PPP Ka Rahim Yar Khan Main Siasi Power Show Ka Faisla

PPP Ka Rahim Yar Khan Main Siasi Power Show Ka Faisla

پیپلز پارٹی کا رحیم یار خان میں سیاسی پاور شو کافیصلہ

کسی بھی گھر کو گھر کے اندر سے لگنے والی آگ ہویا گھر کا بھیدی اپنی ہی لنکا ڈھانے پر آجائے تو پھر اس گھر کا سنبھلنا بہت مشکل ہو جاتا ہے اسی طرح کے کچھ حالات کا آج کل رحیم یار خان میں پاکستان پیپلزپارٹی کو سامنا کرنا پڑ رہا ہے ا

جمعہ 18 مارچ 2016

احسان الحق:
کسی بھی گھر کو گھر کے اندر سے لگنے والی آگ ہویا گھر کا بھیدی اپنی ہی لنکا ڈھانے پر آجائے تو پھر اس گھر کا سنبھلنا بہت مشکل ہو جاتا ہے اسی طرح کے کچھ حالات کا آج کل رحیم یار خان میں پاکستان پیپلزپارٹی کو سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور پیپلز پارٹی کی اس کو بچانے کے لیے آخری کوشش کے طور پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے رحیم یار خان آنے کا فیصلہ کیا ہے اور اطلاعات کے مطابق وہ اپنی سیاسی زندگی کے جنوبی پنجاب کے پہلے دورے کا آغاز جمال دین والی رحیم یار خان سے کر رہے ہیں جہاں وہ 26 مارچ کی شام کو ایک متوقع بڑے جلسہ عام سے خطاب کے بعد رات کو جمال دین والی میں ہی قیام کریں گے اور اس دوران وہ پاکستان پیپلز پارٹی رحیم یار خان میں پیدا ہونے والے اختلافات ختم کرانے کی کوشش کریں گے اور ان اختلافات کے مکمل خاتمے کی صورت میں ہی پاکستان پیپلز پارٹی شاید ضلع کونسل میں اپنی حکومت قائم کرنے میں کامیاب ہو سکے۔

(جاری ہے)

5دسمبر کو منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ضلع رحیم یار خان پنجاب بھر میں وہ واحد ضلع تھا ۔ جہاں پی پی پی نے سادہ اکثریت حاصل کی تھی اور توقع ظاہرکی جا رہی تھی کہ مخدوم سید احمد محمود کی قیادت میں پی پی پی ضلع کو نسل میں اپنی حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی تاہم رحیم یار خان کے دو بڑے سیاسی گھرانوں جمال دین والی اور میانوالی قریشیاں میں جاری سرد جنگ کے تناظر میں پی پی پی کے اہم رہنما اور سابق وفاقی وزیرمخدوم سید شہاب الدین اور سابق ایم پی اے مخدوم سیدار تضیٰ ہاشمی نے باالواسطہ طور پر مسلم لیگ ن کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا اور مسلم لیگ ن کی طرف سے چیئرمین ضلع کونسل کے لیے میانوالی قریشیاں سے تعلق رکھنے والے پی پی پی پیٹریاٹ کے سابق صوبائی وزیرمخدوم سید اشفاق احمد کی حمایت کا فیصلہ کیااور ذرائع کے مطابق ان کے حمایت یافتہ پی پی پی کے پانچ سے زائد چیئرمینز یونین کونسل نے بھی مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کر دیا جس سے ضلع کونسل میں پی پی پی کی حکومت قائم ہونے کے امکانات کافی کم ہوگے اور اس دوران پی پی پی کے ضلعی صدر نے جماعتی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر مخدوم سید شہاب الدین اور مخدوم سیدارتضیٰ ہاشمی کو شو کاز نوٹس بھی جاری کر دئیے جس نے جلتی پر تیل کا کام کیااور اطلاعات کے مطابق پی پی پی میں مخدوم شہاب الدین اور ارتضیٰ ہاشمی کی طویل رفاقت کا فیصلہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ رحیم یار خان کے دوران ہو جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق پی پی پی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے بلاول بھٹو زرداری کے دورہ جمال دین والی کے لیے بھرپور تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے ۔ حروں کے روحانی پیشو اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صاحب پگارا صبغت اللہ شاہ راشدی چند روز قبل جب شیخ زید ائیرپورٹ رحیم یار خان پہنچے تو ائیرپورٹ پر انہوں نے صحافیوں سے اپنی گفتگو کا آغاز اپنے والد محترم کی طرح ”دبنگ“ طریقے سے کیا اور کہا کہ پاکستان میں حالات جس طرح بڑی تیزی سے تبدیل ہورہے ہیں اس سے کسی بھی وقت ”کچھ نیا “ ہو سکتا ہے تاہم توقع ہے کہ اس تبدیلی کے پاکستانی سیاست اور معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو نگے۔
ایم کیو ایم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کے سابق وزیراعلیٰ جام صادق جام صادق علی کے دور میں جب سمندر سے ایک بڑی لانچ میں بڑی تعداد میں ”را“ ایجنٹ پکڑے گئے تھے۔ لیکن بد قسمتی سے کسی بھی ادارے نے اس وقت ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جس کا خمیازہ آج تک کراچی کے ساتھ ساتھ پورے پاکستان کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

PPP Ka Rahim Yar Khan Main Siasi Power Show Ka Faisla is a political article, and listed in the articles section of the site. It was published on 18 March 2016 and is famous in political category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.

متعلقہ عنوان :

رحیم یار خان کے مزید مضامین :