Sanp Aor Sapera

Sanp Aor Sapera

سانپ اور سپیرا

شہر بھر کے تجربہ کار اور ماہر سپیروں کو طلب کیا گیا۔ سپیروں کی بین سے اس سانپ پہ یہ اثر ہوا کہ وہ اپنی چھپی ہوئی جگہ کو چھوڑ کر بستر پہ آ بیٹھا اور اپنا پھن لہرانے لگا

Farhana Sadiq فرحانہ صادق ہفتہ 1 جولائی 2017

کسی امیر آدمی کے محل میں ایک بہت بڑا اور زہریلا کوبرا سانپ آ گیا۔ سب کے شور مچانے پر سانپ گھبرا کر اس امیر آدمی کی خواب گاہ میں بھاگ گیا اور مسہری میں گھس کر چھپ کے بیٹھ گیا۔ محل کے خادموں نے اسے باہر نکالنے کی تمام تر کوشش کی مگر وہ اپنی پناہ گاہ سے باہر نہ نکلا۔ شہر بھر کے تجربہ کار اور ماہر سپیروں کو طلب کیا گیا۔ سپیروں کی بین سے اس سانپ پہ یہ اثر ہوا کہ وہ اپنی چھپی ہوئی جگہ کو چھوڑ کر بستر پہ آ بیٹھا اور اپنا پھن لہرانے لگا۔
چونکہ سانپ بہت زہریلا اور خطرناک تھا اس لیے بہت سے سپیروں نے انعام کی خصوصی پیشکش کے باوجود اسے پکڑنے سے انکار کر دیا۔ ایک سپیرے نے ہمت کر کے اس پر ہاتھ ڈالنے کی کوشش کی تو اس نے اسے ڈس لیا۔ سپیرا عین موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔

(جاری ہے)

یہ دیکھ کر سارے سپیرے ڈر گئے اور ایک ایک کر کے محل سے جانے لگے۔ وہ آدمی بہت پریشان ہوا۔ سانپ کی دہشت کی وجہ سے کوئی بھی اس کی مدد کو تیار نہ تھا۔

ایک دانا شخص نے امیر آدمی سے کہا کہ میں ایک نو عمر سپیرے کو جانتا ہوں، آپ مجھ کو اجازت دیں میں اسے بلا لاتا ہوں۔ وہ ضرور یہ کام کر لے گا۔ امیر آدمی نے اجازت دے دی۔ جب وہ نو عمر سپیرا آیا تو سب ہی اس کا مذاق اڑانے لگے کہ جو کام اتنے بڑے نامی گرامی تجربہ کار نہیں کر سکے وہ یہ نوعمر ناتجربہ کار کیسے کر لے گا۔ کچھ نے کہا یہ بھی اپنی جان سے جائے گا۔
مگر نوجوان نے کسی کی پروا نہ کی۔ نوجوان سپیرے نے بین بجانی شروع کی، چند منٹ گزرے کہ سانپ پھن لہراتا مسہری پہ آ بیٹھا۔ نوجوان سپیرا اطمینان سے بین بجاتا ہوا سانپ کے پاس پہنچا اپنی خم شدہ ڈنڈی میں اس مدہوش سانپ کی کنڈلی پھنسائی اور تیزی سے اسے اپنی ٹوکری میں بند کردیا۔ سب لوگ حیران تھے، دانا شخص نے کہا اس سارے معاملے میں رکاوٹ تجربہ کاری ہی تھی۔
تمام ماہر اور تجربہ کار سپیرے اس سانپ کو جانتے تھے اور اس کی دہشت میں مبتلا تھے یہی چیز انہیں اسے پکڑنے سے باز رکھتی تھی، جبکہ اس نوجوان نے ہمیشہ چھوٹے اور بے ضرر سانپ پکڑے، یہ نہیں جانتا تھا کہ سانپ کتنا خطرناک ہے سو اس نے بنا دہشت زدہ ہوئے اس کو بآسانی پکڑ لیا۔ اس کہانی سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہماری منزل کی راہ میں اصل رکاوٹ ہمارا خوف ہوتا ہے، اگر ہم اپنے خوف پہ قابو پا لیں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں اپنی منزل حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی۔

Sanp aor sapera is a social article, and listed in the articles section of the site. It was published on 01 July 2017 and is famous in social category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.

لاہور کے مزید مضامین :