے کیلئے سفر کے تکلیف دہ مراحل سے گزرنا پڑتا تھا۔میٹروبس سروس نے بزرگوں، ماوں، بہنوں، یتیموں، محنت کشوں ، وکلاء، مزدوروں ، افسروں،اہلکاروں اورعام آدمی کو سفر کی بہترین سہولتیں مہیا کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت کا ثمر عوام کو مل رہا ہے۔پاکستان میں اشرافیہ ایسا طبقہ جسے زندگی کی تمام بنیادی سہولتیں میسرہیں لیکن ملک کے کروڑوں عوام بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہیں۔
میٹروبس سروس کے منصوبے کی اس لئے مخالفت کی جاتی تھی کہ یہ غریب عوام کا منصوبہ ہے۔ میٹروبس سروس نوازشریف کے ویڑن کی عکاس ہے اوراس عظیم الشان منصوبے سے گاڑیوں پر پتھر مارنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا کلچر ختم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس سروس لاہور کی میٹروبس سے بھی بہت خوبصورت بنائی گئی ہے اور یہاں بسوں کے ا ندر اور سٹیشنوں پر وائی فائی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
اب لوگ اپنے سفر کے دوران وائی فائی کی سہولت سے استفادہ کر تے ہوئے اخبارات کا مطالعہ بھی کرسکتے ہیں۔ میٹروبس گرمیوں میں کروڑ وں روپے کی لینڈ کروزر کی طرح ٹھنڈی جبکہ سردیوں میں بلٹ پروف کی طرح آرام دہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ لاہور اور جڑواں شہرو ں کے بعد اب ملتان میں میٹروبس کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گااو راس منصوبے کو بھی ریکارڈ مدت میں مکمل کریں گے- انہوں نے کہاکہ سندھ اور کے پی کے کے وزرائے اعلیٰ اگر کراچی او رپشاور میں میٹروبس منصوبہ لگائیں تو ہم انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

میٹرو بس کوریڈور پر بناتے ہوئے اوورہیڈز سٹاپ کے لئے سیڑھیاں‘ برقی زینے اور معذوروں کے لئے خصوصی لفٹ بھی نصب کی گئی ہے۔ جدید ترین بس سٹاپ پر ٹکٹنگ بوتھ ‘ پسنجر ٹرانسفر کی سہولت‘ پلیٹ فارم سکرین ڈورز‘ ٹرن سٹائل آٹومیٹک فیئر کلیکشن اور دیگر جدید سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ تمام سٹیشنوں کے علاوہ بسوں کے اندر بھی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔
میٹروبس پراجیکٹ وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی طرف سے راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کیلئے دلی محبت کا عکاس ہے۔میٹروبس کے افتتاح کے بعد جڑواں شہروں کے باسیوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔میٹرو بس سروس کے افتتاح کے فورا بعد ہی میٹرو بس سروس کا عوام کیلئے آغاز ہوگیا تھا۔ جمعرات کی شام سے ہی راولپنڈی اور اسلام آباد کے تمام سٹیشنوں پر میٹرو بس پر سفر کرنے کیلئے ہزاروں کی تعداد میں شہری گھروں سے نکل آئے اوراس روز 70ہزار سے زائد شہریوں نے میٹرو پر سفرکیا۔
نشستوں کے علاوہ بسوں میں مسافروں کے کھڑے ہونے کی بھی جگہ نہیں تھی۔ راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کا میٹرو بس پر سفر کرنے کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ میٹرو بس میں سفر کرنے والے شہری آپس میں گفتگو کرتے ہوئے میٹرو بس سروس کی تعریف اور وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو شاندارالفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے رہے۔
جمعہ کے روز میٹروبس کے ذریعے ایک لاکھ 20ہزار مسافروں نے سفر کیا۔ سفر کے دوران بعض مسافروں نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کو تاریخ میں پہلی بار اعلی معیار کی سفری سہولتیں اور بین الاقوامی معیار کا شاندار پراجیکٹ ملا ہے۔ میٹرو بس میں سفر کرنے والوں نے اپنے تاثرات اور جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی کام خلوص نیت سے کیا جائے تو وہ عملی طور پر نظر آتا ہے اور میٹرو بس منصوبہ حکومت کی اعلی کارکردگی کا منہ بولتا عملی ثبوت ہے۔
مسافروں نے اس موقع پر میٹرو بس منصوبہ تعمیر کرنے پر وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت کو اپنا مشن اور سیاست کو خدمت خلق کا محور گردانتی ہے۔یقیناً اس جماعت نے عوام کی فلاح کے لئے انقلابی منصوبے مکمل کر کے اس کا عملی ثبوت بھی دیاہے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں ان کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے سر گرداں ہے-میٹروبس سروس کا اجراء وعدوں کی تکمیل کا ہی ثبوت ہے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اسی کی قیادت کو عوامی خدمت کے مشن پر قائم رکھے اور وہ پہلے سے بڑھ کر عوام کو ریلیف کی فراہمی کے منصوبوں کو مکمل کرے۔آمین
اس میں کوئی شک نہیں کہ موجودہ حکومت جب سے برسراقتدار آئی ہے اس نے ہمیشہ عوام کے مفادات کو مقدم رکھا ہے اور انہیں ہرممکن سہولیات اور ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔
حکومت کو عوام کی بھرپور تائید و حمایت حاصل ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ خادم پنجاب کی قیادت میں ان کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ آسانیوں کے حصول کیلئے تھوڑی بہت تکالیف کو برداشت کرنا پڑتی ہیں۔ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو قومی اہمیت کے حامل منصوبوں کیلئے قومی مفادات کو ترجیح دیتی ہیں۔

Rawalpindi Islamabad Metro is a national article, and listed in the articles section of the site. It was published on 10 June 2015 and is famous in national category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.

راولپنڈی کے مزید مضامین :